تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     16-06-2022

سرخیاں، متن اور دلّی سے سلیم سالم

پرویز الٰہی عوام کی خدمت کا میرا
راستہ نہیں روک سکتے: حمزہ شہباز
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ''پرویز الٰہی عوام کی خدمت کا میرا راستہ نہیں روک سکتے‘‘ حالانکہ یہ بے فائدہ خدمت ہے جس سے نہ ہم واقف ہیں اور نہ کبھی ایسی خدمت ہم نے کی ہے کیونکہ خزانہ تقریباً خالی ہے اور ملکی وسائل کا بھی بُرا حال ہے اس لیے اصولی طور پر پرویز الٰہی کو اس خدمت پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اس سے کسی کا کیا جاتا ہے؛ تاہم دیکھیں گے اگرکسی طرف سے تھوڑی بہت گنجائش نکلتی ہو لیکن یہ بھی خام خیالی ہی محسوس ہوتی ہے‘ ورنہ ایسی بیکارخدمت نہ کبھی ہم نے کی نہ ہمارے بزرگوں نے۔ آپ اگلے روز ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
پٹرول کی قیمتیں پھر بڑھائی جانیوالی ہیں: شیخ رشید
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''پٹرول کی قیمتیں پھر بڑھائی جانے والی ہیں‘‘ اگرچہ ہر کسی کو یہ بات صاف نظر آ رہی ہے بلکہ حکومتی وزرا خود بھی یہ بات کہہ رہے ہیں اور یہ بیان دینے کی کوئی خاص ضرورت نہیں تھی؛ تاہم کچھ باتیں تاکیداً بھی کہنا پڑتی ہیں تاکہ عوام کو اچھی طرح یقین آ جائے۔ اگرچہ کافی عرصہ سے لوگ ایسی باتوں کا یقین کم ہی کرنے لگے ہیں جو ظاہر ہے کہ یہ اُن کے اپنے یقین کی کمزوری ہے لہٰذا انہیں چاہیے کہ سب سے پہلے اپنے یقین کو مضبوط کریں تاکہ وہ ہمارے کہے کا یقین کر سکیں کیونکہ ہم نے تو ایسے بیانات روزانہ کی بنیاد پر ہی جاری کرنا ہوتے ہیں۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
مشرف واپس آنا چاہیں تو حکومت
انہیں سہولت فراہم کرے: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہاہے کہ ''مشرف واپس آنا چاہیں تو حکومت انہیں سہولت فراہم کرے‘‘ لیکن ان وہ اتنے بھی سادہ نہیں کہ مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے ملک میں واپس آئیں اور میں بھی اس لیے واپس نہیں آ رہا حالانکہ واپسی کے لیے صرف اس قدر سہولت درکار ہے کہ کسی طرح سزا کالعدم قرار دے دی جائے جو صدرِ مملکت آسانی سے کر سکتے ہیں اور اگر یہ حکومت اپنا صدر بھی منتخب نہیں کروا سکتی ہے تو کیا کر رہی ہے اور اگر دیگر کئی مقدمات داخل دفتر ہو سکتے ہیں یا سست روی کا شکار ہو سکتے ہیں تو اس کیس میں ایسا کیوں نہیں ہو سکتا؟ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کر رہے تھے۔
شوہر کے لیے اداکاری چھوڑنا
پڑی تو چھوڑ دوں گی: صبا قمر
اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ ''شوہر کے لیے اداکاری چھوڑنا پڑی تو چھوڑ دوں گی‘‘ اور یہ بھی تکلفاً کہا گیا ہے وگرنہ کئی کیسز میں تو حکماً بھی یہ کام کروا لیا گیا اور جو حضرات پہلی نظر میں رن مرید لگتے ہیں‘ رفتہ رفتہ وہ بھی پر پُرزے نکالنے لگتے ہیں اور کسی بھی کام سے منع کرنے کے لیے اُن کی ایک نظر ہی کافی ہوتی ہے۔ اس لیے شادی سے پہلے ہی اس بات کی پوری تسلی کر لینی چاہئے کہ شوہر واقعی آپ کے کام کو قبول کرتے ہوئے آپ کے ساتھ چل سکتا ہے یا اس نے محض یہ لبادہ اوڑھ رکھا ہے بلکہ بہتر تو یہ ہے کہ اس ضمن میں اس سے تحریری ضمانت لے لی جائے۔ آپ اگلے روز سوشل میڈیا پر ایک انٹرویو دے رہی تھیں۔
پی ٹی آئی حکومت نے سو سے
زائد بڑے ڈاکے ڈالے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''تحریک انصاف حکومت نے تاریخ کے سو سے زائد بڑے ڈاکے ڈالے‘‘ اگرچہ ماضی کے ڈاکوں کا ریکارڈ نہیں توڑا جا سکتا جو اپنی جگہ ایک مثال کی حیثیت رکھتے ہیں اور اسی طرح سابق حکومت کے تاریخ کے سب سے بڑے ڈاکوں کا بیانیہ خاصا مشکوک ہو جاتا ہے جبکہ گزشتہ لوٹ مار کی داستان تو ملک سے باہر بھی جا بجا بکھری پڑی ہے اور بقول شخصے‘پانچ براعظموں میں اس کا ریکارڈ دفن ہے جبکہ پی ٹی آئی کی کم ہمت حکومت سے اتنی اعلیٰ کاکردگی کا تصور کرنا بھی محال ہے یعنی ع
فکرِ ہر کس بقدرِ ہمت اوست
آپ اگلے روز ٹویٹر پر سابق حکومت کی مبینہ کرپشن کے ڈاکیومنٹس شیئر کر رہی تھیں۔
اور اب دلّی (بھارت) سے سلیم سالم کی شاعری:
میرے ٹھہراؤ کو کچھ اور بھی وسعت دی جائے
اب مجھے خود سے نکلنے کی اجازت دی جائے
موت سے مل لیں کسی گوشہ تنہائی میں
زندگی سے جو کسی دن ہمیں فرصت دی جائے
بے خدوخال سا اک چہرہ لیے پھرتا ہوں
چاہتا ہوں کہ مجھے شکل و شباہت دی جائے
بس کہ دنیا مری آنکھوں میں سما جائے گی
کوئی دن اور مرے خواب کو مہلت دی جائے
٭......٭......٭
ہوا سے استفادہ کر لیا ہے
چراغوں کو لبادہ کر لیا ہے
بہت جینے کی خواہش ہو رہی تھی
سو مرنے کا ارادہ کر لیا ہے
میں گھٹتا جا رہا ہوں اپنے اندر
تمہیں اتنا زیادہ کر لیا ہے
جو کاندھوں پر اُٹھائے پھر رہا تھا
وہ خیمہ ایستادہ کر لیا ہے
آج کا مقطع
ظفرؔ ہماری محبت کا سلسلہ ہے عجیب
جہاں چھپا نہیں پائے وہاں مکر گئے ہیں

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved