پی ڈی ایم کا شو اور کاز ناکام ہو گئے: حافظ حسین احمد
جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ''پی ڈی ایم کا شو اور کاز ناکام ہو گئے‘‘ بلکہ اس کے جواب میں پیپلز پارٹی اور اے این پی‘ پی ڈی ایم کے عہدوں سے مستعفی ہو گئے کیونکہ بلاول بھٹو نے شوکاز نوٹس کو پھاڑ کر پرزے پرزے کر دیا تھا اور ساتھ ہی پی ڈی ایم کے بھی ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے چنانچہ اب پی ڈی ایم سربراہ ان پارٹیوں سے معذرت کا مطالبہ کر رہے ہیں اور وہ ان سے مستعفی ہونے کا، کیونکہ اگر پی ڈی ایم وزیر اعظم کو مستعفی ہونے پر مجبور نہیں کر سکی تو وہ خود مستعفی ہو کر اس کی تلافی کر سکتے ہیں جو وہ کبھی نہیں کریں گے کیونکہ کوئی بھی انسان اپنے رزق پر لات نہیں مار سکتا۔ آپ اگلے روز کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں اور مختلف وفود سے ملاقات کر رہے تھے۔
مریم نواز نالائقوں سے نجات دلا
کر کہیں جائیں گی : عظمیٰ بخاری
نواز لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ''مریم نواز نالائقوں سے نجات دلا کر کہیں جائیں گی ‘‘ اگرچہ لندن جا کر یہ کام زیادہ دلجمعی اور کامیابی سے کر سکتی ہیں کیونکہ ان کے والد صاحب بھی وہیں سے اپنے فرمودات جاری کرتے رہتے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ حکومت انہیں لندن جانے کی اجازت نہیں دے گی حالانکہ وہ ان کی غیر موجودگی میں زیادہ یکسوئی سے کام کر سکتی ہے جبکہ ویسے بھی ضمانت کے بعد شہباز شریف سارا کام خود سنبھالنے والے ہیں اور ان کیلئے یہاں پر کرنے کا کوئی کام نہیں رہ جائے گا کیونکہ وہ اپنا بیانیہ رائج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں بشرطیکہ وہ اس دوران مزید سرخرو نہ ہو گئے تو۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
لوگ احتساب کرنے والوں کو
دھمکیاں دے رہے : شہزاد اکبر
وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ امور و احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ''کچھ لوگ احتساب کرنے والوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں‘‘ اور یہ دھمکیاں براہِ راست حکومت کو مل رہی ہیں، کیونکہ لوگوں کا کہنا ہے کہ احتساب بھی ایک طرح سے حکومت ہی کر رہی ہے کیونکہ اس کے پاس کرنے کو کوئی اور کام ہی نہیں، اگرچہ یہ بھی اس کے کرنے کا کام نہیں ، لیکن جیسا کہ کسی شاعر نے کہہ رکھا ہے کہ ؎
بیکار مباش کچھ کیا کر/ کپڑے ہی ادھیڑ کر سیا کر
لیکن حکومت ایک طرف یہ کپڑے سیتی ہے تو دوسری طرف یہ دوبارہ ادھڑنے لگتے ہیں۔ آپ اگلے روز مریم نواز کے بیان پر اپنا رد عمل ظاہر کر رہے تھے۔
نالائق حکمرانوں سے مہنگائی ہی کنٹرول نہیں ہو رہی: پرویز ملک
پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک نے کہا ہے کہ ''نالائق حکمرانوں سے مہنگائی ہی کنٹرول نہیں ہو رہی‘‘ اس لیے کہ یہ ہماری حکومت کی ایسی مستقل اور پائیدار نشانیوں میں شامل ہے کہ اس پر کنٹرول حاصل کرنا کارِ آسان نہیں ہے، کیونکہ قرضے کسی اور مقصد کے لیے حاصل کیے جاتے تھے اور استعمال کسی اور مقصد میں کیے جاتے تھے اور مہنگائی کو ہم نے ٹھیک ٹھاک ذاتی قسم کے طریقے سے روکا ہوا تھا اور جو ہمارے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ادنیٰ کوششوں کا نتیجہ تھا حتیٰ کہ اگر اب بھی ان کی خدمات حاصل کر لی جائیں تو مہنگائی کے جن کو دوبارہ بوتل میں بند کیا جا سکتا ہے ۔ آزمائش شرط ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور، اب آخر میں یہ تازہ غزل:
رنجور بھی کبھی نہیں تھے ہم
مجبور بھی کبھی نہیں تھے ہم
ردّ بھی نہیں کیا گیا ہم کو
منظور بھی کبھی نہیں تھے ہم
رستا بھی نکل نہیں رہا تھا
محصور بھی کبھی نہیں تھے ہم
نازاں بھی غلامی پر تھے اس کی
مغرور بھی کبھی نہیں تھے ہم
شہرت بھی بہت ملی تھی لیکن
مشہور بھی کبھی نہیں تھے ہم
رہتا تھا ذکر جا بجا اپنا
مذکور بھی کبھی نہیں تھے ہم
آنے دیا پاس بھی نہیں اُس نے
اور، دُور بھی کبھی نہیں تھے ہم
احساں بھی اٹھا رکھا تھا اُس کا
مشکور بھی کبھی نہیں تھے ہم
بھاگے بھی، ظفرؔ ہوئے تھے گھر سے
مفرور بھی کبھی نہیں تھے ہم
آج کا مقطع
میں روز اپنے کناروں سے دیکھتا ہوں، ظفرؔ
کہاں سے دور ہے دنیا، کہاں سے دور نہیں