تحریر : بیرسٹر حمید باشانی تاریخ اشاعت     02-09-2021

ترقی اور تباہی میں فرق ضروری ہے

دنیا اس وقت ماحولیاتی تباہی سے بچنے کے طریقے ڈھونڈ رہی ہے۔ اس باب میں بے شمار ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان میں ایک بڑا قدم پن بجلی کے ڈیم توڑنے اور ان کی جگہ توانائی کے متبادل ذرائع تلاش کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لائی جا رہی رہی ہے۔ اس ماحول میں آج بھی کچھ ملک پن بجلی کے وہ ڈیم بنانا چاہتے ہیں، جو دنیا ماحول کو بچانے کی خاطر توڑ رہی ہے‘ لیکن اس کے باوجود ان ملکوں کا دعویٰ ہے کہ ہم دنیا کے ساتھ قدم بقدم چلنے کے خواہش مند، اور ماحولیات کے بارے میں فکرمند ہیں۔ ابھی ابھی اقوام متحدہ نے ماحولیات کے باب میں ''ریڈ الرٹ‘‘جاری کیا ہے۔ اس کی تفصیلات ڈرا دینے والی ہیں۔ دنیا کا اپنی بقا کے لیے ماحولیات پر سن دو ہزار پچاس کے ٹارگٹ پر متفق ہونا ضروری ہے۔ اس ٹارگٹ کے حصول کے لیے دنیا کو اس وقت موجود پن بجلی کے روایتی ڈیم توڑنے پڑیں گے۔
حال ہی میں وزیر اعظم عمران خان نے دس سال میں دس ڈیم بنانے کا اعلان کیا ہے۔ دس برس کے قلیل عرصے میں پن بجلی کے دس بڑے ڈیم بلا شبہ روایتی سوچ کے مطابق ایک حیرت انگیز کام ہو گا، جس کے اعلان پر حکومت کے پر جوش حامی خوشی سے سرشار ہیں۔ بجلی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے یہ یقینا ایک بڑا کارنامہ ہو گا، مگر ماحولیات کے بارے میں پہلے سے فکر مند لوگوں کو اس اعلان نے مزید فکر میں مبتلا کر دیا ہے۔ جو لوگ ماحولیاتی سائنس کی الف ب پ سے واقف ہیں، وہ ماحول پر اس از حد حریصانہ منصوبے کے گہرے اور تباہ کن اثرات کے بارے میں فکر مند ہیں۔
ماحولیات کے حوالے سے اس وقت دنیا کا ''ٹارگٹ‘‘ یہ ہے کہ دو ہزار پچاس تک درجہ حرارت کو ایک مخصوص حد یعنی ایک اعشاریہ پانچ سے نیچے رکھا جائے۔ اس ٹارگٹ کو حاصل کرنے میں ناکامی کے خوفناک نتائج ہوں گے۔ اب تک اس پر اتنا کچھ لکھا اور بولا جا چکا ہے کہ دنیا بڑی حد تک اس سے آگاہ ہے۔ اس آگہی کے باوجود ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے کو اتنا سنجیدہ نہیں لیا جاتا، جتنا سنجیدہ لینے کی ضرورت ہے۔ اس باب میں ہماری حکمران اشرافیہ لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔ کہیں وسائل کی کمی کا رونا ہے۔ کہیں سائنسی آگہی و علم پر یقین کی کمی ہے‘ جس کا نتیجہ ہے کہ ہماری وہ روش برقرار ہے، جو ہمیں بڑی آہستگی، مگر یقینی طریقے سے تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔ پاکستان اس باب میں پہلے سے ہی تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ اس ملک کی ہوائیں اور فضائیں زہر آلود ہو چکی ہیں۔ پانی خطرناک حد تک آلودہ ہے۔
ابھی حال ہی میں پاکستان کے ہر بڑے شہر کے نیچے زمین میں موجود پانی کے زہر آلود ہونے کی رپورٹ آئی ہے‘ مگر حکمران اس مسئلے کو وہ اہمیت دینے کے لیے تیار نہیں ہیں، جو اس کا متقاضی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ ملک کو توانائی کی ضرورت ہے، اور ہم نے اس ضرورت کو پورا کرنا ہے، خواہ اس کی قیمت آنے والی نسلوں کی تباہی ہی کیوں نہ ہو۔ ہم روز مرہ کی زندگی میں بے شمار ایسے کام کر رہے ہیں، جو ماحولیاتی تباہی اور آلودگی کا باعث ہیں۔ ان میں ایک کام پانی کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے لیے ڈیم بنانا بھی ہے‘ حالانکہ یہ اب سائنسی حقیقت ہے کہ ڈیم اور آبی ذخائر دنیا بھر کے دریاؤں کے لیے موت کا پیغام ہیں۔
اس وقت دنیا آب و ہوا اور حیاتیاتی تنوع کے ایک اہم دور میں داخل ہو رہی ہے۔ اس دور میں پالیسی سازوں کو لازمی طور پر پن بجلی کی ترقی اور صحت مند میٹھے پانی کے ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے کے طریقوں پر غور کرنا پڑے گا۔
ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کے میٹھے پانی کے سائنس دان اور ایک مشہور مطالعے کے مرکزی مصنف مائیکل تھیم کہتے ہیں، ''جب دریا کی صحت، آب و ہوا کی تبدیلی اور حیاتیاتی تنوع کے زیاں کی بات آتی ہے، تو ہم اب ان کو الگ الگ مسائل کے طور پر سوچنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ دریا جنگلی حیات اور کمیونٹیوں کو صحت مند رکھنے کے لیے طاقتور ایجنٹ ہیں، لیکن ان کی زندگی کو ہائیڈرو پاور ڈیموں سے خطرہ لاحق ہے۔
اس معرکۃ الآرا مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ آزاد بہنے والے دریاؤں کے تمام موجودہ اور مجوزہ ڈیمز کو عالمی سطح پر درجہ حرارت کو مطلوبہ سطح پر رکھنے کے لیے دو ہزار پچاس تک قابل تجدید توانائی کا 2 فیصد سے بھی کم پیدا کرنا پڑے گا۔ یہی وہ طریقہ ہے جس سے وہ انسان اور جنگلی حیات‘ جو ان دریائوں پر انحصار کرتے ہیں، تباہی و بربادی سے بچ سکتے ہیں۔ مربوط اور صحت مند دریا متنوع فوائد فراہم کرتے ہیں، جنہیں اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے۔ ان فوائد میں میٹھے پانی کی مچھلیوں کے ذخائر بھی شامل ہیں جو لاکھوں لوگوں کے لیے غذائی تحفظ کو بہتر بناتے ہیں۔ ان فوائد میں تلچھٹ کی ترسیل ہے، جو زراعت کی پرورش کرتی ہے اور ڈیلٹا کو بڑھتے ہوئے سمندروں کی سطح سے اوپر رکھتی ہے، اور سیلاب کے میدان ہیں جو سیلاب کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ حیاتیاتی تنوع کی دولت ہے، جو صحت مند زندگی کے لیے لازم ہے۔
انسانیت کا مستقبل قابل تجدید توانائی میں ہے، لہٰذا یہ ضروری ہے کہ ہم حقیقت پسندانہ حل نکالیں جو کہ بہتے ہوئے دریاؤں کے وسیع فوائد کے ساتھ ساتھ عوام کی صاف توانائی کی ضرورت بھی پوری کرے۔
محققین نے موسمیاتی اہداف اور توانائی کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے سائنس پر مبنی پالیسی حل مرتب کیے ہیں۔ یہ ایسے حل ہیں، جن کے ذریعے بہتے ہوئے دریاؤں اور ان کے ذریعے انسان اور فطرت کے فوائد کی حفاظت بھی ممکن ہے۔ کئی ایک محققین کے مطالعے ایسی مثالوں کا خاکہ پیش کرتے ہیں، جہاں حکومتوں نے کامیابی کے ساتھ ان حکمت عملیوں کو نافذ کیا ہے۔ اس حکمت عملی میں جو اقدامات شامل ہیں ان میں دریاؤں کو باضابطہ تحفظ فراہم کرنے کے لیے متبادل توانائی کے ذرائع، جیسے پن بجلی کے بغیر قابل تجدید توانائی، شمسی اور ہوا کی توانائی کے ذریعے دریاؤں کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے سے گریز کرنا ضروری ہے۔ توانائی کے متبادل نظام کی منصوبہ بندی ترقی کی ضروریات کو پورا کرنے کا بہترین حل ہے، اور دریاؤں کے آزادی سے بہنے سے جو فوائد منسلک ہیں، ان کو جاری رکھا جا سکتا ہے۔
دریاؤں پر ڈیموں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اگر ان کی تعمیر ناگزیر ہے تو یہ تعمیرات ایسے مقامات پر ہوں، جہاں سے لوگوں اور فطرت پر کم اثرات مرتب ہوں۔ ماحولیاتی بہاؤ جیسی ٹیکنالوجیز ڈیم کے اثرات کو کم کرنے میں بھی مدد کر سکتی ہیں، تاکہ پانی کو ڈیموں کے ذریعے اس طرح منتقل کیا جا سکے، جو قدرتی بہاؤ کو کم ازکم متاثر کرتا ہو۔
اس سلسلے میں امریکہ کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، جہاں اس وقت نوے ہزار کے قریب پن بجلی کے ڈیم ہیں‘ لیکن ڈیم توڑ کر دریاؤں کی اصل شکل میں بحالی اس وقت امریکہ میں ایک مقبول راستہ ہے۔ اس کی وجہ پن بجلی کے ڈیم کی دیکھ بھال کے زیادہ اخراجات اور ارد گرد کے ماحولیاتی نظام پر منفی اثرات ہیں، جو طویل تجربے اور تحقیق کے بعد تسلیم کیے جا چکے ہیں۔ امریکی تجربے کی روشنی میں دنیا ترقی اور تباہی کے درمیان واضح فرق کر سکتی ہے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved