حکمران جماعت کے اپنے لوگ ان کی
کشتی سے چھلانگیں لگا رہے ہیں: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''حکمران جماعت کے ا پنے لوگ ان کی کشتی سے چھلانگیں لگا رہے ہیں‘‘ اور ان میں سے جو لوگ تیرنا نہیں جانتے‘ انہیں چاہیے کہ ڈوبنے کے بجائے کشتی کو کنارے تک پہنچنے دیں اور وہاں جا کر جتنی چاہیں چھلانگیں لگائیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ڈنڈ بیٹھکیں بھی نکال سکتے ہیں کیونکہ صحت مندی کے لیے ورزش بھی بے حد ضروری ہے اور یہ اپوزیشن کا مقابلہ کرنے میں کارآمد بھی ثابت ہو سکتی ہے؛ اگرچہ اپوزیشن خود اس قدر نحیف و نزار واقع ہوئی ہے کہ دونوں میں کسی مقابلے کا سوال پیدا ہی نہیں ہوتا‘ اس لیے حکومت کے بجائے اپوزیشن کو اپنی صحت کے معاملات پر توجہ دینے کی زیادہ ضرورت ہے۔ آپ اگلے روز بعض تقاریب سے خطاب کر رہے تھے۔
مسترد عناصر کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''مسترد عناصر کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا‘‘ اگرچہ ہمارے ہاتھ بھی تقریباً خالی ہیں لیکن جیبیں خالی نہیں ہے اور اللہ کا دیا سب کچھ موجود ہے اور پریشانی کی کوئی وجہ اور بات نہیں ہے کیونکہ ہاتھ اگر خالی بھی ہوں تو جیب میں سے کچھ نہ کچھ نکال کر ان میں بھرا جا سکتا ہے جبکہ اپوزیشن کی جیبیں اس نے خود خالی کر رکھی ہیں اور سارا کچھ باہر بھیج رکھا ہے اور اب یہ جیبیں دوبارہ بھرنے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے اور خدا کرے اس کی جیبیں خالی ہی رہیں کیونکہ جیبیں بھرنے والے ان کے علاوہ بھی کئی موجود ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے معمول کی بات چیت کر رہے تھے۔
اپوزیشن کی پیشیاں ختم‘ اب عمران خان
عوامی عدالت میں ہیں: حمزہ شہباز
پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف اور مسلم لیگ نواز کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ''اپوزیشن کی پیشیاں ختم‘ اب عمران خان عوامی عدالت میں ہیں‘‘ اور ہم اپنی پیشیوں کو اس لیے ختم سمجھتے ہیں کہ مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہونے کی خبریں آ رہی ہیں اور جس کا صاف مطلب یہی ہے کہ ہم جلد از جلد بڑے گھر پہنچنے والے ہیں اور اس طرح ہماری پیشیوں کا بھی خاتمہ ہو جائے گا‘ ماسوائے اس کے کہ اپیلوں کے حوالے سے ہی پیشیاں باقی رہ جائیں گی اور جس کے بعد روز روز کی اس سیاست سے بھی ہمارے چھوٹ جانے کا پورا پورا امکان موجود ہے جبکہ ہمارے ساتھ ساتھ باقی دنیا بھی اُمید ہی پر قائم ہے۔ آپ اگلے روز احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کر دیا: شبلی فراز
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ ''عمران خان نے نظامِ انصاف میں اصلاحات کر کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے‘‘ جبکہ پورے ہونے والے وعدوں کے انبار میں ہم خود ہی غائب ہوتے جا رہے ہیں جس سے باہر نکلنے کی کوششیں جاری ہیں، لیکن مشکل یہ ہے کہ اس انبار سے نکلتے ہیں تو وزیراعظم اس وقت تک کئی اور وعدے پورے کرچکے ہوتے ہیں اور ہم پھر اس انبار میں غائب ہو جاتے ہیں اور یہ ایک ایسی مسلسل مصروفیت ہے جس کی وجہ سے ہم کسی اور کام پر توجہ دے ہی نہیں پاتے اس لیے ہماری اس مجبوری کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے نواز شریف کو واپس لانے اور لُوٹے ہوئے پیسوں کی واپسی کا وعدہ پورا کرنا مؤخر کر دیا ہے تاکہ ہم کسی اور کام کو بھی دیکھ بھال سکیں۔ آپ اگلے روز ٹویٹر پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
محبت اور خوشبو
یہ احسان اللہ ثاقب کا مجموعۂ کلام ہے۔ انتساب ممتاز اور مرحوم شاعر شہزاد ا حمد کے نام ہے۔ اس کتاب کے دیباچے قلمبند کرنے والوں میں خالد احمد، اسلم کولسری، شفیق سلیمی، کرامت بخاری اور اظہار احمد گیلانی شامل ہیں۔ پسِ سرورق شاعر کی تصویر کے ساتھ ان کی دو غزلیں درج کی گئی ہیں۔ اس مجموعے کایہ گفٹ ایڈیشن ہے۔ اس کتاب میں کل 79غزلیں شامل ہیں۔ نمونۂ کلام:
میں تم سے پیار کرنا سیکھ جاؤں
غزل میں رنگ بھرنا سیکھ جاؤں
چرا کر تیرے پیکر سے تری خوشبو
فضاؤں میں بکھرنا سیکھ جاؤں
وصال و ہجر کی آتش سے لگتا ہے
شبِ غم سے گزرنا سیکھ جاؤں
اور‘ اب آخر میں یہ تازہ غزل:
آنکھوں میں رُکا خواب ہے‘ چلتا کب ہے
جو دل میں سما جائے نکلتا کب ہے
اب دیکھنا ہے تیرے بدل جانے سے پہلے
مطلب تری باتوں کا بدلتا کب ہے
گرنے کا ارادہ ہی اگر آپ ہو جس کا
وہ تیرے سنبھالے بھی سنبھلتا کب ہے
اس دھوپ سے بچنا کوئی ممکن تو نہیں اب
سورج تیرے انکار کا ڈھلتا کب ہے
گُل پھول ہیں اب اس کو پسند اور طرح کے
وہ باغ ہمارے میں ٹہلتا کب ہے
کیا بھیجتے ہو اپنے تغافل کی ہوائیں
دل کا یہ دیا پہلے ہی جلتا کب ہے
کر دی گئی ہو آب و ہوا بند ہی جس کی
پودا وہ یہاں پھولتا پھلتا کب ہے
باندھیں کوئی اُمید بھی کیا اچھے دنوں کی
دل ایسے کھلونوں سے بہلتا کب ہے
ہوں کوئی بُرا وقت‘ ظفرؔ‘ شہر پہ کب سے
آیا ہوا ہے‘ دیکھیے ٹلتا کب ہے
آج کا مطلع
جدائی بھی نہیں تھی‘ بے وفائی بھی نہیں تھی
محبت اپنا ابھی گیت گائی بھی نہیں تھی