نواز شریف نے دباؤ مسترد کر کے ملک
کو ایٹمی طاقت بنایا: شہباز شریف
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''نواز شریف نے غیر ملکی دباؤ مسترد کر کے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا‘‘ جبکہ اُدھر سے امریکی دھمکیوں کی بوچھاڑ ہو رہی تھی اور ادھر جوش اور جذبے کی شدت سے کپکپی طاری تھی اور اسی وجہ سے وہ کچھ کر نہیں پا رہے تھے کہ دیگر قیادت نے آگے بڑھ کر معاملے کو اپنے ہاتھوں میں لیا اور بٹن دبا کر دھماکا کر دیا جبکہ جوش و خروش کی یہ کیفیت بعد میں بھی کافی دیر تک جاری رہی اور اس طرح یہ عظیم کارنامہ اپنے انجام کو پہنچا جبکہ بعد میں رات کو خواب میں بھی کسنجر کا نام لے لے کر بڑبڑاتے رہے اور اس طرح امریکی فاشزم اور امپیریل ازم کو شکست فاش سے دوچار کیا گیا۔ آپ اگلے روز لاہور کی خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
عمران خان نے مشکل فیصلے کیے، آئی ایم ایف
کے سامنے نہیں لیٹے: اسد عمر
تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ''عمران خان نے مشکل فیصلے کیے، آئی ایم ایف کے سامنے نہیں لیٹے‘‘ کیونکہ اس کے لیے ان کے پاس بنی گالا میں کافی جگہ ہے جبکہ لیٹنے کے لیے ان کے پاس نرم بستر بھی ہیں بلکہ اب تو جب سے حکومت سے فارغ ہوئے ہیں ان کے پاس جلسے کرنے اور آرام سے لیٹنے کے علاوہ کوئی ا ور مصروفیت بھی نہیں ہے، نیز جب دوسرے رہنما تقریریں کر رہے ہوتے ہیں تو عمران خان کنٹینر میں بھی آرام کر لیتے ہیں کیونکہ کسی بھی جگہ ان کے لیٹنے اور آرام کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے جبکہ یہ ویسے بھی صحت کے لیے بہت ضروری ہے اور وہ اپنی صحت کا بہت خیال رکھتے ہیں۔ آپ اگلے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے تھے۔
پٹرول کی قیمت مزید بڑھنے یا نہ
بڑھنے کا مجھے نہیں پتا: مفتاح اسماعیل
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ''پٹرول کی قیمت مزید بڑھنے یا نہ بڑھنے کا مجھے نہیں پتا‘‘ کیونکہ اس کا پتا صرف آئی ایم ایف کو ہے اور جو قیمتیں پہلے بڑھی ہیں‘ ان کا پتا بھی صرف آئی ایم ایف ہی کو تھا کیونکہ یہ کام وہی کرتا ہے اور یہاں صرف اشارہ کیا جاتا ہے اور اس پر عمل کر دیا جاتا ہے۔ نیز سبسڈیز کن کن چیزوں پر بند کرنی ہے اور کن پر دینی ہیں، اس کا پتا بھی صرف اُسی کو ہے کیونکہ مالی معاملات کو صرف وہی چلا رہے ہیں جبکہ میں تو اب کافی سہولت میں ہوں کیونکہ سارا کام وہی کر رہا ہے اور خوش اسلوبی کے ساتھ کر رہا ہے۔ آپ اگلے روز وزیر مملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
ملک کو معیشت سے زیادہ محبت اور پیار
کی ضرورت ہے: راجا پرویز اشرف
سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ''ملک کو معیشت سے زیادہ محبت اور پیار کی ضرورت ہے‘‘ اور ہماری پارٹی اس پر مکمل یقین رکھتی ہے کیونکہ معیشت کو بھی پیار اور محبت ہی سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے جبکہ ہم نے اپنے پچھلے دور میں بھی اسی اصول کی پیروی کی اور اب سندھ میں بھی پیار محبت کے ساتھ ہی معیشت پر تصرف حاصل کر رکھا ہے کیونکہ یہ کام ہی ایسا نازک ہے کہ اسے محبت اور پیار کے ساتھ ہی سرانجام دیا جا سکتا ہے اور من پسند نتائج بھی برآمد ہوتے ہیں جبکہ یہ زرداری صاحب کے زریں اصولوں سے ایک ہے اور یہ کام وہی زیادہ تندہی کے ساتھ کر سکتے ہیں۔ آپ اگلے روز الحمرا ہال لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔
مکالمہ (کراچی)
مبین مرزا کی ادارت میں شائع ہونے والے کتابی سلسلے مکالمہ کا 59واں شمارہ شائع ہو گیا ہے۔ آغاز میں ڈاکٹر نجیبہ عارف کے قلم سے قصیدا بُردہ شریف کا منظوم ترجمہ ہے جس کے بعد جمیل جالبی کے محمد سلیم الرحمن کے نام خطوط کی دوسری قسط ہے اور زہرہ نگاہ کی آٹھ نظمیں۔ اس کے بعد یاسمین حمید، صابر وسیم اور محمد حمید شاہد کی تحریریں ہیں، پھر طاہرہ اقبال، ڈاکٹر زاہد منیر، ڈاکٹر امجد طفیل، ندیم صدیقی، حسن عباس رضا، فراست رضوی کی نگارشات، سلمان ثروت کی دو نظمیں، محمد حنیف خان کا افسانہ اور حمزہ یعقوب کی 7غزلیں۔ آخر پر عائشہ ناز کی مخطوطہ شناسی پر تحریر ہے۔ ادب اور رُوح کے تقاضے کے عنوان سے اداریہ ہے جو کہ جاری ہے۔ 144 صفحات کو محیط یہ شمارہ خاص نمبر سے کسی طور کم نہیں ہے۔
اور‘ اب آخر میں گل فراز کی غزل:
نہیں ہوں کچھ بھی، تمہارے بغیر کچھ بھی نہیں
تمہارے ساتھ گزارے بغیر کچھ بھی نہیں
کچھ اسی طرح کی کمی کا شکار ہوں کہ مرا
گزارہ سارے کے سارے بغیر کچھ بھی نہیں
وہ ہم ہی ہیں جنہیں قلت کا سامنا رہا ہے
نہیں کہ اُس کا ہمارے بغیر کچھ بھی نہیں
کئی ضرورتوں میں چاہیے کسی کا ساتھ
کوئی کسی کے سہارے بغیر کچھ بھی نہیں
ہے کامیاب محبت کی عمر کتنی قلیل
سو کچھ تو ہے جو خسارے بغیر کچھ بھی نہیں
اُٹھا نہ نقد تو آخر کو مستعار دیا
کبھی کبھی تو اُدھارے بغیر کچھ بھی نہیں
شکست زندگی میں اس لیے ضروری ہے
کہ جیت کا مزہ ہارے بغیر کچھ بھی نہیں
کروں گا درجہ بدرجہ ہی پیش رفت یہاں
ابھی تو قصد نظارے بغیر کچھ بھی نہیں
آج کا مقطع
ربط باقی نہیں الفاظ و معانی میں ظفرؔ
کیا کہیں اس سے کہ اس پیار کا مطلب کیا ہے
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved