توبہ کے معنی ہیں: ''رجوع کرنا‘‘،'' تَائِب ‘‘بندے کی صفت ہے اور''تَوّاب‘‘(بہت زیادہ توبہ کرنے والا)قرآنِ کریم میں اللہ کے مقبول بندوں کے لیے آیا ہے اور اللہ تبارک وتعالیٰ کی صفت کے طور پر بھی آیا ہے۔ بندے کی توبہ کا مطلب : ''اس کاشرک سے توحید کی طرف،کفر سے اسلام کی طرف، نفاق سے اِخلاص کی طرف، مَعصیت سے اِطاعت کی طرف، فِسق وفُجور سے تقوے کی طرف اور گناہ سے نیکی کی طرف پلٹ کرآنا ‘‘اور اللہ تعالیٰ کے ''توّاب‘‘ ہونے کا مطلب : ''اس کا عفو کرم اور مغفرت کے ساتھ بندے کی طرف توجہ فرمانا ہے ‘‘، ارشادِ باری تعالیٰ ہے: (1)''(حقیقی مومن وہ لوگ ہیں) جو توبہ کرنے والے ،(اللہ کی) عبادت کرنے والے، (اس کی) حمد وثنا کرنے والے ، روزہ رکھنے والے، رکوع کرنے والے، سجدہ کرنے والے، نیکی کا حکم دینے والے اور برائی سے روکنے والے اور اللہ (کے دین) کی حدود کی حفاظت کرنے والے ہیں اور (اے نبی!) مومنوں کو خوشخبری سنائیے،(توبہ:112)‘‘۔ (2): ''میں بہت زیادہ توبہ قبول کرنے والا (توّاب) اور نہایت مہربان ہوں،(البقرہ:128)‘‘۔(3): ''کیا وہ نہیں جانتے کہ اللہ ہی اپنے بندوں کی توبہ قبول فرماتاہے اور ان کے صدقات کو قبولیت سے نوازتاہے اور بے شک اللہ بہت توبہ قبول کرنے والا مہربان ہے، (التوبہ:104)‘‘۔
چونکہ بندوں کا توبہ کرنا اللہ تعالیٰ کو بے حد پسند ہے ، اس لیے مبالغے کے ساتھ ''تَوَّاب‘‘ (بہت زیادہ توبہ کرنے والا) بندے کی صفت کے طور پر بھی قرآن مجید میں آیاہے،ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ''بے شک اللہ بہت زیادہ توبہ کرنے والوں اور بے حد پاکیزگی اختیار کرنے والوں سے محبت فرماتاہے،(البقرہ:222)‘‘۔
اس قلبی عمل کی تحریک و ترغیب انسان کے اندر سے پیدا ہوتی ہے اور یہ انسان کی روح میں جوہرِ ایمان کے زندہ ہونے اور زندہ رہنے کی دلیل ہے، یہ بیم ورَجاء کی ملی جلی کیفیت کانام ہے، یعنی بندے کے دل میں اللہ تعالیٰ کی خَشیت بھی اعلیٰ درجے کی ہو اور اس کی رحمت پر یقین بھی انتہائی درجے کا ہو۔ خوفِ الٰہی معصیت کی طرف بڑھتے ہوئے قدموں کی زنجیر بن جاتاہے اوررحمتِ باری تعالیٰ پر یقین اس کی رحمت کی طرف بے اختیار لپکنے پربرانگیختہ کرتاہے۔ اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاداس کے گناہ گار بندوں کے لیے نَجات ومغفرت کا ایک بہت بڑا سہاراہے اور اس کی بے پایاں رحمت پر امید کی اس سلگتی ہوئی چنگاری کے ''شعلۂ جوّالہ‘‘ بننے کے لیے انسان کی روح کو بے قرار کردیتاہے: ''(اے نبی!) کہہ دیجیے! اے میرے وہ بندو! جو(گناہ کرکے) اپنی جانوں پر زیادتی کرچکے ہو، اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو، بے شک اللہ(تمہارے) تمام گناہوں کو بخش دے گا، بے شک وہی بہت بخشنے والا بے حدمہربان ہے،(الزمر:53)‘‘۔ رسول اللہﷺنے فرمایا: ''اگر اس آیت کے بدلے میں مجھے پوری دنیا(کی دولت) دیدی جائے، تو بھی یہ سودا مجھے قبول نہیں ہوگا، اس پر ایک شخص نے عرض کی: اگر کسی نے شرک کیا ہو، تو رسول اللہﷺ (کچھ دیر) خاموش رہے، پھر آپﷺ نے تین مرتبہ فرمایا : ہاں! اگر اس نے شرک کیاہو (تب بھی اس کے لیے توبہ کادروازہ کھلاہے)،(مسند امام احمد : 22362)‘‘۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ کفروشرک کی معافی توبہ کے بغیر ممکن نہیں ہے اور اگر کفر وشرک سے توبہ کرکے صدقِ دل سے ایمان قبول کرلیتاہے ، تواس کے لیے رسول اللہ ﷺکی یہ بشارت موجود ہے:ایک طویل حدیث میں راوی بیان کرتے ہیں : عَمرو بن عاص کی موت کے وقت ہم حاضر ہوئے تو انہوں نے ہمیں بتایا: ''جب اللہ تعالیٰ نے میرے دل میں اسلام (کی حقانیت) کو ڈال دیا، تو میںنبی ﷺکے پاس آیا اور عرض کی: (یا رسول اللہ !) اپنا ہاتھ بڑھائیے تاکہ میں آپ کی بیعت کروں، رسول اللہ ﷺنے اپنا دایاں ہاتھ آگے بڑھایاتومیں نے اپنا ہاتھ پیچھے کھینچ لیا، آپﷺنے فرمایا: عَمرو! تمہیں کیا ہوا، انہوں نے عرض کی: (بیعت سے پہلے)میری ایک شرط ہے، آپ ﷺنے فرمایا: بولو! کیا شرط ہے؟، میں نے عرض کی: میرے (ماضی کے )گناہوں کو بخش دیاجائے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا تمہیں نہیں معلوم کہ اسلام زمانۂ کفروشرک کے گناہوں کو مٹادیتاہے اور ہجرت اُس سے پہلے گناہوں کو مٹادیتی ہے اور حج اُس سے پہلے گناہوں کو مٹادیتا ہے، (صحیح مسلم:192)‘‘۔یہ بشارت اس اسلام کے لیے ہے جو کسی خوف یا طمع کے سبب سے یاکسی کی محبت میں ڈوب کر شادی کا راستہ ہموار کرنے کے لیے نہیں،بلکہ اسلام کی حقانیت کو دل سے تسلیم کرکے قبول کیا جائے ۔ہجرت کی حقیقت کو رسول اللہﷺنے ان کلمات میں بیان فرمایا: ''(حقیقی) مہاجروہ ہے جوہر اس چیز کوترک کر دے، جس سے اللہ نے منع فرمایا ہے،(صحیح البخاری:10 )‘‘۔اسی طرح گناہوں سے پاک صاف ہونے کی بشارت اُس کے لیے ہے جس کا حج اللہ کی بارگاہ میں مقبول ہوجائے، ارشادِ باری تعالیٰ ہے: '' بے شک اللہ تعالیٰ اس بات کو توکسی صورت میں معاف نہیں فرماتا کہ اس کے ساتھ کسی کو شریک کیا جائے اور اس کے علاوہ جس کے لیے چاہے (دیگر ) گناہوں کو بخش دیتا ہے،(النساء:48)‘‘۔ اللہ تعالیٰ کایہ ارشاد اس بات پر محمول ہے کہ جب تک بندہ کفروشرک سے توبہ نہ کرے بلکہ اس پر ڈٹا رہے اور اسی پر اس کی موت واقع ہوتووہ ناقابلِ معافی ہے،پس توبہ کے روحانی اور ارتقائی مدارج حسبِ ذیل ہیں:
(1)اپنی معصیت کا اقرار واعتراف(Confession): رسول اللہ ﷺکا ارشاد ہے: ''بے شک بندہ جب اپنے گناہ کا اعتراف کرکے توبہ کرتاہے، تو اللہ تعالیٰ اس کی توبہ قبول فرماتاہے،(بخاری:4141)‘‘،(2)اس پر اللہ کے تعالیٰ کے حضور نَدامت وشرمساری کا اظہار کرنا: سورۂ القیامہ میں اللہ تعالیٰ نے انسان کے ضمیر کو'' نفسِ لوّامہ ‘‘یعنی گناہ پر ملامت کرنے والا قرار دیا ہے اور اس کی قسم فرمائی ہے،رسول اللہ ﷺنے فرمایا: ''ندامت توبہ (کی روح) ہے،(سنن ابن ماجہ:4252)‘‘۔مشہور مسئلہ ہے کہ صغیرہ گناہ پر اصرار بھی اسے کبیرہ بنادیتاہے۔ چونکہ استغفار نَدامت کی علامت ہے، اس لیے رسول اللہ ﷺنے فرمایا: ''جس نے استغفار کرلی، اس نے (گناہ) پر اصرار نہیں کیا‘‘، (3)اﷲتعالیٰ کی بارگاہ میں عفووکرم اور مغفرت کی التجا:اللہ تعالیٰ کا ارشادہے: ''اوراپنے رب کی بخشش اور اس جنت کی طرف جلدی کرو، جس کا عرض تمام آسمان اور زمینیں ہیں ، جو متقین کے لیے تیار کی گئی ہے،(آل عمران:133)‘‘،(4)آئندہ کے لیے اس کا ارتکاب نہ کرنے کا عہد،(5)معصیت کا تعلق حقوق اللہ کی پامالی سے ہویا حقوق العباد کی،دونوں صورتوں میں شریعت میں اس کی تلافی کا جو طریقہ مقرر ہے، اس کے مطابق اس کی تلافی کرنا: مثلاً ماضی کی چھوڑی ہوئی نمازوں کی قضا، ماضی کی واجب الادا زکوٰۃ کی ادائیگی ، جس بندے کا حق غصب کیا ہے، اس سے معافی طلب کرنا اور غصب شدہ مال کو واپس کرنا وغیرہ۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا: ''کیا تم جانتے ہو کہ مُفلس کون ہے، صحابہ نے عرض کی: ہمارے نزدیک مفلس وہ ہے، جس کے پاس درہم (ودینار) اوردنیاوی ساز و سامان نہ ہو، آپﷺ نے فرمایا: میری امت میں مُفلس وہ ہے،جو قیامت کے دن اس حال میں آئے گا کہ اس کے نامۂ اعمال میں نمازیں ، روزے اور زکوٰۃ سب کچھ ہوگا،( لیکن اس کے ساتھ ساتھ) اس نے کسی کو گالی دی ہوگی، کسی پر(بدکاری کی) تہمت لگائی ہوگی، کسی کا مال(ناحق) کھایا ہوگا، کسی کا(ناحق) خون بہایا ہوگا، کسی کو (ظلماً) مارا ہوگا، توان سب حق داروں کو اُن کے حقو ق کے بدلے میں اس کی نیکیاں دے دی جائیں گی، پھر جب دوسروں کے حقوق کے بدلے میں دینے کے لیے اس کی نیکیاں ختم ہوجائیں گی، تواُن کے گناہ اُس کے کھاتے میں ڈال دیے جائیں گے، پھر اسے جہنم میں ڈال دیا جائے گا،(مسلم:2581)‘‘،(6):اللہ تعالیٰ سے اس پیمانِ وفا پر عہدہ برا ہونے کی توفیق طلب کرنااور توفیق کے معنی ہیں : اللہ تعالیٰ کی طرف سے نیک مقصد کے لیے اسباب کو سازگار بنانا،اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ''اور جس نے (اپنا مال )اللہ کی راہ میں دیا اور پرہیز گاری اختیار کی اور اس نے اچھائی کی تصدیق کی، تو ہم عنقریب اس کے لیے(جنت تک رسائی کو) آسان کردیں گے ،(اللّیل:5-7)‘‘۔ رسول اللہ ﷺ کا ارشادہے: ''تم میں سے ہر ایک کے لیے جنت یا جہنم میں ٹھکانا مقدر ہے، صحابہ نے عرض کی: ''یارسول اللہﷺ! کیا ہم اپنی تقدیر پر توکل کریں (اورعمل سے دستبردار ہوجائیں)‘‘، آپ ﷺ نے فرمایا:(نہیں) تم (نیک )کام کیے جاؤ ، ہر ایک کے لیے اس کی منزل تک رسائی کو آسان کر دیا جاتاہے، سو جو اہلِ سعادت میں سے ہے، اس کے لیے سعادت کے کاموں کو آسان کردیاجائے گااور جو اہلِ شقاوت میں سے ہے وہ اپنے لیے بدبختی کے کاموں میں آسانی سمجھے گا، پھر آپ نے سورۃ اللّیل کی آیات:5تا7 تلاوت فرمائیں(جو اوپر مذکور ہوئیں)، (بخاری:1362)‘‘۔الغرض توبہ قُربِ باری تعالیٰ کے لیے ایک باطنی تبدیلی اور روحانی ارتقاکا نام ہے،شیخ ابوسعید ابوالخیرنے کہا ہے:
باز آ باز آ ہر آنچہ ہستی باز آ
گر کافر و گبر و بت پرستی باز آ
ایں درگہِ ما درگہِ نومیدی نیست
صد بار اگر توبہ شکستی، باز آ
ترجمہ: ''رحمتِ باری تعالیٰ پکار رہی ہے: اے میرے بندے! اگر تم راہِ راست سے بھٹک گئے ہو، توجو کچھ بھی ہو اور جیسے بھی ہو، واپس پلٹ آئو، اگر تم کافر، آتش پرست اور بت پرست ہوچکے ہو، تب بھی واپسی کا راستہ کھلا ہے، ہماری بارگاہ ناامیدی کی جگہ نہیںہے، اگر تم نے سوبار بھی پیمانِ وفا باندھ کر توڑ دیا ہے، تو آئو، ایک بار پھر پلٹ کر ہماری رحمت کی آغوش میں آجائو‘‘۔
قرآنِ کریم میں توبہ کی قبولیت اور ردّ کا معیار بھی بتادیا : ''بے شک اللہ تعالیٰ نے اُن لوگوں کی توبہ کی قبولیت اپنے ذمۂ کرم پر لے رکھی ہے ،جو نادانی میں گناہ کر بیٹھتے ہیں ، پھر (احساس ہوتے ہی) جلد توبہ کرلیتے ہیں ، تو یہ وہ لوگ ہیں جن کی توبہ اللہ (اپنے فضل وکرم سے ) قبول فرماتا ہے اور اللہ خوب جاننے والا،بہت حکمت والا ہے اور ان لوگوں کی توبہ قبول کرنا اللہ کے ذمۂ کرم پر نہیں ہے جو مسلسل گناہ کرتے رہتے ہیں حتیٰ کہ جب ان میں سے کسی کی موت سر پر آجائے، تو وہ کہتا ہے: میں نے اب توبہ کی اور نہ اُن کی توبہ (قبول کرنااللہ کے ذمۂ کرم پر ہے) جو کفر کی حالت میں مرجاتے ہیں ، یہ وہ لوگ ہیں جن کے لیے ہم نے دردناک عذاب تیار کر رکھا ہے، (النسآء: 17-18)‘‘۔