تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     16-11-2021

سرخیاں، متن اور ڈاکٹر محمد اسحق وردگ

عوام مہنگائی کے خلاف پیپلزپارٹی کی جنگ
میں شامل ہوں: راجہ پرویز اشرف
سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ''عوام مہنگائی کے خلاف پیپلزپارٹی کی جنگ میں شامل ہوں‘‘ اور اس بات کی پروا نہ کریں کہ اس مہنگائی کی بڑی وجوہات میں روپے کا بیرونِ ملک لے جانا بھی شامل ہے اور ہمارے قائدین کی جو لمبی چوڑی خدمات ہیں‘ انہیں بھی نظر انداز کریں اور اندھا دُھند ہماری اس جنگ میں شامل ہوں، اب تک یہ جنگ ہم عوام کی شمولیت کے بغیر ہی لڑ رہے تھے اور عوام اس سے لاتعلق تھے کیونکہ شاید وہ سمجھتے ہیں کہ کچھ سیاسی جنگیں سرا سر عوام ہی کے خلاف ہوتی ہیں۔ آپ اگلے روز یونین کونسل مین بازار دھلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
حقیقی خوشی کیا ہے؟ اپنی زندگی
میں سچا ثابت ہونا: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے والد کی نئی تصویر ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''حقیقی خوشی کیا ہے؟ اپنی زندگی میں سچا ثابت ہونا‘‘ جس میں وعدہ کرکے لندن سے واپس نہ آنا سرفہرست ہے۔ اس کے علاوہ علاج کے بہانے لندن جا کر بیٹھ جانا اور ہسپتال کا رخ تک نہ کرنا اور اس سے پہلے‘ وہاں خدمت کے انبار لگانا اور اس سے صاف مکرتے رہنا بھی سچا ثابت ہونے کے کرشمے ہیں جبکہ غلط بیان کو سیاسی بیان کہنا ان سب پر مستزاد ہے اور ان سب کی خوشی سے وہ پھولے نہیں سما رہے۔ آپ اگلے روز ٹویٹر پر ایک پیغام نشر کر رہی تھیں۔
ناکام اپوزیشن سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں: عثمان بزدار
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''ناکام اپوزیشن سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں‘‘جبکہ ہمارے لئے جو خطرہ اتحادیوں کی طرف سے پیدا ہوا تھا لیکن وہ بھی تھوڑا نخرا دکھا کر ختم ہو گیا ہے اور وہ سب راہِ راست پر آ گئے ہیں ۔ اتحادیوں کے ناز نخرے ایک وبائی مرض کی طرح ہیں جو ہر کچھ عرصے بعد اپنی علامات کے ساتھ ظاہر ہونے لگتے ہیں؛ تاہم حکومت کے پاس اس کا شافی علاج موجود ہے ؛ تاہم ان کے علاج کی زحمت خود ہمیں ہی اٹھانا پڑتی ہے حالانکہ ہمیں دیگر مسائل کے حل سے ہی فرصت نہیں ملتی جو ایک وبا کی طرح چمٹے ہوئے ہیں اور کوئی ٹوٹکا بھی ان پر اثر نہیں کر رہا۔ آپ اگلے روز ملتان میں مشیر برائے زراعت سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کر رہے تھے۔
نوازشریف نظریے کا نام ‘جو ووٹ کی طاقت سے
آمریتوں کو تابوت کے سپرد کرتا رہا: پرویز رشید
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ ''نوازشریف اس نظریے کانام ہے جو ووٹ کی طاقت سے آمریتوں کو تابوت کے سپرد کرتا رہا ہے‘‘ اور سب سے پہلے انہوں نے جنرل جیلانی اور جنرل ضیاء الحق کی آمریت کو تابوت کے سپرد کیا جو انہیں ان کی مرضی کے خلاف اقتدار میں لائے تھے اور پھر ان کی قبر پر جا کر ان کے مشن کی تکمیل کا عہد کرتے رہے اور اب تک کر رہے ہیں اور اس طرح وہ ان کی طرف سے اقتدار میں آنے کا بدلہ لے رہے ہیں جبکہ آہوں اور سسکیوں کے ساتھ انہوں نے ان آمریتوں کو تابوت کے سپرد کیا تھا، وغیرہ وغیرہ۔ آپ اگلے روز وفاقی وزرا اسد عمر اور غلام سرور خان کے بیانات پر ردعمل کا اظہار کر رہے تھے۔
اپوزیشن جھوٹ بول کر عوام کو
بیوقوف نہیں بنا سکتی، اعجاز چودھری
پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدرسینیٹر اعجاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ ''اپوزیشن جھوٹ بول کر عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتی‘‘ کیونکہ کچھ کام جھوٹ بولے بغیر بھی ہو سکتے ہیں اوریہ کوئی ایسا مشکل کام بھی نہیں ہے بلکہ عوام تو تیار بیٹھے ہوتے ہیں۔ کم از کم ہمارا تجربہ یہی ہے، اس کیلئے جھوٹ کو سچ بنا کر پیش کرنا ہوتا ہے اور جھوٹ کو سچ کس طرح بنایا جا سکتا ہے‘ اس کے کئی صدری نسخے وہ ہم سے دریافت کر سکتی ہے۔ اگرچہ عوام پہلے ہی اس قدر بھولے ہیں کہ اب مزید کی گنجائش نہیں ہے؛ تاہم اپوزیشن اپنا کوٹہ پورا کر سکتی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک تنظیمی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں ڈاکٹر محمد اسحق وردگ کی غزل:
سوال میرے زمانے تلک تو آئے گا
جواب آئے نہ آئے قلق تو آئے گا
یہ واپسی کا سفر ہے ہمارے رستے میں
زمین آئے نہ آئے فلک تو آئے گا
اسی لئے تو میں اپنی جگہ پہ قائم ہوں
میں راستہ ہوں سو وہ مجھ تلک تو آئے گا
جناب آپ کے چہرے کا رنگ بدلا ہے
جناب آپ پہ تھوڑا سا شک تو آئے گا
جب اختیار کی بابت سوال اٹھیں گے
زمین زاد کے دل میں قلق تو آئے گا
کبوتروں کو اڑاتا ہوں وقت شام مدام
مرے مزاج میں رنگِ شفق تو آئے گا
تمہاری تیغ سے یہ زخم ہم نے پائے ہیں
ہمارے ہاتھ میں صاحب نمک تو آئے گا
فلک، زمین چلاتے ہیں کائناتی نظام
زمین کا ساتھ نبھانے فلک تو آئے گا
آج کا مطلع
پوشیدہ تھا زوال کمالوں کے درمیاں
غائب ہوئے جواب سوالوں کے درمیاں

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved