مہنگائی کا اندازہ ہے‘ پاکستان اب بھی
ستا ترین ملک ہے: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ''پاکستان اب بھی دنیا کا سستا ترین ملک ہے‘ ہمیں مہنگائی کا اندازہ ہے‘‘ ویسے بھی ہمارا سارا کام اندازوں پر ہی چل رہا ہے کیونکہ ہم اندازہ لگانے میں خاصے ماہر ہیں۔ اگرچہ اندازہ کبھی کبھی غلط بھی نکل آتا ہے ؛ تاہم اب تو ملک بھر کو جیسے ہمارے اندازوں کی عادت پڑ گئی ہے جبکہ بنیادی اشیائے صرف کے مہنگے ہونے سے پریشان نہیں ہونا چاہئے‘ کبھی کبھار جب کوئی چیز سستی ہو جاتی ہے تو فوری طور پر اس کا سٹاک کر لینا چاہئے تاکہ اگر وہ بعد میں دوبارہ مہنگی ہو جائے تو آپ کو کوئی فرق نہ پڑے بلکہ آپ انہیں مہنگے داموں بیچ کر اچھا خاصا منافع بھی کما سکتے ہیں اور گھبرانے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔ آپ اگلے روز ہیلتھ انشورنس اور احساس راشن پروگرام کا افتتاح کر رہے تھے
عمران خان نے پوری زندگی چندہ مانگا
پاکستان کو بین الاقوامی فقیر بنا دیا:احسن اقبال
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ نواز کے ممتاز رہنما چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''عمران خان نے پوری زندگی چندہ مانگا اور پاکستان کو بین الاقوامی فقیر بنا دیا‘‘ جبکہ ہمیں اس کی ضرورت ہی نہیں تھی کیونکہ ہمارے لیے ملکی وسائل ہی اس قدرفراواں تھے کہ وہ بھی ہم سے سنبھالے نہیں سنبھلتے تھے اور انہیں سنبھالنے کی خاطر اکٹھا کرکے لندن اور دیگر ممالک میں بھیجنا پڑتا تھا جس کا مزہ اب موجودہ حکومت چکھ رہی ہے اور در‘در قرض کے لیے بھٹک رہی ہے حالانکہ ملک میں اس قدر وسائل اب بھی موجود تھے کہ اگر ان سے صحیح طرح استفادہ کیا جاتا تو باہر سے پیسے مانگنے کی ضرورت ہی نہ پڑتی لیکن اس کے لیے جس اہلیت کی ضرورت تھی وہ اس حکومت میں ویسے ہی ناپید ہے جس کا نتیجہ اب یہ بھگت رہی ہے۔ آپ اگلے روزمٹیاری میں دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
میرے دفتر کے افسروں‘ عملے کو دیگر
محکموں کیلئے مثال بننا ہوگا: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''میرے دفتر کے افسروں، عملے کو دیگر محکموں کیلئے مثال بننا ہوگا‘‘ جس میں دیگر محکموں کا سرا سر اپنا ہی فائدہ ہے کیونکہ اپنی مرضی سے کام کرنے نہ کرنے اور حکومتی احکامات کو ٹالنے سے بڑی عیاشی اور کیا ہو سکتی ہے اور جب سے تبادلوں کا زور شور ختم یا کم ہوا ہے یہ لوگ اور بھی شیر ہو گئے ہیں اور اکثر اوقات اپنا کام کسی دوسرے پر ڈال دیتے ہیں اور ان کے کام میں کسی قسم کی مداخلت نہ کرنے سے ان کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے جو دراصل ان کے کام میں اضافہ نہیں ہے اور دوسرے محکموں کے افسران اور عملہ میرے محکمہ کی مثال پر عمل کرنے سے جتنا چاہے‘ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے ملاقات اور کرکٹ کے فروغ پر گفتگو کر رہے تھے۔
آصف زرداری کا نام کاریگر سیاستدانوں
کے طور پر لکھا جائے گا: خواجہ آصف
سابق وزیر دفاع اور مسلم لیگ نواز کے اہم رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ''آصف زرداری کا نام کاریگر سیاستدانوں کے طور پر لکھا جائے گا‘‘ جبکہ ہمارے قائدین کو کسی کاریگری دکھانے کی ضرورت ہی نہیں پڑی کیونکہ وہ سارا کام انتہائی سادگی کے ساتھ سرانجام دے لیتے تھے اور جہاں خدمت کے سارے اصول طے شدہ تھے‘ وہاں منی لانڈرنگ کا تردد بھی نہیں کرنا پڑتا تھا اور اس کے لیے ماہر فرنٹ مینوں کی خدمات حاصل کی جاتی تھیں بلکہ بہت سا کام تو اپنے آپ ہی ہو جاتا تھا اور پاپڑ، گول گپے اور فالودہ فروش بتائے بغیر کروڑوں‘ اربوں روپے اکائونٹس میں جمع کروا جاتے تھے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں اوکاڑہ سے مسعود احمد کی یہ غزل:
مستحق لوگوں کو امداد کہاں ملتی ہے
بوڑھے ماں باپ سے اولاد کہاں ملتی ہے
آدمی جتنی بھی سائنس میں ترقی کر لے
وقت پورا ہو تو میعاد کہاں ملتی ہے
سال ہا سال سے کھوئے ہوئے بچپن کی طرح
اپنے بچپن کی کوئی یاد کہاں ملتی ہے
بار ہا جاگتی آنکھوں سے جسے دیکھا تھا
اس کہانی میں وہ روداد کہانی ملتی ہے
رات بھر چاند کھڑا رہتا تھا جس چوکھٹ پر
جھیل میں اب وہ پری زاد کہاں ملتی ہے
وہ خداوند ہے موجد ہے سبھی موجدوں کا
حسنِ فطرت کی سی ایجاد کہاں ملتی ہے
خیر و برکت سے ہوا ہے یہ خزانہ خالی
اب مرے شعروں پہ وہ داد کہاں ملتی ہے
آج کا مطلع
چار سو پھیلتی خوشبو کی حفاظت کرنا
اتنا آساں بھی نہیں تجھ سے محبت کرنا