قوم پریشان نہ ہو‘ مشکل وقت سے
نکل آئیں گے: شہباز شریف
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''قوم پریشان نہ ہو‘ مشکل وقت سے نکل آئیں گے‘‘ کیونکہ نئے وسائل پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سب سے پہلے خود پریشانی سے نکلیں گے تاکہ بعد میں عوام کو بھی نکال سکیں‘ جو سابق وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اب گھبرانا چھوڑ چکے ہیں جبکہ مہنگائی بھی ان کے لیے کوئی نئی چیز نہیں ہے جس سے وہ اچھی طرح مانوس ہو چکے ہیں اور سمجھ گئے ہیں کہ یہ ایک وبا ہے جسے صبر و شکر کے ساتھ برداشت کرنا چاہیے کیونکہ اس کے لیے ابھی تک کوئی ویکسین تیار نہیں ہوئی؛ چنانچہ جونہی ہم خود مشکلات سے نکلیں‘ عوام سمجھ لیں کہ ان کی باری بھی آنے ہی والی ہے‘ نیز وہ اپنے ساتھ ساتھ ہمارے لیے بھی دعا کریں۔ آپ اگلے روز ایک انٹرویو دینے کی علاوہ مختلف اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
عمران خان ہماری اگلی نسلوں کی
جنگ لڑ رہے ہیں: یاسمین راشد
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ ''عمران خان ہماری آئندہ نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں‘‘ اور موجودہ نسل کو اپنی مدد آپ کے اصول کے تحت اس کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے پائوں پرخود کھڑی ہو سکے اور اس کے لیے صرف حکومت کے اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کی دیر ہے کیونکہ فی الحال وہ آئی ایم ایف کے پائوں پر اطمینان سے کھڑی ہے؛ البتہ آنے والی نسلوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مستقبل سے بے فکر ہو جائے کیونکہ عمران خان نے اس کے مستقبل کا بیڑہ اٹھا لیا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کررہی تھیں۔
عمران خان اپنی سیاسی قبر کھود رہے ہیں: احسن اقبال
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''عمران خان اپنی سیاسی قبر کھود رہے ہیں‘‘ جبکہ اول تو قبروں کی کھدائی مزدوروں کا کام ہے اور اگر انہوں نے یہ کام شروع کر ہی دیا ہے توساتھ ساتھ دوسروں کا بھی تھوڑا خیال رکھیں کیونکہ سیاسی قبروں کو ضرورت اوروں کو بھی ہے اور ہم اس قبرستان کے لیے مناسب اور وسیع و عریض جگہ مہیا کر سکتے ہیں اگرچہ اپنا کام خود کرنا چاہیے لیکن جو کام ہم کررہے ہیں اس کے ساتھ سیاسی قبریں کھودنے کا کام آٹومیٹک طور پر ہورہا ہے لیکن خان صاحب کے ہاتھ کی صفائی قابلِ رشک ہے؛ اگرچہ وہ ہمارے ہاتھ کی صفائی کا مقابلہ کر ہی نہیں سکتے‘ چہ نسبت خاک را با عالم پاک۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک ٹی وی انٹرویو دے رہے تھے۔
پی ٹی آئی نے امریکی حکومت کے کسی
نمائندے سے رابطہ نہیں کیا: فواد چودھری
سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی نے امریکی حکومت کے کسی نمائندے سے رابطہ نہیں کیا‘‘ کیونکہ اس کی ضرورت اس لیے نہیں پڑی کہ امریکی حکومت کے نمائندے جس سے چاہیں خود رابطہ کرلیتے ہیں اور ان کے ساتھ رابطہ کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے اور یہ ہمارا ذاتی تجربہ بھی ہے جبکہ ان کے رابطے کا مقصد محض کوئی حکم دینا ہوتا ہے اور وہ ایک فون کال پر ہی اپنا مقصد حاصل کر لیتے ہیں اور مقامی لوگ جس کے منتظر ہی رہتے ہیں تاکہ اس پر بغیر کسی تاخیر کے عمل درآمد کر سکیں اس لیے غلط سلط اندازے لگانے کی ضرورت نہیں۔ آپ اگلے روز حکومتی بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کر رہے تھے۔
ایلوس پریسلے
نامور امریکی گلوکار ایلوس پریسلے ایک سفر کے دوران کسی گائوں سے گزر رہے تھے کہ انہیں سو ڈالر کی ضرورت پڑ گئی۔ وہ ایک مقامی بینک میں گئے اور سوڈالر کا چیک کاٹ کر دیا اور پیسوں کا مطالبہ کیا جس پر بینک انتظامیہ نے کہا کہ ہم پیسے دینے کے لیے تیار ہیں مگر اس کے لیے آپ کی شناخت ضروری ہے۔ گلوکار نے کہا: کیا آپ مجھے نہیں جانتے اور کیا آپ میرے گانے نہیں سنتے؟ اس پرانتظامیہ نے کہا کہ ہم گانے تو سنتے ہیں اور لطف اندوز بھی ہوتے ہیں لیکن اس کا کیا ثبوت ہے کہ آپ ہی ایلوس پریسلے ہیں؛ البتہ آپ اگر گاناگا کر سنائیںتو ہم آپ کو پہچان جائیں گے اور پیسے دے دیں گے، جس پر گلوکار بولے کہ اگر میں سو ڈالر کے لیے گانا گائوں تو میں واقعی ایلوس پریسلے نہیں ہوں، یہ کہہ کہ وہ بینک سے چلے گئے۔
اور‘ اب آخر میں عامر سہیل کی پنجابی شاعری:
صوفیانہ
بھانبڑ مچے
رُڑھدے جاون جھوٹے‘ سچے
بھانبڑ مچے
نیت ورگی
چٹی نار شریعت ورگی
نیت ورگی
اوہلا لاہیے
رب دے وانگوں رشد پکایئے
اوہلا لاہیے
٭......٭......٭
رو! جاندی، ایس پاندھی رت نوں
بت ہلارے کھاوے
ساتھ نہ دیون دو نہیں اکھاں
ہجرپیا مکلاوے
نال نہ ہاسا، نال نہ پاسا
گلمے وچ پچھتاوے
رت نوں اپنی خبر نہ اُکّا
اک آوے، اک جاوے
وانگ شریکاں ہُجّے مارے
اکھ دا کجل کھاوے
عشق کسے درویش دی دھونی
تھاں تھاں اگاں لادے
آپ خدانوں کچھڑ چکے
آپ زمین تے لاہوے
آج کا مقطع
گلی گلی مرے ذرے بکھر گئے تھے ظفرؔ
خبر نہ تھی کہ وہ کس راستے سے گزرے گا
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved