تحریر : محمد اظہارالحق تاریخ اشاعت     19-05-2020

’’جب ہسپانیہ پر ہماری حکومت تھی‘‘

حمزہ یوسف 1958ء میں واشنگٹن میں پیدا ہوا۔ شروع میں وہ ایک باعمل آرتھوڈکس عیسائی تھا۔ قرآن پاک کے مطالعہ کے بعد مسلمان ہو گیا۔ چار برس العین (متحدہ عرب امارات) میں شریعہ کی تعلیم حاصل کی۔ عربی میں مہارت حاصل کی۔ تجوید سیکھی۔ عربی شاعری‘ منطق‘ فقہ اور دیگر عوام کی تحصیل کی۔ الجزائر‘ مراکش اور ماریطانیہ میں بھی علما سے استفادہ کیا۔1996ء میں اس نے برکلے (کیلی فورنیا) میں زیتونہ کالج قائم کیا۔ اس میں اسلامی اور عصری علوم کی تعلیم دی جاتی ہے۔ متعلقہ امریکی اداروں نے اسے باقاعدہ منظور کیا ہوا ہے۔روزنامہ گارڈین نے حمزہ یوسف کو ''مغرب کا بااثر ترین اسلامی سکالر‘‘ قرار دیا ہے۔ 
یہ تعارف ایک ضمنی مسئلہ تھا۔ اصل میں جو بات ہم کرنا چاہتے ہیں وہ حمزہ یوسف کا ایک خاص نظریہ ہے۔ اس کے نزدیک آج کل جس اسلام کا زور ہے وہ جذباتی (ایموشنل) اسلام ہے۔ حمزہ نے جذباتی ا سلام کو ایک باقاعدہ اصطلاح کی شکل میں استعمال کیا ہے۔ اس کی تشریح کرتے ہوئے وہ کہتا ہے کہ وہ جو سنجیدہ اسلامی علم و فضل تھا وہ رخصت ہو چکا۔ اسلام کی حقانیت ثابت کرنے والے فلسفی‘ متکلمین اور سکالرخال خال نظر آتے ہیں‘ بلکہ نہ ہونے کے برابر!!حمزہ یوسف کے اس نظریے پر تنقید بھی بہت ہوئی۔ اسلامی علوم کے ماہرین نے اس پر کئی مضامین تحریر کئے۔ یہ ہمارا موضوع نہیں۔ نہ ہی کالم کی تنگ نائے اس ادق تفصیل کی متحمل ہو سکتی ہے۔ ہم صرف یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ''جذباتی اسلام‘‘ والا نظریہ اور کہیں ثابت ہو نہ ہو‘ پاکستان پر ضرور صادق آ رہا ہے۔ ترکی ڈرامہ اور تغرل اس کی ایک واضح مثال ہے۔یہاں یہ وضاحت از حد ضروری ہے کہ ہم اُس گروہ کے حامی قطعاً نہیں جو یہ ڈرامہ دکھانے کے خلاف واویلا کر رہا ہے۔ مقامی اور ''دساور‘‘ کے ہیرو کا بھی کوئی مسئلہ نہیں۔ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہماری تاریخ کے جو ہیرو ہیں‘ ان پر ڈرامے بننے چاہیں۔ بالکل بننے چاہیں۔ ضرور بنائیے! کسی نے نہیں روکا۔ بطور مسلمان‘ مسلمان ملکوں کی تاریخ سے شناسائی ضرور ہونی چاہئے اس سے قطع نظر‘ اس میں انسانی پہلو بھی در آتا ہے۔ پورے کرئہ ارض کی تاریخ‘ ہماری اپنی تاریخ ہے۔ مسلمان ہونے کے علاوہ ہم انسان بھی ہیں۔ انسانی تاریخ‘ جہاں بھی ہو‘ جس عہد کی بھی ہو‘ ہماری اپنی تاریخ ہے۔ یہ انسانیت کی مشترکہ میراث ہے!
مگر ہم ڈرامے کو صرف ڈرامہ نہیں رہنے دیتے۔ ہم تاریخ کو صرف تاریخ کے طور پر نہیں دیکھتے۔ اس کی مٹی میں ہم جذبات کو گوندھتے ہیں اور پھر اسے اپنے اوپر سوار کر لیتے ہیں۔ جذباتیت کا یہ عالم ہے کہ ڈرامے کی ہیروئن کو اصلی رنگ ڈھنگ میں دیکھا تو ہم پر قیامت گزر گئی‘ ہم اس ڈرامے کو آج کی زندگی میں متشکل دیکھنا چاہتے ہیں وہ بھی دوسروں کی مدد سے۔ خود ہم آج کے دور میں جینا چاہتے ہیں مگرساتھ ساتھ تڑپ رہے ہیں کہ ڈرامے کی ہیروئن سینکڑوں سال پہلے کا طرزِ زندگی اپنائے۔تحریکِ خلافت ہماری جذباتیت کی ہی مثال تھی۔ یہ صرف قائداعظم تھے جو بھانپ گئے کہ گاندھی مسلمانوں کو جذباتی کر کے اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتا ہے طوفان بن کر سامنے آنے والی جذباتیت کے سامنے اپنا منطقی موقف پیش کرنے کیلئے بہت زیادہ جرأت چاہیے اور یہ جرأت صرف قائداعظم میں تھی۔ ان کی نگاہِ دُوربیں اس تحریک کا انجام دیکھ رہی تھی۔ جذباتیت کی ایک اور مثال کہ مسلمانوں کو ہجرت کرنے کیلئے آمادہ کیا گیا۔ ہزاروں نے افغانستان ہجرت کی جہاں ان کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ قابلِ رشک نہ تھا۔ کئی تو لُوٹ لئے گئے۔ارتغرل دیکھنے والے پاکستانی اسلامی نشاۃ ثانیہ کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ ایک نظر ذرا خوابوں کی دنیا سے ہٹ کر زمینی حقائق پر بھی ڈال لیتے ہیں۔عالمِ اسلام کے مقبول و مشہور رہنما طیب اردگان عملی طور پر 2003ئسے تاحال ترکی کے حکمران ہیں۔ 2003ء سے 2014ء تک اردگان وزیراعظم رہے۔ اس کے بعد سے وہ صدر کے منصب پر فائز ہیں۔ اس عرصہ میں انہوں نے اسرائیل کے خلاف کئی سٹینڈ لئے۔ فلوٹِلا والا واقعہ پیش آیا۔ پھر یروشلم کو اسرائیل نے دارالحکومت قرار دے دیا۔ ترکی نے شدید احتجاج کیا مگر اس سارے عرصہ میں ترکی اور اسرائیل کے تجارتی اور سیاحتی روابط نہ صرف قائم رہے بلکہ بڑھتے رہے۔ ترکی ایئر لائن‘ اسرائیل کی اپنی ایئر لائن کے بعد‘ اسرائیل میں دوسری مقبول ترین ایئر لائن ہے۔ 2017ء میں ترکش ایئر لائن نے اسرائیل کے بن گوریاں تل ابیب ایئر پورٹ سے دس لاکھ سے زیادہ مسافر اٹھائے۔ 2019ء میں اسرائیل آنے اور جانے کیلئے ترکش ایئر لائن کی روزانہ کی دس پروازیں کام کرتی رہیں۔ آج بھی جہاز آ جا رہے ہیں۔2019ء میں اسرائیل نے بحیرئہ روم کے ساحلی علاقے میں گیس کے بھاری ذخائر دریافت کئے۔ یہ اسرائیل کے اپنے علاقہ میں ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ ذخائر ڈیڑھ سو برس کیلئے کافی ہوں گے۔ اسرائیل اس گیس کو یورپ لے جانا چاہتا ہے۔ وہ بڑی آسانی سے قبرص اور یونان والا راستہ اختیار کر سکتا تھا مگر اس کیلئے اسرائیل اور ترکی مل کر پائپ لائن کو ترکی سے گزارنے کیلئے مصروف عمل ہیں۔ ترکی کی برآمدات جو اردن جاتی تھیں‘ پہلے شام کے راستے جاتی تھیں مگر جب سے شام میں خانہ جنگی شروع ہوئی‘ ترکی اس مقصد کیلئے اسرائیل کے حیفہ کے ہوائی اڈے کو استعمال کر رہا ہے۔اسرائیل کے ساتھ ترکی کے تجارتی تعلقات بھرپور ہیں اور روز افزوں ہیں‘ ترکی اسرائیل کو آٹو موبیلز‘ آئرن‘ سٹیل‘ برقی آلات اور پلاسٹک کی مصنوعات برآمد کرتا ہے اور وہاں سے تیل درآمد کرتا ہے۔ 2018ئ میں اسرائیل کو برآمدات تقریباً چار ارب ڈالرز کی تھیں۔ تازہ ترین اعداد و شمار بھی دیکھ لیجئے فروری 2020ء میں‘ یعنی سال رواں میں اسرائیل کو برآمدات 375.65ملین ڈالر کی تھیں یعنی ساڑھے سینتیس کروڑ ڈالر کی!! مارچ 2020ئ میں برآمدات کی مالیت بڑھ کر 389.46ڈالر ہو گئی یعنی چالیس کروڑ ڈالر سے ذرا سی کم!!2010ء میں اسرائیل میں وسیع پیمانے پر آگ لگی۔ اسے ماؤنٹ کارمل فائر کہتے ہیں۔ ترکی مدد بھیجنے والا پہلا ملک تھا۔ اس نے آگ بجھانے والے دو ہوائی جہاز بھیجے۔2011ء میں ترکی میں زلزلہ آیا تو اسرائیل نے بے گھر ترکوں کو ریسکیو کیا اور تیار شدہ مکانوں کی پیش کش کی!
ہمارا مشہور قومی نغمہ ہے۔ ہم زندہ قوم ہیں۔ پائندہ قوم ہیں۔ مگر سچ یہ ہے کہ ہم حقیقت سے زیادہ جذبات میں زندہ رہتے ہیں۔ ہم نے یاسر عرفات کو ہیرو بنائے رکھا۔ اس نے زندگی بھر کشمیر کے حق میں کوئی بات نہ کی۔ کئی عرب ملکوں کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم ہیں۔ کچھ کے خفیہ کچھ کے علی الاعلان! ہم ایران کیلئے جذباتی ہیں۔ ایران اپنے مفادات کی خاطر بھارت سے قریبی تعلقات میں یقین رکھتا ہے۔ چاہ بہار بندرگاہ میں بھارتی سرمایہ کاری ایک حقیقت ہے۔ یہی صورت احوال یو اے ای کی ہے۔ اس کے بھارت کے ساتھ جو ثقافتی اور اقتصادی تعلقات ہیں پاکستان ان کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ دبئی میں ہر تیسرا باشندہ بھارتی ہے۔ یعنی تیس فی صد سے زیادہ!اس میں کیا شک ہے کہ مسلمانوں کا ماضی بہت حد تک مشترکہ تھا مگر آج کے حقائق مختلف ہیں۔ پانچ کروڑ سے زیادہ تارکین وطن مسلمان ملکوں سے نکل کر غیر مسلم ترقی یافتہ ملکوں میں آباد ہو گئے ہیں جہاں انہیں مذہبی‘ ثقافتی اور معاشی آزادیاں اپنے آبائی ملکوں سے کہیں زیادہ حاصل ہیں۔ آج مسلمان امریکہ‘ آسٹریلیا‘ کینیڈا‘ برطانیہ اور کئی اور غیر مسلم ملکوں کی مسلح افواج میں افسر ہیں اور سپاہی بھی۔ وہ اپنی ہائی کمانڈ کے تابع فرمان ہیں۔ جذبات ان کے مسلم دنیا کے ساتھ ہیں‘ مگر عملی زندگی میں اپنے پیشے اپنی فوج اور اپنے نئے وطن کے ساتھ پُرعزم ہیں۔
ڈرامے ہمیں ضرور دیکھنے چاہیں‘ مگر یہ ذہن نشین رہے کہ حقیقی زندگی کچھ اور ہوتی ہے۔ صدیوں پہلے کی معاشرت واپس آ سکتی ہے‘ نہ عسکری سیٹ اپ! اور ہاں! یہ واقعہ بھی یاد رکھا کیجئے۔ امریکہ میں کچھ عرب اور پاکستانی بیٹھ کر گپ شپ کر رہے تھے۔ تاریخ پر بات ہو رہی تھی۔ پاکستانی نے کہا ''جب ہسپانیہ پر ہماری حکومت تھی‘‘ عرب نے فوراً اسے ٹوکا۔ ''تمہاری نہیں ہم عربوں کی حکومت تھی!‘‘

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved