تحریر : بیرسٹر حمید باشانی تاریخ اشاعت     27-11-2021

جب امریکی صدر نے ثالثی کی پیشکش واپس لی

گزشتہ کالم میں عرض کیا تھا کہ کراچی میں آٹھ دسمبر کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے خوش امیدی کے اظہار کے بعد جب صدر آئزن ہاور بھارت کے لیے روانہ ہوئے تو پاکستان میں اس حوالے سے رجائیت پسندی اپنے عروج پر تھی‘ مگر صدر آئزن ہاور جب دلی پہنچے تو وہاں کا ماحول دیکھ کر لگتا تھا‘ امریکہ بھارت کا دنیا میں سب سے قریب ترین اتحادی ہے۔ امریکی صدر کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ ایئرپورٹ سے راشٹرپتی بھون تک بارہ میل لمبا جلوس نکالا گیا۔ یہ ایک غیرمعمولی استقبال تھا، جس نے امریکی اور مغربی ابلاغ کی بھارت کی غیر جانبداری اور کمیونزم کی طرف جھکائو کے بارے میں روایتی رائے بدل کر رکھ دی۔ بھارت میں واقع امریکی سفارت خانے کی رپورٹ کے مطابق صدر آئزن ہاور کا استقبال انیس سو پچپن میں خروشیف کے استقبال سے بڑا تھا۔ ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ آزادی کے گیارہ سالوں میں پہلی بار بھارتی عوام نے امریکی خیالات و جذبات کا جواب دیا ہے۔ صدر آئزن ہاور نے رام لیلا میدان میں جلسۂ عام سے خطاب کیا۔ اس کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے خطاب کیا۔ پارلیمنٹ میں گرمجوشی کا حال بتاتے ہوئے بلجیم کے اخبار ''لو سواغ‘‘ نے لکھا کہ جب صدر نے پارلیمنٹ میں عالمی امن کے قیام کے لیے امریکہ اور بھارت کی مشترکہ سرگرمی کی بات کی تو ان کو تالیوں کی گونج میں ایسی داد دی گئی، جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ 'سان فرانسسکو کرانیکل‘ نے صدر آئزن ہاور کے دورے کو چینی خطرے سے جوڑتے ہوئے لکھا کہ غیر جانبدار انڈیا راتوں رات چین کے خطرے کے پیش نظر مغرب پرست اور امریکی نواز بن گیا ہے۔ دوسرے کئی اخبارات نے لکھا کہ نہرو اب چین کے خلاف قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے۔ اور صدر آئزن ہاور کا دورہ ایک ''سوشل کال‘‘ کے بجائے جنگ کی حکمت عملی کا سیشن بن گیا ہے‘ بھارت سے اتنی جلدی غیر جانبداری کی پالیسی ترک کرنے کی توقع رکھنا شاید حقیقت پسندی نہ ہو، لیکن پنڈت نہرو نے حال ہی میں اپنے سفیروں کو جو ذاتی میمورنڈم ارسال کیا ہے، وہ یہ بتاتا ہے کہ وہ اب اس حقیقت کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہو گئے ہیں کہ چین نے جن ہندوستانی علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے، ان کی واپسی کے لیے لڑائی کے سوا چارہ نہیں ہے۔ اس طرح بظاہر صدر آئزن ہاور کے دورے کے دوران عالمی پریس میں پاکستان بھارت کے بجائے، بھارت چین تنازع اور اس سے جڑے جنگ کے خدشات توجہ کا مرکز بنے رہے، لیکن اس کے باوجود جب صدر آئزن ہاور اور پنڈت نہرو کی ملاقات ہوئی تو اس میں پاک بھارت تعلقات اور مسئلہ کشمیر سرفہرست رہے۔
امریکی صدر تازہ تازہ جنرل ایوب سمیت پاکستان کی چوٹی کی لیڈرشپ سے تبادلہ خیال کرکے آئے تھے، اور پنڈت نہرو کے ساتھ اس موضوع پر تبادلۂ خیالات کی یادداشتیں بھی تازہ تھیں؛ چنانچہ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر کھل کر گفتگو کی۔ کراچی سے روانگی سے پہلے آئزن ہاور کو پاکستان کا کھلا ہمدرد اور اتحادی سمجھا جاتا تھا، جو پاکستان کو مختلف اتحادوں میں شامل کرنے کے علاوہ مالی اور فوجی امداد بھی فراہم کر رہا تھا، لیکن اس تاثر کا بھارتی رائے عامہ پر اثر نہیں دکھائی دیا۔ ان کے دورے کے دوران ہر روز بھارتی عوام کے استقبال اور گرمجوشی میں اضافہ ہوتا رہا۔ یہاں تک کہ آئزن ہاور کو الوداع کہنے کے لیے ایک ملین سے زائد بھارتی جمع ہوئے۔ نہرو نے کہا کہ یہ رام لیلا پارک میں سب سے بڑا اجتماع تھا، جو انہوں نے اپنی زندگی میں دیکھا۔ دوسری طرف یہ بھی سمجھا گیا کہ یہ آئزن ہاور کی زندگی کا سب سے بڑا مجمع تھا، جس کا انہوں نے زندگی میں سامنا کیا۔ واشنگٹن پہنچنے کے بعد آئزن ہاور کی دلچسپی مسئلہ کشمیر، پاکستان، بھارت اور چین جیسے معاملات پر ہی مرکوز رہی۔ بھارت کے دورے کے دوران پنڈت جواہر لعل نہرو اور صدر آئزن ہاور کے مابین کن معاملات پر تفصیلی مذاکرات ہوئے، اس کی ایک جھلک تئیس دسمبر انیس سو انسٹھ کے ایک ٹیلی گرام سے ہوتی ہے، جو کراچی کے امریکی سفارت خانے نے سٹیٹ ڈپپارٹمنٹ کو لکھا۔
امریکی سفیر نے لکھا کہ میں بائیس دسمبر کو صدر ایوب خان سے ملا۔ میں نے ان کو بتایا کہ صدر آئزن ہاور اپنے دورے کے بعد پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے کافی پُرامید ہیں‘ خصوصاً وہ یہ بات یقینی بنانا چاہیں گے کہ پاکستان اور بھارت کی فوجیں ایک دوسرے کے خلاف لڑنے کے بجائے اپنی طاقت کا استعمال آزاد دنیا کے وسیع مفاد میں کریں۔ ان فوجوں کا ایک دوسرے کے خلاف استعمال ان کے کمیونزم کے خلاف کردار کو محدود کرتا ہے۔ اس سلسلے میں صدر آئزن ہاور جو بھی مدد کر سکتے ہیں وہ کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن وہ یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں، کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر ثالث کا کردار ادا نہیں کر سکتے؛ البتہ وہ یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ آیا پاکستان اور بھارت کوئی ایسا مشترکہ بیان جاری کر سکتے ہیں، جس میں مسئلہ کشمیر سمیت تمام موجودہ اور مستقبل کے مسائل کو باہمی گفتگو سے حل کیا جا سکے‘ اور اس سلسلے میں جنگ‘ اور طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے گا۔ امریکی سفیر لکھتے ہیں کہ صدر ایوب خان نے میری معروضات کو پوری توجہ سے سنا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ بیان کی تجویز نئی نہیں ہے، بلکہ یہ پنڈت نہرو کی طرف سے ''نو وار ڈیکلریشن‘‘ کی شکل میں کئی بار پیش کی جا چکی ہے۔ اس تجویز کے ذریعے جو کچھ نہرو حاصل کرنا چاہتا ہے، وہ یہ ہے کہ دونوں ممالک کے پاس کشمیر کے جو حصے ہیں، وہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر ہی ان کے پاس رہیں، اور وہ اس سلسلے میں پاکستان کی طرف سے بے فکر ہوں کہ وہ کسی قسم کا اقدام نہیں کرے گا۔ صدر ایوب خان نے کہا کہ ان کا بھارت سے جنگ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، لیکن نہرو کی تجویز سے ان کے عزائم کا اندازہ ہوتا ہے۔ دیگر ضروری اقدامات کیے بغیر اس طرح کے جنگ نہ کرنے کے اعلان کا مطلب عوام میں یہ لیا جائے گا کہ پاکستان نے کشمیر ''سلور پلیٹ‘‘ میں رکھ کر بھارت کو پیش کر دیا۔ صدر ایوب خان نے نو وار ڈیکلریشن کو رد نہیں کیا، لیکن ان کے خیال میں درست طریقہ یہ تھا کہ اس سے پہلے پنڈت نہرو صدر آئزن ہاور یا ان کے نمائندے کے ساتھ مل کر کشمیر کے حل کے اصول طے کریں۔ صدر ایوب خان کے خیال میں مسئلہ کشمیر کے حل یا اس کے حل کے اصول پر اتفاق کے بغیر نو وار ڈیکلریشن خطرناک ہے، جو ان کی حکومت کو لے ڈوبے گا۔
پاکستان سے بھارت روانہ ہونے سے پہلے صدر آئزن ہاور کے سامنے ایوب خان کی پاکستان اور بھارت کے درمیان ''جوائنٹ ڈیفنس‘‘ کی تجویز اور پنڈت نہرو کا ''نو وار ڈیکلریشن‘‘کا فارمولہ‘ دونوں ٹیبل پر تھے‘ لیکن بھارت کے دورے کے بعد انہوں نے ایوب خان کا جوائنٹ ڈیفنس کا فارمولا ٹیبل سے اٹھا دیا۔ بھارت کے دورے کے دوران انہوں نے دوسرا فیصلہ یہ کیا کہ اپنی ثالثی کی پیشکش واپس لے لی، جو انہوں اپنے مشہور خط کے ذریعے پنڈت نہرو کو کی تھی، اور نہرو نے اسے مسترد کر دیا تھا۔ اس طرح پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مغربی سفارتی محاذ پر زبردست کامیابیوں کے بعد واپس نقطہ آغاز پر پہنچ گیا۔ امریکی صدر کے دورہ پاکستان اور بھارت کے بعد حالات نے جو رخ اختیار کیا اس کا احوال آئندہ سطور میں پیش کیا جائے گا۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved