تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     05-01-2022

سرخیاں، متن اور حمیدہ شاہین

اس سال دس لاکھ پاکستانیوں کو بیرونِ ملک
بھیج دیں گے: ایوب آفریدی
وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز سینیٹر ایوب آفریدی نے کہا ہے کہ '' اس سال دس لاکھ پاکستانیوں کو بیرونِ ملک بھیج دیں گے‘‘ اسی طرح خدا نے اگر توفیق دی تو رفتہ رفتہ تمام پاکستانیوں کو بیرونِ ملک بھیج دیں گے تاکہ سیاسی جھگڑے ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائیں اور سیاسی جماعتیں الیکشن لڑنے کے بجائے آپس میں کشتی لڑ کر ہی ہار جیت کا فیصلہ کر لیا کریں جس کیلئے ہر شہر میں ایک عمدہ اکھاڑہ قائم کرنے کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ ساری کشتیاں جیتنے والا رستمِ پاکستان کہلائے گا؛ البتہ پہلوانوں کے پٹھوں کے مقابلے وقتاً فوقتاً ہر سال باقاعدگی سے ہوتے رہیں گے۔ آپ اگلے روز بٹ خیلہ میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
عوام کیلئے دو وقت کا کھانا مشکل ہو گیا: پرویز اشرف
سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ''عوام کیلئے دو وقت کا کھانا مشکل ہو گیا‘‘ چنانچہ وہ اس کا علاج اس طرح کرتے ہیں کہ دو وقت کا کھانا دبا کر ایک ہی وقت میں کھا لیتے ہیں اور دوسرے وقت کے کھانے سے بے نیاز ہو جاتے ہیں اور یہ انہوں نے اونٹوں سے سیکھا ہے جو ایک ہی وقت میں کئی وقت کا چارہ کھا کر کم و بیش ایک مہینے کیلئے مزید کھانے سے بے نیاز ہو جاتے ہیں اور اس طرح اونٹ کی کوئی نہ کوئی کل بھی سیدھی ہو جاتی ہے۔ اگرچہ اس سے عوام کی تو کوئی کل سیدھی نہیں ہوتی لیکن اس سے ان کا وقت بچ جاتا ہے اور خرچے میں بھی کافی بچت ہو جاتی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
راولپنڈی پی ٹی آئی کا قلعہ ہے: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''راولپنڈی پی ٹی آئی کا قلعہ ہے‘‘ صرف اس کے ارد گرد فصیل کھڑی کرنے کی کسر ہے تاکہ اپوزیشن کے حملوں سے بچا جا سکے۔ اگرچہ ان کے حملے حسب معمول بے کار ہی ثابت ہو رہے ہیں لیکن مہنگائی بھی اپنے پر پرزے نکال رہی ہے حالانکہ کئی بار اعلان کیا جا چکا ہے کہ مہنگائی کم ہو رہی ہے لیکن بازار جانے پر معلوم ہوتا ہے کہ یہ روز بروز‘ پہلے سے بھی بڑھ رہی ہے؛ تاہم امید ہے کہ قلعے کی فصیل اس ضمن میں مدد گار ثابت ہو گی جبکہ ویسے بھی ہم نے یہ معاملہ قدرت پر چھوڑ رکھا ہے کیونکہ اس پر قدرت ہی قابو پا سکتی ہے اور ہمیں خدا کی ذات پر پورا پورا یقین ہے۔ آپ اگلے روز خیر پور ٹامیوالی حادثہ پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
نوازشریف خود لندن میں نہیں رہنا چاہتے: خرم دستگیر
مسلم لیگ نواز کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ''نوازشریف خود لندن میں نہیں رہنا چاہتے‘‘ کیونکہ لندن میں ان کی صحت مزید خراب ہوتی جا رہی ہے، اسی لئے انہوں نے اگلے روز ایک خلیجی ملک کے مشیر سے بھی ملاقات کی ہے کیونکہ وہاں انہیں علاج کی بہتر سہولتیں میسر آ سکتی ہیں جبکہ وہ پہلے بھی سعودی عرب میں علاج معالجے سے مستفید ہو چکے ہیں اور اگر وہاں ممکن نہ ہوا تو کسی اور ملک کا رخ کریں گے جو ہمارا ایک ہمسایہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہاں کے ہسپتالوں میں انہیں گھر ہی جیسا ماحول دستیاب ہوگا جبکہ ویسے بھی ان کی اپیل خارج ہونے کے بعد برطانوی حکومت ان سے معذرت کرنے والی ہے جسے وہ چار و ناچار قبول کر لیں گے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک تھے۔
اور‘ اب آخر میں حمیدہ شاہین کی تازہ غزل
اُگتے ہوئے نہ روند‘ لگے مت خراب کر
تو زرد ہے تو سب کے ہرے مت خراب کر
اپنی کڑی سے کاٹ خرابی کا سلسلہ
پھیلے ہوئے نبیڑ، نئے مت خراب کر
مانے ہوئے کو مان کہ ترتیب ٹھیک ہے
روٹھے ہوئے منا کے سمے مت خراب کر
چھونے کے بھی اصول ہیں‘ ہر شرخ کو نہ چھو
چھدرے تو منتظر ہیں، گھنے مت خراب کر
جو جس مقام پر ہے اسے بے سبب نہ چھیڑ
بکھرے ہوئے سمیٹ‘ پڑے مت خراب کر
جو فطرتاً خراب ہیں ان کا تو حل نہیں
جو ٹھیک مل گئے ہیں تجھے‘ مت خراب کر
بے لمس پھلتے پھولتے خود رو کو مت اکھیڑ
جو بات خود بخود ہی بنے‘ مت خراب کر
تیرے خراب کردہ بہت ہیں دلِ خراب
اتنا بھلا تو کرکہ بھلے مت خراب کر
اب سلوٹوں سمیت پہن یا سمیٹ دے
تجھ سے کہا بھی تھا کہ مجھے مت خراب کر
بے لطف زندگی بھی خرابی ہے سر بسر
واجب خرابیوں کے مزے مت خراب کر
اتنا نہ کر دراز خرابی کا سلسلہ
اک شے کو دوسری کے لیے مت خراب کر
وہ خود خراب کرنے پہ کرتا ہے مشتعل
جو روز بار بار کہے مت خراب کر
آج کا مطلع
وہ دن بھر کچھ نہیں کرتے ہیں میں آرام کرتا ہوں
وہ اپنا کام کرتے ہیں میں اپنا کام کرتا ہوں

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved