انتخابات کی راہ میں رکاوٹ
آصف زرداری ہیں: شاہ محمود قریشی
سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ''انتخابات کی راہ میں رکاوٹ آصف زرداری ہیں‘‘ کیونکہ ان کی حکمت عملی یہ ہے کہ موجودہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے تاکہ مسائل کا جو انبار اکٹھا ہو چکا ہے‘ یہ حکومت اسی گرداب میں پھنسی رہے اور جب تک عام انتخابات ہوں گے‘ وزیراعظم کی سربراہی میں یہ حکومت اس قدر ناکام ہو جائے گی کہ پیپلز پارٹی کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی اور جس کی مسلم لیگیوں کو سمجھ نہیں آ رہی اور وہ اس جال میں بری طرح پھنس چکے ہیں اور مدت پوری کرنے پر مصر ہیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک انٹرویو دے رہے تھے۔
بجٹ میں عام آدمی پر بوجھ نہیں ڈالیں گے: حمزہ شہباز
وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ''بجٹ میں عام آدمی پر بوجھ نہیں ڈالیں گے‘‘ کیونکہ اگر پٹرول مہنگا ہوا تو اس کا بوجھ کاروں والے خاص آدمیوں پر پڑے گا جبکہ عام آدمی تو ویسے بھی معدوم ہو کر رہ گیا ہے اور اگرکہیں ہے بھی تو اُس کی حالت خاصی بدتر ہو چکی ہے اس لیے اسے تو عام آدمی کہا بھی نہیں جا سکتا جبکہ خاص آدمی یہ بوجھ قومی مفاد میں ہنسی خوشی برداشت کرنے کو تیار ہیں اور جہاں تک مہنگائی کی بات ہے تو عام آدمی نے ویسے بھی بھوکا رہنا سیکھ لیا ہے اور وہ کچھ کھائیں گے نہیں تو مہنگائی ان کا کیا بگاڑ لے گی جبکہ اُن کے پاس کوئی ایسی چیز بھی نہیں ہے جو بگاڑی جا سکے۔ آپ اگلے روز لاہور میں امن و امان کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
چار گاڑیاں میری گرفتاری کے لیے
آئیں، گھبرانے والا نہیں ہوں: شیخ رشید
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''چار گاڑیاں میری گرفتاری کے لیے آئیں، گھبرانے والا نہیں ہوں‘‘ حالانکہ اس مقصد کے لیے ایک گاڑی ہی کافی تھی بلکہ اگر حکومت مجھے واقعی گرفتار کرنا چاہتی ہے تو گاڑی کے بجائے موٹر سائیکل سوار پولیس کو بھیج دیتی کیونکہ میں پچھلی بار بھی موٹر سائیکل پر گلیوں گلیوں میں سے ہو کر نکل گیا تھا اور جس کا تعاقب کرنا کسی گاڑی کے بس کا روگ ہی نہیں ہے کیونکہ تنگ راستوں میں موٹر سائیکل کا مقابلہ موٹر سائیکل ہی کر سکتی ہے جبکہ میں ویسے بھی عوامی لیڈر ہونے کی وجہ سے عوامی سواری یعنی موٹر سائیکل ہی استعمال کرتا ہوں اور کسی کو پکڑائی بھی نہیں دیتا‘ آزمائش شرط ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں کسی خفیہ جگہ سے بیان جاری کر رہے تھے۔
عوام کو شر پسند جتھوں کے رحم و کرم پر
نہیں چھوڑا جا سکتا: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''عوام کو شر پسند جتھوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا‘‘ بلکہ انہیں خدمت گار لوگوں کی پناہ میں آنا چاہیے جو یہ کام نہایت امن پسندی کے ساتھ کرتے ہیں اور انہیں جتھے بنانے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی اور وہ جہاں جہاں بھی ہوں اپنے اپنے عہدے کے مطابق خدمت کے انبار لگایا کرتے ہیں اور کبھی پکڑے بھی نہیں گئے اور اگر پکڑے گئے ہوں تو ضمانت پر آزاد پھرتے رہتے ہیں اور کوئی اُن کی ہوا کو بھی نہیں پہنچ سکتا جبکہ خاکسار کی خدمات سب سے زیادہ ہیں‘ سندھ والوں سے بھی کہیں زیادہ‘ حساب کر کے دیکھ لیں۔ آپ اگلے روز لندن میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
مرکز میں ہماری حکومت بااختیار
نظر نہیں آتی: جاوید لطیف
مسلم لیگ نواز کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''مرکز میں ہماری حکومت بااختیار نظر نہیں آتی‘‘ لیکن پنجاب میں ایسا نہیں ہیں جہاں وزیراعلیٰ اپنی پوزیشن مشکوک ہونے کے باوجود پورے اختیارات استعمال کر رہے ہیں حالانکہ مرکزی حکومت کی صورت حال بھی کچھ کم مشکوک نہیں اور اس لحاظ سے اُسے بھی بااختیار ہونا چاہیے کیونکہ کوئی پوچھنے والا تو ہے نہیں، عمران خان اپنے آزادی مارچ میں مصروف ہونے کی وجہ سے مرکزی حکومت پر تنقید کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، اس لیے ہماری خواہش ہے کہ وہ ایسے مارچوں کا تسلسل قائم رکھیں تاکہ مرکزی حکومت اپنے اختیارات بھرپور طریقے سے استعمال کر سکے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کر رہے تھے۔
اور، اب آخر میں عامر سہیل کی پنجابی شاعری:
ننکانہ صاحب
جسم دا دوجا نام فقیری
کیہ لالچ، کیہ کھیڈ
لانگھا جانے، نانک جانے
رت دے سو سو شیڈ
کنج کجل دی دھار گواچی
روندے روز بلیڈ
رُوحاں وچ سرطان اساڈے
بُوہے نال پریڈ
آل دوالے میں وی عامر
آل دوالے اوہ
بھریے رُوحاں اندر نینداں
کڈھیے رت چوں روہ
آل دوالے پاک سیالا
پانی پانی شوہ
ڈب ڈب تریے اپنے اندر
رب نوں لیّے کھوہ
انگل لال گلاب دی پھڑیے
جیون لیّے چو!
آج کا مطلع
ایسا وہ بے شمار و قطار انتظار تھا
پہلی ہی بار دوسری بار انتظار تھا
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved