تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     28-04-2020

سرخیاں‘متن اور انجمؔ قریشی کی نظم

رمضان میں ہوشربا مہنگائی سے دن 
میں تارے نظر آ گئے:سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''رمضان میں ہوشربا مہنگائی سے دن میں تارے نظر آ گئے‘‘۔ پہلے تو میں یہ سمجھا کہ میری بینائی ٹھیک ہو گئی ہے اور میں نے خوشی خوشی اختر شماری شروع کر دی‘ ابھی آدھے ہی تارے گنے تھے کہ تعداد بھول گئی اور پھر سے گننا شروع کر دیئے اور کئی بار ایسا ہوا‘ جس پر میں نے اُن پر نشان لگا کر گنتی شروع کی؛ حتیٰ کہ مجھے یاد آیا کہ میں نے آج تقریر تو کی ہی نہیں‘ یہ کس کام میں پڑ گیا ہوں؛ اگرچہ روزانہ کی تقریر بھی کوئی کم فضول کام نہیں ہے ‘کیونکہ اس سے کسی پر اثر تو ہوتا ہی نہیں ہے ‘بلکہ اس پر شدید تنقید شروع ہو چکی ہے اور میں مطمئن ہوں کہ یہ بھی اثر سے کم نہیں‘ کیونکہ تنقید اسی بات پر کی جاتی ہے‘ جو کسی کی سمجھ میں نہیں آتی۔ آپ اگلے روز منصورہ میں گفتگو کر رہے تھے۔
وبا میں نفاق پھیلانے والوں
کو قوم معاف نہیں کریگی: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار نے کہا ہے کہ ''وبا میں نفاق پھیلانے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی‘‘ جبکہ وبا کے علاوہ یہ کام کرنے میں کوئی حرج نہیں اور قوم معاف بھی کر دے گی ‘کیونکہ ہر چیز اپنے مقررہ وقت پر ہی ہونی چاہیے‘ جیسا کہ کام صرف وقت کا ہوتا ہے اور بے وقت کے کام کو ٹکریں مارنا کہا جاتا ہے اور یہ پہلا محاورہ ہے ‘جس کے صحیح ہونے میں کوئی شبہ نہیں‘ ورنہ اکثر محاورے سراسر بے معنی اور غلط ہوتے ہیں‘ جس پر ہم کئی بار کفِ افسوس مل چکے ہیں؛ اگرچہ کفِ افسوس ملنا بھی کوئی زیادہ درست محاورہ نہیں‘ جس سے ذہن میں فوراً کف گیر کا خیال پیدا ہوتا ہے ‘جو صرف دیگ سے چاول وغیرہ نکالنے کے کام آتا ہے اور اس کے علاوہ جس کا قطعاً کوئی مصرف نہیں ہے۔ آپ اگلے روز گوجرانوالہ میں ایک سینیٹری ورکر کی ہلاکت کا نوٹس لے رہے تھے۔
وزیراعظم ‘عام آدمی کا احساس کر رہے ہیں: عبدالعلیم خاں
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خاں نے کہا ہے کہ ''وزیراعظم‘ عام آدمی کا احساس کر رہے ہیں‘‘ جبکہ خاص آدمی اپنا احساس بہت اچھی طرح سے خود کر رہے ہیں اور اب فرنزک رپورٹ کی بھی آمد آمد ہے‘ تاہم اس دوران بھی وہ حتیٰ الامکان اپنا احساس کافی حد تک کرر ہے ہیں ‘کیونکہ ملک جو اس وقت ہمیشہ کی طرح نازک صورت ِحال سے گزر رہا ہے‘ اگر حکومت بھی اس کے مفاد کا خیال نہیں رکھے گی تو اور کون رکھے گا؟ آپ اگلے روز لاہور میں ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
آٹا چینی سیکنڈل میں 100ارب کی چوری پکڑی جا چکی: رانا ثنا
سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ''آٹا چینی سیکنڈل میں 100ارب کی چوری پکڑی جا چکی‘‘ لیکن اس کی وصولی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں‘ کیونکہ اگر حکومت اس قابل ہوتی تو ہمارے قائدین ہی سے کچھ وصولی کر کے دکھا دیتی‘ جو اسے ہضم کر کے لندن میں ڈکار لے رہے ہیں اور حکومت حسرت بھری نظروں سے انہیں دیکھ رہی ہے اور اگر انہیں سزا بھی ہو گئی تو کچھ عرصہ جیل یا حوالات میں رہنے کے بعد وہ بھی دندناتے پھریں گے‘ اس لئے زیاد بغلیں بجانے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ اگلے روز فیصل آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور‘ اب انجمؔ قریشی کے مجموعہ کلام ''دُوجا پاسا‘‘ میں سے یہ نظم:
بارھیں برسیں
بارھیں برسیں کٹھن گیا
تے کھٹ کے لیاندے ہاسے
خوشیاں دے ڈھول وجدے
پئے وجدے چارے پاسے
بارھیں برسیں کٹھن گیا
تے کھٹ کے لیاندیاں ہاواں
ویڑھے چھنکاندی پھراں
میں چوڑے والیاں باہنواں
بارھیں برسیں کھٹن گیا
تے کھٹ کے لیاندے ماہیے
خصماں نوں کھان لوکیں
گج وج کے بھنگڑے پائیے
بارھیں برسیں کھٹن گیا
تے کھٹ کے لیاندا وچھوڑا
لیکھاں تے زور ساڈا
نہ بہتا نہ تھوڑا
بارھیں برسیںکھٹن گیا
تے کھٹ کے لیاندے سیاپے
لمیاں نیندراں ہنڈا
جد تک جیوندے نیں ماپے
بارھیں برسیں کھٹن گیا
تے کھٹ کے لیاندا چانن
چنگیاں دے پُت جیون
جیون تے جوانیاں مانن
آج کا مطلع
سب سمجھتے ہیں کہ جس سے ملتا جلتا رنگ ہے
لاکھ تو کہتا پھرے میرا تو اپنا رنگ ہے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved