اپوزیشن کو چھپنے کی جگہ نہ ملنا
حکومت کی گیڈر بھبکی ہے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور نواز لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''اپویشن کو چھپنے کی جگہ نہ ملنا حکومت کی گیڈر بھبکی ہے‘‘ کیونکہ چھپنے کے لیے اگر ہمارے اپنے گھر موجود ہیں تو ہمیں اس کے لیے مزید کوئی جگہ تلاش کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ البتہ اگر ''انتقامی کارروائیوں‘‘ کے نتیجے میں ہمارے اثاثے بھی خدا نخواستہ ضبط کر لیے گئے تو رشتے داروں کے وسیع و عریض گھر موجود ہیں بلکہ اس کے علاوہ ہم نے الگ سے بھی چھپنے کا ایسا انتظام بھی کر رکھا ہے کہ اس کی حکومت تو کیا کسی کو بھی خبر نہ ہو گی اور اس کا علم صرف ہمارے خاص افراد کو ہی ہوتا ہے جو بھاری معاوضے پر کام کر رہے ہیں‘ اس لیے حکومت خاطر جمع رکھے۔ آپ اگلے روز وزیراعظم کی ٹیلیفون پر گفتگو پر اپنے ردعمل کا اظہار کر رہی تھیں۔
میں نے کبھی نہیں کہا کہ بینظیر ، نواز شریف اور عمران
خان کو میں نے وزیراعظم بنوایا: گورنر چودھر ی سرور
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ''میں نے کبھی نہیں کہا کہ بینظیر، نواز شریف اور عمران خان کو میں نے وزیراعظم بنوایا‘‘ اور اگر کہا بھی تھا تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اسے شائع اور نشر کر دیا جائے کیونکہ اس وقت سے میرے پاس وزیراعظم بننے کے خواہشمندوں کی درخواستوں کا ایک انبار لگ گیا ہے اور فون کالز کی بھی بھرمار ہے جبکہ درخواستیں تو اس قدر ہیں کہ گھر میں تل دھرنے کو بھی جگہ نہیں ہے، اس لئے تل دھرنے کے لیے ایک عمارت علیحدہ سے کرائے پر لینی پڑ رہی ہے، نیز بعض امیدواروں نے اس کے معاوضے کے بارے میں بھی دریافت کیا ہے‘ سو اس سلسلہ میں عرض ہے کہ میں یہ کام مفت یعنی خلقِ خدا کی خدمت کے جذبے سے کرتا ہوں اور اس کا اجر اگلے جہان میں چاہتا ہوں۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
کسانوں کا استحصال بند کیا جائے،
حکومت کہاں سوئی ہوئی ہے: شہباز شریف
قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف، نواز لیگ کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''کسانوں کا استحصال بند کیا جائے‘ حکومت کہاں سوئی ہوئی ہے‘‘ اور یہ جاننا بے حد ضروری ہے تا کہ سوئی ہوئی حکومت کو جگایا جا سکے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ گھوڑے بیچ کر سوئی ہوئی ہے بلکہ سونے سے پہلے اس نے اپنے سارے مویشی ہی بیچ دیے ہیں جو کہ سراسر گھاٹے کا سودا ہے کیونکہ آج کل بعض کی کھال ہی اس قدر مہنگی بکتی ہے کہ جس کا کوئی حساب ہی نہیں ہے جبکہ ان کا گوشت علیحدہ فروخت ہوتا ہے اور اس کی خاص ڈشیں تیار کی جاتی ہیں اور جو شائقین مزے لے لے کر کھاتے ہیں ۔ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا
جال بچھایا جا رہا ہے: حسان خاور
وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی حسان خاور نے کہا ہے کہ ''جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے‘‘ جو ایک کثیر المقاصد کام ہو گا کیونکہ ان جالوں کی مدد سے بٹیرے وغیرہ بھی پکڑے جا سکیں گے اور عوام کو مہنگا گوشت خریدنے سے نجات ملے گی بلکہ ان کے علاوہ بھی مختلف اقسام کے پرندوں کا شکار کیا جا سکتا ہے؛ البتہ ان جالوں کے ذریعے کبوتروں کو پکڑنے کا رسک نہیں لینا چاہیے کہ ان کے بارے میں سُنا ہے کہ وہ جال سمیت بھی اڑ جاتے ہیں جبکہ اس صورت میں حکومت کو اضافی جال بچھانا پڑیں گے جو اس کفایت شعار حکومت پر ایک اضافی بوجھ ہوں گے جو بمشکل اپنا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے اور جس سے اس کی کمر دُہری ہو چکی ہے اور یہ کسی اضافی بوجھ کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور‘ اب اوکاڑہ سے مسعود احمد کی شاعری:
سیف الملوک ہے کہ بدیع الجمال ہے
دل کی کلی میں سارا محبت کا مال ہے
اک عمر ہو گئی ہے اسے دیکھتے ہوئے
ماضی کی سمت بھاگتا پل پل یہ حال ہے
کیا دن تھے والدین مجھے پالتے رہے
بچوں کے اب سپرد مری دیکھ بھال ہے
دشمن کی چال سے تو میں بچ کر نکل گیا
اب کیا کروں یہ میرے مقدر کی چال ہے
ان مضمرات پر بھی ذرا غور کیجئے
آنکھیں ہیں سرخ‘ آپ کا چہرہ بھی لال ہے
دن رات دندناتا ہے وہ دل میں اس طرح
جس طرح یہ مربعہ کوئی گھوڑی پال ہے
مسعود مر مر ا کے بھی عقدہ نہیں کھلا
جینا محال تھا کہ یہ مرنا محال ہے
آج کا مطلع
آنکھوں میں رکا خواب ہے چلتا کب ہے
جو دل میں سما جائے نکلتا کب ہے