زرعی ترقی کیلئے سائنس دانوں
کی مدد کی ضرورت ہے: فخر امام
وفاقی وزیر خوراک سید فخر امام نے کہا ہے کہ ''زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے سائنس دانوں کی مدد کی ضرورت ہے‘‘بلکہ ملک چلانے کیلئے بھی سائنسدانوں کی زیادہ ضرورت ہے کیونکہ یہ بھی ایک سائنس ہے اور ہم میں سے کوئی بھی یہ سائنس پڑھا ہوا نہیں ہے اور اسی لئے ہمیں آئے روز نالائقی اور نااہلی کے طعنے سننا پڑتے ہیں اس لئے سائنسدان خواتین و حضرات سے گزارش ہے کہ ملکی مفاد کی خاطر ہماری مدد کو آئیں اور جو جو افراد اس کار خیر میں حصہ لینے کو تیار ہوں وہ رضاکارانہ طور پر حکومت کے پاس اپنے نام لکھوا کرعند اللہ ماجور ہوں تاکہ اس سائنس کی بھی تھوڑی شد ھ بدھ ہمیں حاصل ہو سکے۔ آپ اگلے روززراعت کے موضوع پر بین الاقوامی سمپوزیم سے خطاب کر رہے تھے۔
حکمرانوں کا پورا احساب ہونا چاہیے: نوازشریف
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ''حکمرانوں کا پورا حساب ہونا چاہئے‘‘۔ لیکن کیا کیا جائے کہ ہمارا پورا حساب کتاب ابھی نہیں ہوا جبکہ اور مجھے لندن آنا پڑا اور واپس اس لئے نہیں جا رہا ہوں کہ ملک کے ساتھ ساتھ میں اپنا وقار بھی بلند کر رہا تھا جس میں اب تھوڑی ہی کسر باقی رہ گئی ہے اور حکمران اگر حساب کتاب کے قابل نہیں ہیںتو اس لئے کہ اس کیلئے ہنر مندی اور باریک بینی کی ضرورت ہوتی ہے۔ نالائقی کی نہیں، ہیں جی؟ آپ اگلے روز لندن سے ویڈیو لنک خطاب کر رہے تھے۔
موجودہ حکومت زرداری کی
ایک ٹھوکر کی مار ہے: شازیہ مری
پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ ''موجودہ حکومت زرداری کی ایک ٹھوکر کی مار ہے‘‘ اور وہ یہ ٹھوکر ابھی تک اس لئے نہیں مار سکے کہ بعض لوگوں کے ساتھ اپنے معاملات طے کرنے کی کوشش کر رہے تھے جس میں ابھی تک خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے نیز ان سے پیسوں کی مزید واپسی کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے جو کہ سرا سر زیادتی بلکہ نامناسب طرز عمل ہے کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ یہ پیسے جہاں سے اور جیسے بھی آئے ہوں وہ انہیں آپ ساتھ لے کر تھوڑی جائیں گے اور سب کچھ یہیں پڑا رہ جائے گا لیکن اتنی سی بات بھی ان کی سمجھ میں نہیں آتی بلکہ ان کی سمجھ پر رونا آتا ہے۔ آپ اگلے روز ٹنڈوالہ یار میں دیگر پارٹی رہنمائوں کے ساتھ خطاب کر رہی تھیں۔
بھنگ کی مصنوعات منشیات
سے زیادہ منافع بخش ہیں: شبلی فراز
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ''بھنگ کی مصنوعات منشیات سے زیادہ منافع بخش ہیں‘‘ نیز بھنگ گھوٹ کر پی بھی جا سکتی ہے جبکہ دیگر منشیات میں یہ سہولت حاصل نہیں ہے اور بھنگ کا ایک پیالہ آپ کے چودہ طبق روشن کردیتا ہے جبکہ یہ واحد نشہ ہے جس کی قانونی ممانعت نہیں ہے اور اس سے دوسروں کی خاطر مدارت بھی کی جا سکتی ہے حتیٰ کہ بھنگ کے پکوڑے کھا کر بھی ان بلندیوں کو چھوا جا سکتا ہے جو بھنگ کے پورے گلاس یاپیالے سے دستیاب ہو تی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک ایگریکلچر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
جنید تعلیم مکمل کرنے کے بعد
الیکشن لڑے گا: کیپٹن (ر) صفدر
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ ''میرا بیٹا جنید بھی تعلیم مکمل کرنے کے بعد الیکشن لڑے گا‘‘ بلکہ شاید اسے تعلیم بھی مکمل نہ کرنی پڑے کیونکہ اس کی ضرورت شاید پہلے ہی لاحق ہو جائے کیونکہ زیادہ تر لیگی رہنمائوں کے سزا یاب ہونے کے بعد پارٹی میں ایک بہت بڑا خلا پیدا ہو جائے گا جسے کسی نہ کسی طرح پُر کرنا ہی ہوگا جبکہ ویسے بھی پاکستانی سیاست ہمارے ورثے کی صورت اختیار کر چکی ہے کیونکہ ہمارے علاوہ کوئی اور اس ملک کو چلا بھی نہیں سکتا جبکہ خاندانی خوش حالی بھی اس کی مرہون منت ہے نیز اس کی ہمیں اور اس کو ہماری عادت بھی پڑ چکی ہے۔ آپ اگلے روز مانسہرہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
اور اب آخری اس ہفتے کی تازہ غزل
جتناہوں، جس قدر، جہاں ہوں میں
کوئی مٹتا ہوا نشاں ہوں میں
اور، ہوں بھی اگر کہیں موجود
پھر بھی کہتا نہیں کہ ہاں، ہوں میں
آپ کی کائنات سے ہٹ کر
کہیں ایک اور ہی جہاں ہوں میں
وقت سے ماورا بھی ہوں شاید
پیش ازیں ہوں نہ بعد ازاں ہوں میں
دُکھ بھی ہوتا ہے سننے والوں کو
کوئی نغموں بھری فغاں ہوں میں
پیڑ پودے پناہ مانگتے ہیں
سو ،کچھ ایسا ہی باغباں ہوں میں
راستے میں رُکے زمانہ ہوا
لگ رہا ہے رواں دواں ہوں میں
مسترد کردیا زمیں نے مجھے
اور، مجبوراً آسماں ہوں میں
آگ مجھ سے لگی ہے دور، ظفرؔ
اور یہاں پر دھواں دھواں ہوں میں
آج کا مقطع
نہیں چابی بھی میرے پاس ظفر
توڑ سکتا نہیں تالا اُس کا