تحریر : شاہد صدیقی تاریخ اشاعت     09-08-2021

امجد اسلام امجد

وقت کی چلمن سے جھانک کر دیکھوں تو اپنے کالج کے دن شوخ و شنگ رنگوں میں ڈوبے نظر آتے ہیں۔ میرے یہ دن راولپنڈی شہر میں گزرے تھے‘ جہاں پہلے سر سید کالج اور پھر گورڈن کالج میں پڑھنے کا موقع ملا۔ یہ ستّر کی دہائی کا زمانہ تھا۔ جب کالج میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کی بہتات ہوتی تھی۔ مشاعروں کی روایت اپنے عروج پر تھی۔ میں انگریزی ادب کا طالبِ علم تھا لیکن اُردو ادب سے بھی گہری دلچسپی تھی۔ ہم دوست شام کو ملتے تو شعروادب پر گفتگو ہوتی۔ نئی کتابوں کا تذکرہ ہوتا۔ انھی دنوں ایک نئے شاعر کی آواز نے ہمیں اپنی طرف متوجہ کیا۔ سادہ اسلوب اور آسان ڈکشن، دل کَش استعارے اور تشبیہیں اور جذبے کی ایک رو جو پڑھنے اور سننے والے کو اپنے ساتھ بہا کر لے جانے کی صلاحیت رکھتی تھی۔ اس شاعر کا نام امجد اسلام امجد تھا۔ وہ جلد ہی نوجوانوں کے دلوں کی آواز بن گیا۔ مجھے یاد ہے اس زمانے میں امجد کی ''محبت کی ایک نظم‘‘ خاص و عام میں مقبول تھی۔ اس کا آغاز کُچھ یوں ہوتا تھا:
اگر کبھی میری یاد آئے
تو چاند راتوں کی نرم دلگیر روشنی میں
کسی ستارے کو دیکھ لینا
یہ نظم طوالت کے باوجود بہت سے نوجوانوں کو حفظ ہو گئی تھی۔ ستر کی دہائی میں ہی امجد اسلام امجد کا پہلا شعری مجموعہ ''بَرزَخ‘‘شائع ہوا‘ اور اس کے چار سال بعد اس کا دوسرا مجموعہ ''ساتواں در‘‘ منظرِ عام پر آیا۔ یہ نظم ''ساتواں در‘‘ میں موجود ہے۔ جلد ہی امجد ملکی سطح پر شعری منظر نامے میں نمایاں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ پھر تو جیسے تخلیقی وفور کے بند کُھل گئے اور امجد نے شعر و ادب کی متعدد اصناف میں طبع آزمائی کی اور ہر صنف میں اپنے آپ کو منوایا۔ امجد کی زندگی محنت اور تخلیق کا امتزاج ہے‘ ورنہ کیسے ممکن ہے کہ ایک شخص سرکاری ملازمت کے ساتھ پچاس سے زائد کتابیں تخلیق کر سکے۔ ''برزخ‘‘ کی اشاعت کے اگلے برس امجد کی فنی زندگی میں ایک نیا موڑ آیا‘ جس نے اسے شہرت کی دولت سے مالا مال کر دیا۔ یہ 1979ء کا سال تھا جب امجد کو ڈرامہ لکھنے کی پیش کش کی گئی۔ یاد رہے یہ وہ زمانہ تھا جب ضیاء الحق، ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ اُلٹ کر 1977ء میں برسرِ اقتدار آ چکے تھے‘ اور ملک میں ہر چیز کو اسلامیانے کا عمل جاری تھا۔ اس عمل کی زد میں ملک کی فلم انڈسٹری بھی آ چکی تھی جو اس دور میں ایسی گھائل ہوئی کہ پھر جانبر نہ ہو سکی۔ یوں فلم کا نعم البدل ٹیلی ویژن ڈرامہ بن گیا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اس دور میں پی ٹی وی ڈراموں نے ملکی اور غیر ملکی سطح پر اپنے آپ کو منوایا۔ امجد اسلام امجد کو ڈرامے کی پیش کش ہوئی تو اس نے اسے ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب صرف پی ٹی وی کا ایک چینل ہوا کرتا تھا۔ پرائیویٹ چینلز ابھی شروع نہیں ہوئے تھے۔ پی ٹی وی پر ان دنوں ہفتہ وار ڈرامے نشر ہوتے تھے۔ ایسے میں اعلان کیا گیا کہ ایک نیا قسط وار ڈرامہ ''وارث‘‘ کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ امجد کا امتحان تھا کہ کیا وہ شعری سلطنت کے بعد ڈرامے کی اقلیم میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکے گا۔
وہ 1979ء کا سال تھا اور 29 دسمبر کی ٹھٹھرتی ہوئی شام جب ''وارث‘‘ ڈرامے کی پہلی قسط نشر ہوئی۔ پہلی قسط نے ہی دیکھنے والوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرا لی تھی۔ یہ تیرہ قسطوں پر مبنی ڈرامہ تھا‘ جس میں کہانی، اداکاری اور ہدایت کاری اپنے عروج پر تھی۔ جس دن اس ڈرامے کی قسط نشر ہوتی بازار اور سڑکیں ویران ہو جاتیں۔ شہرت کا یہ درجۂ کمال بعد میں شاید ہی کسی ڈرامہ نگار کے حصے آیا ہو۔ اب ملک کے طول و عرض میں امجد کا تعارف اور پہچان ایک ڈرامہ نگار کی بن گئی تھی۔''وارث‘‘ کے بعد بھی امجد نے پی ٹی وی کی تاریخ کے چند مقبول ترین ڈرامے لکھے جن میں دہلیز، وقت، دن، رات، سمندر، بندگی اور فشار شامل ہیں۔ یہ امجد کے لکھے ہوئے ڈراموں کی طویل فہرست سے کُچھ نام ہیں۔ یہ 1980ء کی بات ہے وارث ڈرامے کی شہرت دور دور تک پھیل چکی تھی۔ انھی دنوں لاہور میں میری امجد سے پہلی ملاقات ہوئی۔ ایک دوست نے امجد کا تعارف کراتے ہوئے کہا: ان سے ملیے یہ وارث ڈرامے کے تخلیق کار ہیں۔ میں نے امجد سے ہاتھ ملاتے ہوئے کہا: میرے لیے ان کا تعارف ایک شاعر کا ہے۔ امجد نے یہ سُن کر قہقہہ لگایا اور کہا: مجھے خوشی ہوتی ہے جب مجھے کوئی بحیثیتِ شاعر ملتا ہے۔ امجد کا قہقہہ بے ساختہ اور جاندار ہوتا ہے۔ اس کے پاس لطیفوں کا ایک نہ ختم ہونے والا ذخیرہ ہے۔ اس کا اندازہ مجھے اس وقت ہوا جب ہم نے 1987ء میں ملتان سے لودھراں تک ایک وین میں سفر کیا تھا۔ اس وین میں عطاء الحق قاسمی بھی تھے۔ ڈیڑھ دو گھنٹے کا سفر امجد اور عطاء کی گفتگو کی پھلجھڑیوں میں گزر گیا‘ اور ہم لودھراں کے قصبے میں جا پہنچے جہاں ایک بڑے مشاعرے کا اہتمام کیا گیا تھا‘ جس میں منیر نیازی بھی شریک تھے‘ اور جس کی نظامت پروین شاکر کر رہی تھیں۔
پھر مجھے وہ دن یاد آ رہا ہے جب نو دس برس قبل ہم لاہور میں ایک پبلشر کے آفس میں بیٹھے تھے۔ میں نے امجد سے کہا: آپ کے لکھے ڈراموں کی ایک طویل فہرست ہے‘ ان میں سے ایک ''میرے بھی ہیں کُچھ خواب‘‘ میرا پسندیدہ ڈرامہ ہے۔ امجد نے کہا: ہاں وہ ایک گونگے درزی کی کہانی ہے‘ جس کا کردار معروف اداکار محمد شفیع نے کیا تھا‘ اور ہیروئن ماضی کی معروف اداکارہ مصباح تھیں۔ میری فرمائش پر امجد نے اس ڈرامے کی VHS کیسٹ بذریعہ ڈاک مجھے بھجوا دی تھی۔ اسی محفل میں امجد نے میری فرمائش پر اپنی نظم ''سنو پیارے‘‘ سُنائی‘ جس کا آغاز یوں ہوتا تھا:
سُنو پیارے! محبت کرنے والوں کی نگاہیں بھی
ہوا میں ڈولتی خوشبو کی صورت منظروں میں
اپنے ہونے کی نشانی چھوڑ جاتی ہیں
وہ ایک یادگار محفل تھی جس میں ہم نے دیر تک امجد سے اس کی شاعری سُنی۔ امجد اسلام امجد کی شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے کی داستان کڑی مشقت اور محنت سے عبارت ہے۔ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اُردو کرنے کے بعد وہ ایم اے او کالج میں لیکچرر کی پوزیشن پر فائز ہوا‘ لیکن یہ اس کی منزل نہیں تھی۔ اس کے خواب اس کے سامنے نئی منزلوں کے در کھول رہے تھے۔ ان خوابوں میں ایک خواب شہرِ سُخن کی سیر تھی۔ اس خواب کی تعبیر اسے جلد ہی مل گئی۔ اس کا سادہ مگر منفرد اسلوب لوگوں کے دلوں میں گھر کر گیا۔ مشکل مضامین اس کی شاعری میں موم ہو جاتے۔ امجد کی ایک نظم کی چند سطریں ملاحظہ کریں:
محبت ایسا دریا ہے
کہ بارش روٹھ بھی جائے
تو پانی کم نہیں ہوتا
ایک اور نظم کی سطریں دیکھئے:
میرے شہروں کو کس کی نظر لگ گئی
ہم تو نکلے تھے ہاتھوں میں سورج لیے
رات کیوں ہو گئی
پھر ایک روز نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے مہتمم، معروف شاعر اور عزیز دوست انعام الحق جاوید نے اطلاع دی کہ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے ادبی میلے میں ایک سیشن امجد اسلام امجد کے حوالے سے ہے۔ یہ جان کر اچھا لگا کہ ہم اپنے ہم عصر ادیبوں کی تعظیم کرنا جانتے ہیں۔ میں نے کہا: دعوت کا شکریہ میں اس سیشن میں ضرور شرکت کروں گا۔ انعام الحق جاوید نے ہنستے ہوئے کہا: اور امجد صاحب کا انٹرویو آپ نے کرنا ہے۔ اس سے پہلے کہ میں کُچھ کہتا ٹیلی فون بند ہو چُکا تھا۔ (جاری)

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved