تحریک کی کامیابی کے بعد سارے فیصلے
مشاورت سے ہوں گے: شہباز شریف
قومی اسمبلی میں قائد ِحزب ِاختلاف، نواز لیگ کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''تحریک کی کامیابی کے بعد سارے فیصلے باہمی مشاورت سے ہوںگے‘‘ اوّل تو اس کی نوبت ہی نہیں آئے گی اور عمران خان نئے انتخابات کا اعلان کر دیں گے جبکہ پیپلز پارٹی والے ہمارے خلاف اور ہم ان کیخلاف وہ وہ نیک ارادے ظاہر کرینگے کہ توبہ ہی بھلی ہے ، زرداری صاحب کی طرف سے مجھے وزیراعظم نامزد کرنا بھی ایک کھلا مذاق تھا کیونکہ ہم سب کولگتا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی نوبت ہی شاید نہ آئے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
ہم چلے گئے تو کیا ان کو سانس لینے دیں گے؟ فیصل واوڈا
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ''ہم اگر چلے گئے تو کیا ان کو سانس لینے دیں گے؟‘‘ کیونکہ ہمیں بھی انہوں نے کب سانس لینے دیا ہے جس کا ایک فائدہ یہ ہوا کہ ہمیں سانس کے بغیر ہی کام چلانے کی عادت ہو گئی جبکہ انہیں اس قسم کا کوئی تجربہ نہیں ہے اس لئے اصل مشکلات تو ان کیلئے پیدا ہوں گی جبکہ ہم نے تو اس کی پریکٹس بہت پہلے ہی شروع کر دی تھی کیونکہ ہمیں تو انہوں نے روزِ اول سے سانس نہیں لینے دیا اس لئے انہیں آکسیجن سلنڈرز کا انتظام ابھی سے کر لینا چاہئے ،آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
عدم اعتماد کا عمل نہ ہوا تو بحران پیدا ہوگا: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''عدم اعتماد کا عمل نہ ہوا تو بحران پیدا ہوگا‘‘ کیونکہ اس سے بڑا بحران اور کیا ہو سکتا ہے کہ میرے وزیر خارجہ بننے کی بات بیچ میں رہ جائے جبکہ شہباز شریف وزیراعظم نہیں بنتے تو میں وزیر خارجہ کیسے بنوں گا، والد صاحب نے شہباز شریف کا نام اسی لئے پیش کیا تھا‘ اور اگر عمران خان کوئی چال چلتے ہیں جیسا کہ وہ ہمیں اپنے ترپ کے پتے سے مسلسل خوفزدہ کر رہے ہیں تو یوں سمجھیے کہ نیا مسئلہ کھڑا ہو جائے گا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
عمران خان نے جان بوجھ کر امریکہ کا نام لیا: اسحق ڈار
سابق وزیر خزانہ اور نواز لیگ کے رہنما اسحق ڈار نے کہا ہے کہ ''عمران خان نے جان بوجھ کر امریکہ کا نام لیا‘‘ حالانکہ بقول خواجہ آصف امریکہ ہمارے سارے مسائل حل کر سکتا ہے اور اُسی کوہی کرنے بھی چاہئیں کیونکہ ہم تو اپنا پہلے والا کام ہی پورے زور و شور سے کرینگے اور مسائل سے ہم مکمل طور پر بے نیاز ہو جائینگے کیونکہ مسائل سارے کے سارے امریکہ حل کریگا اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس گستاخی پر عمران کو کسی اور ناگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑے، اسی لئے کہتے ہیں کہ پہلے تولو پھر بولو جبکہ عمران خاں تو بولنے کے بعد بھی نہیں تولتے۔ آپ اگلے روز لندن میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔
ڈٹ کر کھڑے ہیں، بکنے والوں کو معافی نہیں ملے گی: بزدار
مستعفی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ''ڈٹ کر کھڑے ہیں، بکنے والوں کو معافی نہیں ملے گی‘‘ اور جب سے میں مستعفی ہوا ہوں، مزید ڈٹ کر کھڑا ہوں کیونکہ وزارت کا سارا بوجھ اتر چکا ہے اور میں پھولوں سے بھی ہلکا پھلکا محسوس کر رہا ہوں کیونکہ سوائے ڈٹ کر کھڑے ہونے کے اور کوئی کام ہی نہیں کہ افسروں نے کام چھوڑ دیا ہے اور نئے وزیراعلیٰ کا انتظار کر رہے ہیں اور جہاں تک بکنے والوں کو معاف کرنے یا نہ کرنے کا سوال ہے تو اگرچہ میرا اس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں لیکن کہنے میں کیا ہرج ہے ۔ آپ اگلے روز لاہور میں ارکان اسمبلی سے ملاقات کر رہے تھے۔
اور اب آخر میں ابرار احمد کی نظم
ایک منظر
منڈیروں پر رات رینگ رہی ہے
اور کیاریوں میں
پانی کی مہک سوئی ہوئی ہے
سہمے دروازوں
اور خوابیدہ روشن دانوں کے سائے میں
چاندنی کا لحاف اوڑھے
کوئی گلی سے گزرتا ہے
نیند کے دالان میں
دودھ بھرے برتن کے
گرنے کی آواز آتی ہے
لمس اور تنفس کے نم سے
ہوا بوجھل ہے
کروٹیں سانس لیتی ہیں
اور کونے میں
ایک چارپائی پر
دو کھلی آنکھوں میں
موتیے کے پھول بھیگ رہے ہیں
اوس کے گرنے تک
یہ پھول اور بھیگ جائیں گے
آج کا مطلع
لب پہ تکریمِ تمنائے سُبک پائی ہے
پسِ دیوار وہی سلسلہ پیمائی ہے