تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     12-05-2020

سرخیاں‘متن اور حبیبؔ احمد کی شاعری

ہم نے اگر ماں کو راضی کر لیا تو رب بھی راضی ہو جائیگا: شہباز شریف
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''ہم نے اگر ماں کو راضی کر لیا تو رب بھی راضی ہو جائے گا‘‘ چنانچہ سب سے پہلے ہم نے مادرِ وطن کو راضی کیا ہے اور ایسا راضی کیا ہے کہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا کہ اسے آزردگی کی تمام آلائشوں سے پاک کر دیا ہے اور اگر اقتدار دوبارہ مل جاتا ہے تو اسے مزید بھی راضی کرنے کی کوشش کریں گے اور رب ہم پر اس قدر راضی ہے کہ جائیداد سنبھالنے سے نہیں سنبھلتی‘ وہ ملک کے اندر ہو یا باہر اور جس تیز رفتاری سے ہماری اور ہماری اولادوں کے اثاثوں میں اضافہ ہوا ہے‘ وہ سب مادرِ وطن کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ماؤں کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنا پیغام جاری کر رہے تھے۔
اٹھارہویں ترمیم پاکستان کا آئین ہے ‘جسے ختم نہیں کیا جا سکتا: کائرہ
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر اور مرکزی لیڈر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ''اٹھارہویں ترمیم پاکستان کا آئین ہے ‘جسے ختم نہیں کیا جا سکتا‘‘ اور جس سے ہماری قیادت کو پیٹ بھر کر کھانا نصیب ہوا ہے‘ اور جس سے وفاق کی نکبت وافلاس میں اضافہ ہوا ہے‘ جو اسے اپنے کیے کی سزا ملی ہے‘ کیونکہ اگر صوبے خوش ہیں تو وفاق کو بھی خوش ہونا اور اپنی فاقہ مستی پر قناعت کرنی چاہیے کہ آخر توکل بھی کوئی چیز ہوتی ہے اور یہ سراسر اس کے ایمان کی کمزوری ہے ‘جس پر اسے پہلی فرصت میں قابو پانا چاہیے اور اس طرح اپنی جوانمردی کا ثبوت دینا چاہیے‘ نیز یہ کہ اللہ تبارک و تعالیٰ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ آپ اگلے روز گجرات میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
صحت عامہ کی تباہی کے ذمہ دار عمران خان ہیں: مریم اورنگزیب
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور نواز لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''صحت عامہ کی تباہی کے ذمہ دار عمران خان ہیں‘‘ جبکہ ہمارے دور میں ایک ایک بیڈ پر چار چار پانچ چانچ مریض ہوا کرتے تھے ‘جس سے ان کا دل بھی لگا رہتا تھا اور وہ یا تو جلد صحت یاب ہو جایا کرتے تھے یا رضائے الٰہی سے اللہ کو پیارے ہو جاتے تھے اوریوں دیگر نئے مریضوں کے لیے جگہ خالی کر دیا کرتے تھے‘ لیکن اب انہیں اس دل لگی اور نعمت سے بھی محروم کیا جا رہا ہے اور جس سے سرکاری ہسپتالوں کی فضا ہی خراب ہو کر رہ گئی ہے اور دیگر تمام مسائل اور مصیبتوں کی طرح اس کا ذمہ دار بھی وزیراعظم عمران خان ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
مشکل صورتحال کا سامنا‘ وزیراعظم کا فوکس نچلا طبقہ ہے: علیم خاں
سینئر وزیر پنجاب علیم خان نے کہا ہے کہ ''مشکل صورتحال کا سامنا ہے اور وزیراعظم کا فوکس نچلا طبقہ ہے‘‘ اگرچہ نچلے طبقے کی صورت ِ حال مزید خراب ہوتی جا رہی ہے‘ جس پر وزیراعظم نے اپنا فوکس تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ‘تاکہ کسی اور طبقے پر فوکس کر کے اسے نانی یاد دلا سکیں‘ کیونکہ نانی جیسی بزرگ اور مہربان ہستی کو جس مایوس کن مظاہرے کی نذر کیا جا رہا ہے‘ اس کا سدباب ہونا بے حد ضروری ہے‘ تاکہ نانیوں کو معاشرے میں اچھا مقام و مر تبہ دلایا جا سکے‘ نیز ماؤں کے عالمی دن کے موقعہ پر ہمیں نانیوں‘ یعنی اُن کی ماؤں کا بھی خیال رکھنا چاہیے‘ جس کے بعد دادیوں وغیرہ کی باری ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
کورونا پر حکومتی کارکردگی کو بے نقاب کریں گے: رانا تنویر حسین
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ''ہم کورونا پر حکومتی کارکردگی کو بے نقاب کریں گے‘‘ کیونکہ ہماری تین سالہ کارکردگی تو اپنے آپ ہی بے نقاب ہو چکی ہے‘ بلکہ اس کے نقاب کے چیتھڑے تک اُڑ چکے ہیں‘ جنہیں اکھٹا کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں‘ تاکہ نقاب کی مرمت کر کے اسے دوبارہ قابل استعمال بنایا جا سکے‘ اگرچہ ہماری کورونا کے حوالے سے کارگزاری کسی نقاب کی محتاج بھی نہیں اور جس موضوع پر مسلسل تنقید کر کر کے اپنے نمبر ٹانگ رہے ہیں‘؛اگرچہ کورونا کے مریض اصل صورت ِحال سے پوری طرح واقف ہیں اور ہم سے بھی۔ آپ اگلے روز ایک روزنامہ سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں حبیب ؔاحمد کی شاعری:
رنج کیا‘ ختم اگر سلسلہ میلے کا ہوا
صرف نقصان کہاں مرا اکیلے کا ہوا
عشق کو میں نے گرو اپنا بنایا ہوا تھا
اب بھی پوچھو گے کہ کیا حال ہے چیلے کا ہوا
دوست دشمن میں نہ تفریق رہی ہے ممکن
ذائقہ ایک سا کاند اور کریلے کا ہوا
آنکھ میں خواب کی شاداب ہیں فصلیں کتنی
سیلِ اُمید سے یہ رنگ ہے بیلے کا ہوا
زندگی نے گلی کوچوں میں دھکیلے رکھا
راہ و رفتار یہ قابو کہاں ٹھیلے کا ہوا
خیمۂ جسم کی بنیاد ہی کیا تھی احمدؔ
نام بدنام یونہی درد کے ریلے کا ہوا
آج کا مطلع
یہ شہر چھوڑ دے کہ شرافت اسی میں ہے
رسوائے شہر‘ اب تری عزت اسی میں ہے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved