تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     07-10-2020

سرخیاں، متن اور انجم قریشی کی شاعری

پی پی ملک میں حقیقی جمہوریت چاہتی ہے: اخونزادہ چٹان 
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اخونزادہ چٹان نے کہا ہے کہ ''پیپلز پارٹی ملک میں حقیقی جمہوریت چاہتی ہے‘‘ تا کہ عوام ترقی کریں جیسا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ترقی کی ہے اور چونکہ ہاتھی کے پائوں میں سب کا پائوں ہوتا ہے اس لیے پارٹی لیڈران کی ترقی عوام ہی کی ترقی ہے اور اگر اس میں مزید اضافہ ہوتا ہے تو اس کا مطلب صرف یہ ہو گا کہ عوام کو مزید ترقی نصیب ہوئی ہے جبکہ اس کے علاوہ دیگر متعدد معززین نے بھی تسلی بخش طور پر ترقی کی ہے اور اس ترقی کا کوئی حساب کتاب بھی نہیں ہے کیونکہ ترقیوں کا کوئی حساب نہیں رکھا جاتا کہ اس کے لیے احتسابی ادارے جو موجود ہیں۔ آپ اگلے روز دوسری جماعتوں کے رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
شہباز شریف کرپشن کیس میں ریمانڈ
پر ہیں‘ چھٹی پر نہیں: شہزاد اکبر
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ''شہباز شریف کرپشن کیس میں ریمانڈ پر ہیں‘ چھٹی پر نہیں‘‘ جبکہ دوسرے خواتین و حضرات کی باری بھی آنے والی ہے جس کی حتمی تاریخ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ہی بتا سکتے ہیں بلکہ اس سے پہلے تو یہ خواتین و حضرات بغاوت کا مقدمہ بھگتیں گے؛ اگرچہ وزیراعظم نے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے اور ویسے بھی غداری یا بغاوت کا مقدمہ حکومت کی طرف سے دائر کیا جاتا ہے؛ تاہم تحریک شروع ہونے سے پہلے ایسا کرنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ تحریک خود بے یقینی میں مبتلا ہے اور کوئی پتا نہیں کہ تحریک کے چیئرمین خود ہی جواب دے جائیں جبکہ دور اندیشی کا تقاضا بھی یہی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
مریم نواز واحد سیاستدان جنہوں نے 
عورت کارڈ نہیں کھیلا: مریم اورنگزیب
نواز لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''مریم نواز واحد سیاستدان جنہوں نے عورت کارڈ نہیں کھیلا‘‘ کیونکہ وہ سارا کچھ مردانہ وار کر رہی ہیں اور اب چچا جان کے اندر ہونے کے بعد وہ مزید بہادر ہو گئی ہیں اور کچھ پتا نہیں کہ وہ کہاں جا کر دم لیں گی کیونکہ جس طرح ان کے راستے کی رکاوٹیں دور ہو رہی ہیں‘ امید ہے کہ دوسری رکاوٹیں بھی اسی طرح دور ہوتی جائیں گی بشرطیکہ وہ بھی سرکاری مہمان نہ بن جائیں؛ تاہم وہ مقدمات کے حوالے سے زیادہ پریشان نہیں کیونکہ پیشی کے موقع پر کارکنوں کا رونق میلہ مفت میں دیکھنے کو مل جاتا ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھیں۔
غداری کا مقدمہ درج کرانے والے کا 
پی ٹی آئی سے تعلق نہیں: صداقت عباسی
تحریک انصاف کے رہنما اور ایم این اے صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ ''غداری کا مقدمہ درج کرانے والے کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں‘‘ البتہ اس نے پی ٹی آئی کے جذبات کی ترجمانی ضرور کر دی ہے جو کہ نہایت اچھی بات ہے، کیونکہ بھائی چارے کا تقاضا یہی ہے کہ ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھا جائے کیونکہ دنیا چند روزہ ہے اور مخلوق کے ساتھ کیا گیا بھلا ہی آدمی کے آگے کام آئے گا، اس لیے ضروری ہے کہ دنیا کے ساتھ ساتھ اگلے جہان کا بھی خیال رکھا جائے۔ آپ اگلے روز کراچی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک تھے۔
اداروں کے خلاف ہونے والی ہر سازش
کا مقابلہ کیا جائے گا: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''اداروں کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا مقابلہ کیا جائے گا‘‘ اگرچہ ادارے خود بھی اپنے خلاف ہونے والی سازش کا مقابلہ کر سکتے ہیں کیونکہ ہم تو اپنے مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں اور جوں جوں نکلنے کی کوشش کرتے ہیں اس میں مزید دھنستے جاتے ہیں اس لیے اب اپنے مسائل کی دلدل سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے اور فارغ وقت میں اداروں کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرنے کا مصمم ارادہ کر لیا ہے کیونکہ آدمی کو کچھ تو کرنا ہی چاہیے، اب ہم میدان میں اتر چکے ہیں لہٰذا اداروں کو فکر مند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ سے ملاقات کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں انجم قریشی کی پنجابی شاعری:
اِکو ای گل اے...
جیویں ہُنیں مینہ کھلووتا ہووے
اسمان تے تارے چونے ہو گئے ہون
چن دی چاننی دونی ہو گئی ہووے
پھلاں نوں نویکلے رنگاں وچ کھڑن دا چاء ہووے
سنگاں نوں اچن چائے چاء ہوون
میں بھوریاں چ ڈُب مری ہوواں
میں مکٹ پائی بیٹھی ہوواں
کواریاں ککلی پا رہیاں ہون
پریٹھا ونڈیا جا رہیا ہووے
کالی گھگری گوٹا لوا دتا ہووے
دن اُتے ہون تے مینوں گھبرانہ پیندا ہووے
جیویں میں ویا ہی گئی ہوواں
اِکو ای گل اے...
تاں جے گل ٹردی رہو
کجھ اوکھے پینڈیاں دے اخیرتے سُکھ ڈھیر ہوندا اے
ایس لئی اوہ کر لینے چاہیدے نیں
کجھ سوکھے پینڈیاں دے اخیر تے گھپ انھیرا ہوندا اے
ایس لئی اوہ چھڈ دینے چاہیدے نیں
کجھ گلاں سنن والے نوں چنگیاں لگدیاں نیں
ایسی لئی اوہ کیہہ دینیاں چاہیدیاں نیں
کجھ گلاں کہن والے نوں اندرون کٹ رہیاں ہوندیاں نیں
ایس لئی اوہ سُن لینیاں چاہیدیاں نیں
آج کا مطلع
بھلے ہی دل کو لاچاری بہت ہے
ترے ہونے کی سرشاری بہت ہے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved