تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     28-12-2020

سرخیاں، متن‘ شمس الرحمن فاروقی اور ادریس بابر

لوگ جانتے ہیں، عمران خان جا رہے
نواز شریف آ رہے ہیں: مریم نواز
مستقل نا اہل اور سزا یافتہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''لوگ جانتے ہیں، عمران خان جا رہے، نواز شریف آ رہے ہیں‘‘ کیونکہ برطانوی حکومت تسلیاں دینے کے باوجود انتہائی دھوکے بازی سے کام لیتے ہوئے انہیں ڈی پورٹ کر دے گی اور وہ نہایت تزک و احتشام سے ایک ہیرو کی صورت میں واپس آئیں گے اور چچا جان ایک بار پھر انہیں ایئر پورٹ پر خوش آمدید کہنے سے محروم رہیں گے بلکہ جیل میں ہی ان کا شایانِ شان استقبال کریں گے اور وہ ایک بار پھر اپنے لوگوں کے درمیان ہوں گے کیونکہ ان کے اپنے بھی زیادہ تر وہیں ہوں گے۔ آپ اگلے روز سکھر میں کنونشن سے خطاب کر رہی تھیں۔
4 استعفوں پر ہی اپوزیشن کی ہوا نکل گئی: فیصل واوڈا
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ''4 استعفوں پر ہی اپوزیشن کی ہوا نکل گئی‘‘ کیونکہ ان میں ہوا بھری ہی تھوڑی گئی تھی جبکہ ہماری ہوا اس قدر زبردست ہے کہ فٹ بال بھی کھیلنے کے کام آ سکتے ہیں اور یہ ہوا اس وقت تک نہیں نکل سکتی جب تک کہ پنکچر نہ ہو جائیں جس کی اپوزیشن بھرپور کوشش کر رہی ہے اور اسی لیے ہمارے راستے میں کانٹے بچھا رہی ہے لیکن ہم ان کانٹوں کو خاطر میں لانے والے نہیں جبکہ اپوزیشن کو اس کے بجائے کوئی اور بندوبست کرنے کی فکر کرنا ہو گی تا کہ کوئی مثبت نتیجہ برآمد ہو سکے۔ آپ اگلے روز کراچی سے ٹویٹ کے ذریعے اظہار خیال کر رہے تھے۔
حکومت کا مستقبل تاریک‘ پی ڈی ایم
میں کوئی دراڑ نہیں: سردار اختر مینگل
سربراہ بی این پی (مینگل) سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ ''حکومت کا مستقبل تاریک، پی ڈی ایم میں کوئی دراڑ نہیں‘‘ اور جہاں تک پی ڈی ایم کا تعلق ہے تو چونکہ اس کا کوئی مستقبل ہے ہی نہیں‘ اس لیے کیا کہا جا سکتا ہے کہ یہ روشن ہے یا تاریک؛ تاہم، پی ڈی ایم میں چونکہ استعفوں پر کوئی اتفاقِ رائے موجود ہے نہ ضمنی و سینیٹ انتخابات پر‘ تو وجہ یہ ہے کہ یہی جمہوریت کا حسن ہے جبکہ کچھ ایسی ہی جمہوریت کا مظاہرہ اگلے روز اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اپنے دیرینہ ساتھیوں کو اختلافِ رائے کی بنیاد پر پارٹی سے نکال کر کیا ہے۔ آپ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
مریم نواز کو مسئلہ ہے کہ پاکستان بہتری
کی طرف جا رہا ہے: خرم شیر زمان
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ''مریم نواز کو مسئلہ ہے کہ پاکستان بہتری کی طرف جا رہا ہے‘‘ اور مساوات کی اس سے بڑی مثال اور کیا ہو سکتی ہے کہ مرغی کے کلو گوشت کی قیمت بھی وہی ہے جو ایک درجن انڈوں کی ہے بلکہ اس کے علاوہ دیگر اشیائے صرف کی قیمتوں میں بھی بہتری آئی ہے اور وہ آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ یہاں آج تک کسی کو آسمان سے باتیں کرنے کی ہمت اور توفیق نہیں ہوئی بلکہ لوگوں میں تو زمین سے باتیں کرنے کی بھی سکت موجود نہیں ہے جبکہ عجز و انکسار کی اس سے بہتر مثال اور کوئی نہیں ہو سکتی۔ آپ اگلے روز انصاف ہائوس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
عمران خان کو استعفیٰ دینا اور حکومت کو گھر جانا ہو گا: احسن اقبال
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور نواز لیگ کے مرکزی رہنما چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''عمران خان کو استعفیٰ دینا اور حکومت کو گھر جانا ہو گا‘‘ اور یہ ہمارا ہی حوصلہ ہے کہ ہمیں علم ہے کہ وزیراعظم کے استعفے اور حکومت کے جانے کا دور دور تک کوئی امکان نہیں لیکن ہم پوری مستقل مزاجی کے ساتھ یہی ایک رٹ لگائے ہوئے ہیں اور ذرا بھی برا محسوس نہیں کرتے کیونکہ اگر ہم نے یہ محسوس کرنا ہوتا تو یہ کام شروع میں نہ کر لیتے، اوپر سے نواز شریف کے بیانیے نے ہمیں کمبل کی طرح دبوچا ہوا ہے جس سے ہم جان چھڑانا بھی چاہیں تو کمبل ہمیں نہیں چھوڑتا۔ اور اب یہ اپنے منطقی انجام کی طرف تیزی سے رواں دواں ہے۔ آپ اگلے روز نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کر رہے تھے۔
شمس الرحمن فاروقی کے لیے ادریس بابر کا عشرا اور نظم
خوب جم کے مچایا میرؔ کا شور
خواہ مخواہ پھر جوان و پیر کا شور
اردو کی ابتدا پہ شب خون مارے
ناقدروں کے تو منہ پہ مضمون مارے
درد کو دھویا‘ داغ چمکائے
کیسا جن تھا چراغ چمکائے
گئے ٹاپک نئے ہویدا کیے
بونے ہوئے نہونے پیدا کیے
نیم فرمائشی فلیپ لکھے
ڈبل استاد پڑھنے ڈال دیے
کتبہ
یہ رواں رواں لہو کا راستا
بادلے کے بیدل نخواستہ
کہیں نہ کہیں یہ کھٹک ہی جائے گا
اور حیاتِ خواب سے بھرا یہ جام
ایک رات، ایک صبح، ایک شام
کبھی نا کبھی چھلک ہی جائے گا
اور تم بھی کہتے پائے جائو گے
نہیں نہیں، کبھی نہیں، ابھی نہیں
یہ میں ہوں کائنات سے بھرا ہوا
میں کوئی عام خاص آدمی نہیں
دُور تک ہیں میری کرچیاں پڑی ہوئیں
ان کو تو بچا ہی لوں گا میں
ایک دو بچا ہی لوں گا میں
دھوپ پر جو چھائوں ہے پڑی ہوئی
کیا تم ان میں رہتے پائے جائو گے
آج کا مطلع
دل کا دشت عرصۂ محشر لگا مجھے
میں کیا بلا ہوں رات بہت ڈر لگا مجھے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved