تحریر : مفتی منیب الرحمٰن تاریخ اشاعت     27-05-2021

زبان وبیان…(حصہ اول)

تحریک لبیک پاکستان کے خلاف حکومتی اعلان کے حوالے سے انگریزی پریس نے OutLawed، Banned اور Defunct کے الفاظ استعمال کیے ہیں، ان کے معنیٰ بالترتیب: ''غیر قانونی قرار دینا، ممنوع قرار دینا اورعملی کردار سے روک دینا‘‘ ہیں۔ اس کا ترجمہ ''کالعدم‘‘ کیا جاتا ہے لیکن اکثر لوگ اس کا تلفظ ''کال عدم‘‘ کرتے ہیں‘ جو غلط ہے۔ دراصل یہ عربی لفظ ہے اس میں کاف کے بعد ''الف‘‘ لکھا جاتا ہے لیکن تلفُّظ میں ''الف‘‘ گِر جاتا ہے‘ اس کا تلفظ :''کَلْعَدَم ‘‘ ہے۔ اردو محاورے میں کالعدم کا مفہوم ہے: ''ہر چند کہیں کہ ہے‘ نہیں ہے ‘‘۔ Defunct کے معنی ہیں: ''غیر فعّال ہونا‘‘۔ کالعدم سے ملتا جلتا عربی لفظ ''بِالْکُلِیّہ‘‘ ہے، اس کے معنی ہیں: ''تمام کا تمام یا پورے کا پورا‘‘، اُردو میں اسے ''یقینا‘‘ کے معنی میں ''بِالکُل‘‘ بولا جاتا ہے، بعض انگلش میڈیم صحافی غلط طور پر اسے ''بِلکُل‘‘ لکھتے اور بولتے ہیں، نئی نسل اور نوجوانوں کو اس حوالے سے معذور سمجھا جائے گا، کیونکہ اب اردو زبان کا مضمون محض رسمی طور پر پڑھایا جاتا ہے۔
Fact اور Material: سپریم کورٹ کے فل بنچ کے سامنے اسی عدالت کے ایک معزز جج صاحب کے خلاف نظر ثانی کا مقدمہ چل رہا تھا، اس میں ایف بی آر کی رپورٹ کا حوالہ آیا جو سپریم کورٹ کے حکم یا ہدایت پر مرتّب کی گئی ہے، اس کا قانونی پہلو اس وقت ہمارا موضوع بحث نہیں ہے۔ اس کی بابت درخواست گزاراور بار کے وکیل جناب حامد خان کا موقف تھا: ''جب صدارتی ریفرنس اصلاً ردّ کر دیا گیا، تو اس کے ضمن میں ایف بی آر کی رپورٹ بھی بے اثراورساقِطُ الاعتبار ہو گئی، لہٰذا اس پر بحث بیکار ہے، کیونکہ یہ نظر ثانی کا کیس ہے ، تفتیش اور حقائق جاننے کا نہیں ہے‘‘۔ نظرِ ثانی کیس میں سابق فیصلے کے اندر کسی ممکنہ غلطی کی نشاندہی کر کے اس کے ازالے کی درخواست کی جاتی ہے، نظرِ ثانی کیس میں نئے حقائق یا وہ اُمور جو اصل فیصلے کے بعد منظر پر آئے ہوں‘ زیرِ بحث نہیں لائے جاسکتے، اس کی گنجائش ٹرائل کورٹ میں ہوتی ہے، اپیلٹ کورٹ میں نہیں۔ لہٰذا اصل فیصلے میں ہی ایف بی آر کو تحقیقات کا حکم یا ہدایت دینا غلط تھا، سو جب یہ حکم ہی غلط ہے تو اس کی روشنی میں تیار کی گئی رپورٹ کو سپریم جوڈیشل کونسل کورٹ میں زیرِ غور نہیں لایا جا سکتا، نظرِثانی پٹیشن میں چار کے مقابلے میں چھ کے اکثریتی فیصلے میں رپورٹ کو ساقطُ الاعتبار قرار دیا کہ یہ سپریم جوڈیشل کونسل میں زیرِ بحث نہیں لائی جاسکتی۔ عدالتی کارروائی کے دوران کہا گیا ''جب رپورٹ آ ہی گئی ہے تویہ ایک Fact ہے اور حقائق (Facts) معدوم نہیں ہوتے‘‘، پھر اس سے تنزُّل کر کے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا: ''Material تو موجود ہے اور یہ معدوم نہیں ہوگا، لہٰذا سپریم جوڈیشل کونسل اسے زیر غور لا سکتی ہے‘‘۔ ہم عدالتی کارروائی یا فیصلے پرکوئی ماہرانہ بحث نہیں کر رہے بلکہ زبان و بیان کی حد تک اس پر گفتگو کر رہے ہیں۔ میری رائے میں Fact اس ثابت شدہ حقیقت کو کہتے ہیں ،جو تمام قانونی مراحل طے کرتے ہوئے عدالتی تنقیح و تحقیق کے بعد ثابت ہو جائے جبکہ ایف بی آر کی رپورٹ ابھی ان مراحل سے گزری ہی نہیں تھی لہٰذا اس پر Fact کا اطلاق معنوی اعتبار سے درست نہیں تھا۔
Materialکے معنی ہیں: ''موادّ‘‘، یہ مادّہ کی جمع ہے اور مادّہ کسی چیز کے ''جوہرِ اساسی‘‘ کو کہتے ہیں جس سے وہ چیز تشکیل پاتی ہے۔ کافی عرصے سے بعض'' اُدَباء‘‘ اوراہلِ علم نے''موادّ‘‘ کا ترجمہ ''لوازمہ‘‘ کرنا شروع کر رکھا ہے اور ''لوازمہ‘‘ کے معنی ہیں: ''ضروری چیزیں اور سامان، (قائد اللّغات)‘‘۔ شاید ان اہلِ علم نے لفظِ مواد کا استعمال اس لیے ترک کیا کہ اردو لغت میں اس کے معنی: ''پیپ، رطوبت اور غلاظت‘‘ کے ہیں اور ان معانی کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس لفظ کا تاثر سماعت اور ذہن پر ناگوار گزرتا ہے، پس اُس کی جگہ لفظِ ''لوازمہ‘‘ کا استعمال شروع ہوا، لیکن عام پڑھے لکھے لوگوں کے لیے اب بھی لوازمہ کا لفظ نامانوس ہے جبکہ اس کے مقابلے میں موادّ کا سمجھنا نئی نسل کے لیے آسان ہے۔
عدالت میں درخواست پیش کرنے، التجا و استدعا کرنے اور مقدمہ دائر کرنے کو انگریزی میں Plea اور درخواست کنندہ کو Pleader یا Petitioner کہتے ہیں۔ مقدمہ دائر کرنے کے لیے اردو میں عربی زبان کا لفظ ''مُرَافَعَۃ‘‘ استعمال ہوتا ہے، اگرچہ قانون کی کتابوں کا ترجمہ کرتے ہوئے ''مُرَافَعَۃ‘‘ کا لفظ استعمال ہوتا ہے لیکن نہ یہ روز مرّہ بول چال میں استعمال ہو سکا اور نہ عام آدمی کا ذہن اس لفظ کو سن کر اس کے معنی کی طرف منتقل ہوتا ہے، اس لیے بہتر ہے کہ مُدّعی ، مُسْتَدعِی، مُلْتَجِی یا درخواست گزار کی عام فہم اصطلاح استعمال کی جائے۔
عربی زبان کے چند کلمات ''تا‘‘ کے زبر کے ساتھ استعمال ہوتے ہیں: حتّی الامکان، حَتَّی الْوَسَع اور حَتَّی الْمَْقْدُ وْر، ان کے معنی بالترتیب یہ ہیں: (1) ''جہاں تک ممکن ہے‘‘، (2 اور3) ''جہاں تک بس میں ہے‘‘۔ ان کا تلفظ اردو میں تاء کی پیش کے ساتھ ''حَتُّ الامکان‘‘ ، ''حَتُّ الْوَسَع‘‘ اور''حَتُّ الْمَقْدُوْر‘‘ کیا جاتا ہے، جو غلط ہے، البتہ لکھتے صحیح ہیں۔ عربی میں ''ن‘‘ کے زبر کے ساتھ الفاظ: '' بَینَ الاَقوام‘‘، '' بَینَ الْمَمالک‘‘ اور '' بَیْنَ الْمَذَاھِب‘‘ ہیں، ان کا تلفظ اردو میں ''نون‘‘ کی پیش کے ساتھ '' بَیْنُ الْاَقْوَام‘‘، '' بَیْنُ الْمَمَالِک‘‘اور'' بَیْنُ الْمَذَاھِب‘‘ کیا جاتا ہے، جو غلط ہے۔
ریاست کے لیے میم کی پیش کے ساتھ لفظ '' مُمْلِکَت‘‘ بولا جاتا ہے، یہ عربی لفظ ہے اور عربی میں اس کا صحیح تلفظ میم کے زبر کے ساتھ : ''مَمْلَکَۃ‘‘، ''مَمْلُکَۃ‘‘ اور''مَمْلِکَۃ‘‘ ہے اور اس کے معنی ہیں: ''بادشاہت‘‘۔''م ل ک‘‘ کے مادّے سے جو مشتقات نکلتے ہیں، وہ یہ ہیں: میم کے پیش اور لام کی جزم کے ساتھ ''مُلْک‘‘ ہے، اس کی جمع مَمَالِک (میم کی زبر کے ساتھ) ہے، ہمارے ہاں میم کی پیش کے ساتھ غلط طور پر'مُمَالِکْ‘‘ بولا جاتا ہے۔ میم کی زیر اور لام کے جزم کے ساتھ ''مِلْک‘‘ (زیرِ ملکیت ) ہے، اس کی جمع اَمْلَاک ہے، بعض لوگ ''اِمْلَاک‘‘ بولتے ہیں، جو غلط ہے۔ میم کے زبر اور لام کی زیر کے ساتھ ''مَلِکْ‘‘ (بادشاہ) ہے اور اس کی جمع مُلُوْک ہے، میم اور لام کے زبر کے ساتھ ''مَلَکْ‘‘(فرشتہ) ہے،اس کی جمع مَلَائِکْ اور مَلَائِکَۃ ہے، آج کل ناموں میں جدّت کا رواج ہے ، اس لیے بعض عورتوں کا نام ''مَلَائِکَۃ‘‘ سننے میں آتا ہے، ''سروش‘‘ نام بھی سننے میں آتا ہے، سین اور راء کی پیش کے ساتھ یہ فارسی لفظ ''سُرُوْش‘‘ ہے اور اس کے معنی ہیں: فرشتہ۔
ٹی وی پر ایک صاحب ''مُمْلِکتِ خدادادِ پاکستان‘‘ بول رہے تھے، مملکت کی غلطی پر تو ہم سطورِ بالا میں متوجہ کر چکے ہیں، خداداد کی دال کے نیچے اضافت کی زیر لگانا غلط ہے، اسے بولنا چاہیے: ''مملکتِ خداداد‘ پاکستان‘‘، دال کے نیچے زیر لگانا اور بولنا نہیں چاہیے، یعنی لفظِ خداداد کے دال کو ساکن رہنا چاہیے۔
رسالت مآب: بعض حضرات بولتے ہیں: ''رسالتِ مآبﷺ‘‘‘، اس میں لفظِ ''رسالت‘‘ کی تاء کے نیچے اضافت کی زیر لگانا اور بولناغلط ہے۔ یوں بولنا چاہیے: ''رسالت مآبﷺ‘‘ یعنی رسالت کی تاء ساکن ہونی چاہیے۔ لفظِ ''رسالت مآب‘‘ در اصل اضافتِ مقلوب ہے اور اصل صورت ہے: ''مآبِ رسالت‘‘، مآب کے معنی ہیں: ''مرجِع، لوٹنے کی جگہ‘‘ ، اس کا مفہوم یہ ہے کہ سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ گرامی ایسی ہے کہ آپ کی ذات رسالت کے لیے باعثِ افتخار ہے، یعنی آپ سے منصبِ رسالت کو عظمت ملی، رفعت ملی، شان ملی، جیسا کہ آپﷺ نے فرمایا: ''میں قیامت کے دن اولادِ آدم کا سردار ہوں گا اور یہ میرے لیے کوئی فخرکی بات نہیں اور حمدِ باری تعالیٰ کا پرچم میرے ہاتھ میں ہو گا اور یہ کوئی فخر کی بات نہیں ہے، اُس دن جو بھی نبی ہوگا حتیٰ کہ آدم علیہ السلام سے لے کر (زمین پر آنے والے) سب نبی میرے پرچم تلے ہوں گے اور قبر سب سے پہلے میرے لیے کھلے گی اور سب سے پہلے میں باہر آئوں گا اور یہ فخر کی بات نہیں ہے‘‘۔ ( ترمذی: 3615)۔
سالار: سالار کے معنی ہیں: ''کسی جماعت یا گروہ کا سربراہ، سردار یا افسرِ اعلیٰ‘‘، ہمارے ہاں ایک اصطلاح ''قافلہ سالار‘‘ کی ہے، یہ بھی اضافتِ مقلوب ہے، دراصل یہ ''سالارِ قافلہ‘‘ ہے، یعنی قافلے کا سربراہ، اسی طرح ہمارے ہاں مسلّح افواج کے سربراہ کو ''سپہ سالار‘‘ کہتے ہیں، یہ بھی دراصل ''سالارِ سپاہ‘‘ ہے، یعنی فوجیوں کا سربراہ، جسے انگریزی میں General کہتے ہیں۔ ''پیرانِ پیر‘‘ کی اصطلاح بھی اضافتِ مقلوب ہے، دراصل یہ ''پیرِ پیراں‘‘ یعنی پیروں کا پیر ہے، جیسے ہم اپنے آقا و مولا سیدنا محمد رسول اللہﷺ کا ''سید الانبیاء والمرسلین‘‘ اور ''امام الاولین والآخرین‘‘ کے القاب کے ساتھ ذکر کرتے ہیں۔
مُتَنَوِّعْ: یہ لفظ وائو کی زیر کے ساتھ ''مُتَنَوِّع‘‘ ہے، اِس کے معنی ہیں: ''انواع و اقسام کا‘‘، بہت سے لوگ اسے ''مُتَنَوُّعْ‘‘ بولتے ہیں جو غلط ہے، اسی طرح'' مُتَوَقِّع‘‘ کے معنی ہیں: کسی بات کی امید رکھنے والا، بعض لوگ اسے '' مُتَوَقُّعْ‘‘ بولتے ہیں جو غلط ہے، البتہ قاف کے زبر کے ساتھ ''مُتَوَقَّع ‘‘ کے معنی ہیں: جس چیز کی امید رکھی جائے، مثلاً: کل فلاں شخص کی آمد ''مُتَوَقَّع ‘‘ہے۔
عُلَمَاء: عَالِم کی جمع ہے، کئی لوگ اردو کے طرز پراس کی جمع الجمع بناکر ''عُلَماؤں‘‘ بولتے ہیں، جو درست نہیں ہے، اسی طرح ''اولاد‘‘ وَلَد کی جمع ہے، لیکن ہمارے ہاں اردو کے طرز پر اس کی جمع بناکر ''اولادوں‘‘ بولاجاتا ہے، جوغلط ہے۔ نوٹ: وَلَد کا اطلاق لڑکا لڑکی دونوں پر ہوتا ہے۔
طالبِ عِلمہ: ایک دینی ادارے کے رسالے کے اداریے میں طالبہ کے لیے ''طالبِ علمہ‘‘ لکھا ہوا تھا، غالباً رواروی میں لکھ دیا ہو گا، ورنہ وہ صاحبِ علم ہیں۔
تبرّا: تبرّا کے معنی ہیں: ''کسی سے اعلانِ لاتعلقی کرنا، برأت ظاہر کرنا، لعن طعن کرنا، نفرت کا اظہار کرنا‘‘ وغیرہ، اس کو عربی میں ''تَبَرّیٰ ‘‘ لکھا جاتا ہے، اردو میں ''تبرّا کرنا‘‘ اور ''تبرّا بھیجنا‘‘ بھی استعمال ہوتا ہے، تبرّا کرنے والوں کو ''تبرّائی‘‘ بھی کہتے ہیں، ایک معروف کالم نگار نے اسے ''تبرّہ‘‘ لکھا ہے، جو درست نہیں ہے۔
تَرین:تا کے زبر کے ساتھ یہ لفظ ''تَرِیْن‘‘ ہے، ایک پٹھان قبیلے کا نام بھی''تَرین‘‘ ہے ،یہ فارسی لفظ ہے اور'' تفضیلِ کُلّی‘‘ (Superlative Degree) کے معنی میں آتا ہے، جیسے بہترین، بدترین، کم ترین، عظیم ترین وغیرہ، آج کل کئی نیوز ریڈر اور اینکر جہانگیر خان ترین کا نام لیتے ہوئے تا کے سکون کے ساتھ '' تْرین صاحب‘‘ بولتے ہیں جو درست نہیں ہے، عربی فارسی میں کسی بھی لفظ کا پہلا حرف ساکن نہیں ہو سکتا لیکن اہلِ پنجاب ایسا ہی تلفظ کرتے ہیں۔
صورتحال: اکثر اہلِ قلم اسے مفرد شکل میں لکھتے ہیں اور ''و‘‘ اور ''ت‘‘ دونوں کو ساکن پڑھتے ہیں، اصولی طور پر کسی لفظ کے درمیان میں دو لفظ ساکن نہیں ہو سکتے، سوائے الف کے، وہ تلفظ میں ساقط ہو جاتا ہے، اس لفظ کو ''صورتِ حال‘‘ پڑھنا چاہیے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved