تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     27-07-2021

سرخیاں،متن اور رستم نامی

ووٹ چوروں کو گھر تک چھوڑ
کر آئیں گے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ''ووٹ چوروں کو گھر تک چھوڑ کر آئیں گے‘‘ کیونکہ ان پر ووٹوں کا بوجھ اس قدر زیادہ ہو گا کہ انہیں گھر تک پہنچنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں البتہ پولیس سے بھی درخواست ہے کہ ان سے چوری کا مال برآمد کر کے ہمارے سپرد کیا جائے کیونکہ اگر یہ واردات نہ ہوئی ہوتی تو یہ سارے ووٹ ہمیں ملنا تھے اور اس کی ہم نے پیش گوئی پہلے ہی کر دی تھی اور اس وقت سے یہ بیان بھی تیار کر کے رکھا ہوا تھا تاکہ بعد میں زحمت نہ اُٹھانی پڑے حالانکہ پہلے ہی اتنی زحمت اٹھا چکے ہیں کہ مزید کی کوئی گنجائش ہی نہیں ہے۔ آپ اگلے روز آزاد کشمیر کے الیکشن کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
نہیں معلوم نواز شریف کو افغان مشیر سے ملاقات
کی ضرورت کیوں پیش آئی: ڈاکٹر معید یوسف
مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ ''نہیں معلوم نواز شریف کو افغان مشیر سے ملاقات کی ضرورت کیوں پیش آئی‘‘ کیونکہ سارا کام وہ خود ہی نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہے تھے اور اس کے لئے کافی بھی تھے اور آزاد کشمیر الیکشن کے دوران ان کی جماعت کے ایک امیدوار نے پڑوس سے مدد منگوانے کا بیان بھی دیا تاکہ کوئی غلط فہمی نہ رہے حالانکہ ان کا موقف کبھی دھندلا اور غیر شفاف نہیں رہا اور شیشے کی طرح سب پر عیاں ہو چکا ہے جبکہ آزاد کشمیر کے ووٹرز نے اس ملاقات کا بالکل غلط نوٹس لیا حالانکہ وہ افغان مشیر کے ساتھ علاقائی صورتحال اور کشمیر کی آزادی کے بارے میں مشورہ کر رہے تھے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک انٹرویو دے رہے تھے۔
عطا تارڑ اور ان کے ساتھیوں کو
فوری رہا کیا جائے: مریم اورنگزیب
نواز لیگ کی ترجمان اور رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''لیگی رہنما عطا تارڑ اور ان کے ساتھیوں کو فوری رہا کیا جائے‘‘ یہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں ہی کے سلسلے کی ایک کڑی ہے ورنہ اہلکاروں کو دھمکانا اور ان کی وردیاں پھاڑ دینا کوئی ایسا جرم نہیں ہے کہ اس پر گرفتاری کا انتہائی قدم اٹھایا جائے، ویسے تو دھمکانے کا الزام ہی مضحکہ خیز ہے کیونکہ پولیس کسی کی دھمکیوں کا کیا اثر لے گی اور جہاں تک وردیاں پھاڑنے کے الزام کا تعلق ہے تو یہ بھی ہماری نظر میں کوئی سنگین جرم نہیں کیونکہ پھٹی ہوئی وردیوں کی بآسانی مرمت کی جا سکتی ہے‘ بھلے وہ مجھے بھجوا دیں، میں انہیں درست کر وا دوں گی ۔آپ اگلے روز گوجرانوالہ سے بیان جاری کر رہی تھیں۔
آزاد کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کیے گئے
وعدے پورے کریں گے: علی امین گنڈا پور
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ''آزاد کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کریں گے‘‘ اگرچہ ملکی عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں کیے جا سکے لیکن یہ وعدے پورے کر کے اگلی پچھلی ساری کسر نکال دیں گے اس لیے پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے اور نہ ہی آزاد کشمیر کے عوام کو گھبرانا چاہئے کیونکہ سب کو معلوم ہے کہ ملک بھر کے عوام نے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق گھبرانا چھوڑ دیا ہے اس لئے پیشتر اس کے کہ وہ آزاد کشمیر کے لوگوں کے لیے بھی ایسی ہی ہدایت جاری کریں‘ آزاد کشمیر کے لوگوں کو خود ہی عقلمندی سے کام لے لینا چاہئے کیونکہ اگر وہ ہماری کارکردگی دیکھنے کے بعد بھی ہمیں کامیاب کرا سکتے ہیں تو کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں رستم نامی کی غزل:
ہوئے محروم ٹھنڈے پانیوں سے
فریزر بھر گئے قربانیوں سے
ترے جینے کا ساماں ہو رہا ہے
ہماری بے سرو سامانیوں سے
نہیں آتے پلٹ کر جانے والے
سکوں ملتا ہے نوحہ خوانیوں سے
تو پھر کچھ کر گزرتے ہم جہاں میں
نکل سکتے جو تن آسانیوں سے
ملا ہے احمقوں سے فیض ہم کو
سبق سیکھا بہت نادانیوں سے
نہیں اب کوئی انسانوں سے خطرہ
کہ ہم آباد ہیں ویرانیوں سے
یہ پاکستان بھی پائے ترقی
اگر خالی ہو ''پاکستانیوں‘‘ سے
زیادہ دیر چل سکتا نہیں ہے
کوئی بھی کام بے ایمانیوں سے
کئی دن سے بہت نالاں ہوں نامیؔ
دلِ نادان کی من مانیوں سے
آج کا مطلع
معمول کے خلاف محبت زیادہ ہے
یا آج کل جناب کو فرصت زیادہ ہے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved