بعض اوقات قربانی کے دنوں میں کوئی ناگہانی آفت آجاتی ہے، اس سال مہنگائی کا طوفان ہے، ایسی صورتِ حال میں بعض لبرل حضرات یہ کہتے سنائی دیتے ہیں: ''غریبوں پر مہنگائی کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے، لوگوں کو گزر اوقات میں مشکل پیش آ رہی ہے، لہٰذا قربانی کو موقوف کرکے یہ رقم انتہائی ضرورت مند لوگوں پر خرچ کی جائے تاکہ اُن کی مشکلات میں کمی ہو سکے‘‘، وہ یہ بھی کہتے ہیں: ''علمائے کرام نے یہ فتویٰ دیا ہے کہ لوگ حج و عمرہ کے بجائے یہ رقم غریبوں پر خرچ کریں تو انہیں کئی حج اور عمروں کا ثواب ملے گا‘‘، بظاہر اس رائے میں بڑی اپیل ہے۔
پس اس سلسلے میں عرض ہے: نہ مالی صدقہ قربانی کا بدل ہے اور نہ دین کے فرائض و واجبات کو ساقط کرنے کا کسی کو اختیار ہے۔ وہ عبادات جو شریعت میں مقرر اور مشروع ہیں، وہ بجائے خود مقصود ہیں اور ان کو شارع کے حکم کے مطابق بجا لانا ضروری ہے۔ قربانی ہر صاحبِ نصاب بالغ مرد و عورت پر واجب ہے۔ قربانی کو واجب قرار دینے کے سلسلے میں ہماری دلیل اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ''اپنے رب کے لیے نماز پڑھیے اور قربانی کیجیے‘‘ (الکوثر: 2)، لہٰذا قربانی لازم ہے اور مالی صدقہ اس کا مُتبادل نہیں ہو سکتا۔ قربانی کو عربی میں''اُضْحِیَہ‘‘ کہتے ہیں، یہ گوشت پوست کے حصول کا نام نہیں ہے، بلکہ اس کی حقیقت اور روح ایامِ قربانی میں عبادت اور اللہ تعالیٰ کی قربت کی نیت سے شریعت کی مقررہ شرائط کے مطابق حلال جانورکو اللہ کے نام پر ذبح کرنا ہے۔ حدیث پاک میں ہے: ''رسول اللہﷺ نے فرمایا: قربانی کے دن بنی آدم کا کوئی بھی عمل اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں (قربانی کی نیت سے) جانور کاخون بہانے سے زیادہ محبوب نہیں ہے اور یہ (قربانی کا جانور) قیامت کے دن اپنے سینگوں، بالوں اور کھروں (یعنی پورے وجود) کے ساتھ آئے گا اور قربانی کے جانور کا خون یقینا زمین پر گرنے سے پہلے اللہ تعالیٰ کے ہاں مرتبۂ قبولیت کو پا لیتا ہے، سو تم خوش دلی سے قربانی کیا کرو‘‘ (سُنن ترمذی: 1493)۔ اسی کو حدیث میں ''اِِھْرَاقُ الدَّم‘‘ یا ''اِرَاقۃُ الدّم‘‘ کہا گیا ہے۔
اس حدیث پاک سے معلوم ہوا کہ قربانی کی حقیقت اور اصل عبادت ''اِھراقُ الدَّم‘‘ یا ''اِرَاقۃُ الدَّم‘‘ ہے۔ اس کے معنی ہیں: ''خون بہانا، یعنی شرعی شرائط کے مطابق ذبح کرنا جو خون بہانے سے ہوتا ہے‘‘۔ اس حکمت کو اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں بیان فرمایا: ''اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں ان (قربانی کے جانوروں) کا نہ گوشت پہنچتا ہے اور نہ اُن کا خون، بلکہ (قربانی کے پیچھے کارفرما) تقویٰ اللہ کی بارگاہ میں پہنچتاہے‘‘ (الحج: 37)، ہاں! اپنے وطن کے مصیبت زدہ بھائیوں کی اپنی بساط کے مطابق ہر ممکن مددکرنا بھی ہمارے دین اور ایمان کا تقاضا ہے اور پوری قوم کو اس ذمہ داری سے عہدہ برا ہونا چاہیے۔
رسول اللہﷺ نے (وعید کے طور پر) فرمایا: ''جو شخص مالی استطاعت رکھنے کے باوجود قربانی نہ کرے، وہ ہماری عیدگاہ میں نہ آئے‘‘ (ابن ماجہ: 3123)، قربانی نہ کرنے پر وعید کا تقاضا ہے کہ قربانی واجب ہے، (2) ''حضرت جندب بن سفیان رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: میں عید الاضحی کے دن رسول اللہﷺ کے ساتھ تھا، جب آپﷺ لوگوں کو نماز پڑھا کر فارغ ہوئے، آپ ﷺنے ذبح کی ہوئی بکری کو دیکھا تو فرمایا: جس شخص نے نماز سے پہلے قربانی کی ہے، وہ اِس کی جگہ دوسری بکری کو ذبح کرے اور جس نے ابھی تک ذبح نہیں کیا، وہ اللہ کا نام لے کر ذبح کرے‘‘ (صحیح مسلم: 5060)۔ آیت و احادیث مبارکہ میں قربانی کا امر ہے اور امر وجوب کے لیے ہوتا ہے۔ جس حدیث میں رسول اللہﷺ نے قربانی کو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنّت فرمایا ہے‘ (ابن ماجہ: 3127) اُس سے مراد یہ ہے کہ قربانی دین میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کا جاری کردہ طریقہ ہے اور اس سے وجوب کی نفی نہیں ہوتی۔
علامہ برہان الدین علی المرغینانی لکھتے ہیں: ''امام احمد بن محمد قدوری نے کہا: ''ہر آزاد، مسلمان، مقیم، مالدار پر ایّامِ قربانی (10 تا 12 ذوالحجہ) میں اپنی طرف سے اور اپنی نابالغ اولاد کی طرف سے قربانی کرنا واجب ہے۔ امام ابوحنیفہ، امام محمد، امام زفر، امام حسن اور ایک روایت میں امام ابو یوسف رحمہم اللہ اجمعین کے نزدیک قربانی واجب ہے‘‘ (ہدایہ، جلد: 7، ص: 154)، فقہ حنفی کی ''ظاہر الروایۃ‘‘ کے مطابق نابالغ پر قربانی واجب نہیں ہے۔ علامہ علاء الدین حصکفی لکھتے ہیں: ''ہر آزاد مقیم مالدار مسلمان پر اپنی طرف سے قربانی واجب ہے، (حنفی مذہب کی) ''ظاہرالروایۃ‘‘ کے مطابق نابالغ بچے کی جانب سے قربانی واجب نہیں ہے؛ البتہ نابالغ کا فطرہ واجب ہے‘‘، اس کی شرح میں علامہ ابن عابدین شامی لکھتے ہیں: ''ظاہر الروایۃ‘‘ کے مطابق نابالغ پر قربانی واجب نہیں، بلکہ مستحب ہے؛ البتہ صدقۂ فطر واجب ہے۔ امام حسن کی روایت کے مطابق اپنی نابالغ اولاد اور یتیم پوتے پوتی کی قربانی واجب ہے، مگر فتویٰ ''ظاہر الروایۃ‘‘ پر ہے اور اگر کوئی شخص اپنی بالغ اولاد اور بیوی کی جانب سے قربانی کرے تو ان کی اجازت لے کر کرے۔ ایک روایت کے مطابق اگر بلااجازت بھی کردی تو استحساناً جائز ہے‘‘ (ردالمحتار، جلد: 9، ص: 382)۔
فقہائے مالکیہ میں متقدمین قربانی کے وجوب کے قائل ہیں اور متاخرین کے نزدیک سنتِ مؤکدہ ہے، حنابلہ اور شافعیہ کے نزدیک قربانی سنتِ مؤکدہ ہے۔ مذکورہ شخص کا یہ کہنا بھی غلط ہے: ''علماء نے فتویٰ دیا ہے کہ لوگ حج و عمرہ کے بجائے شدید مہنگائی کے مارے غریب عوام پر خرچ کریں تو انہیں کئی حج اور عمروںکا ثواب ملے گا‘‘۔ دراصل اُس شخص نے علماء کے موقف کو صحیح نہیں سمجھا۔ علماء کا بیان یہ تھا: ''فرض حج تو کسی طور پر بھی ساقط نہیں ہوتا؛ البتہ نفلی حج کے بجائے یہ رقم مفلس عوام پر خرچ کی جا سکتی ہے، کیونکہ یہ اہلِ پاکستان پر ایک مشکل وقت ہے اور عمرہ اپنی اصل کے اعتبار سے ہی ایک نفلی عبادت ہے، لیکن واجب قربانی کو نہ ترک کیا جا سکتا ہے اور نہ اس کے وجوب کو ساقط کیا جا سکتا ہے۔ البتہ مالی حیثیت والے لوگ اگر اپنے روز مرّہ کے مصارف یا تَعیُّشات میں کمی کرکے پس انداز کی ہوئی رقم غریب عوام پر صرف کریں تو یہ اُن کی دینی اور اخلاقی ذمہ داری اور اعلیٰ انسانی قدر ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ''اور جو چیز لوگوں کو نفع دیتی ہے، اُسے زمین میں قرار ملتا ہے‘‘ (الرعد: 17)، رسول اللہﷺ کا فرمان ہے: ''بہترین انسان وہ ہے، جس کی ذات انسانیت کے لیے زیادہ نفع رساں ہو‘‘ (الجامع الکبیر: 11760) قربانی بھی ضرورت مند انسانوں کی خدمت کا ایک ذریعہ ہے۔ مویشی پالنے والے لوگ سال بھر اِسی آس پر جانور پالتے ہیں کہ ایامِ قربانی میں اُنہیں فروخت کرکے اپنی سال بھر کی ضروریات پوری کریں گے۔ قربانی کے گوشت سے بھی غریبوں اور ناداروں کی مدد کی جاتی ہے اورکھال بھی ناداروں کی مدد کا ایک ذریعہ ہے، نیز قربانی اسلام کا ایک شِعار ہے۔ حضرت ابراہیم واسماعیل علیہما السلام اور امام الانبیاء حضرت محمد رسول اللہﷺ کی سنّتِ جلیلہ ہے اور اس کی بے شمار شرعی حکمتیں اور برکات ہیں۔
ایسا شخص جو قربانی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، وہ یکم ذو الحجہ سے قربانی کرنے تک نہ ناخن کاٹے اورنہ بال کٹوائے، اِس حکم پر عمل کرے تو بہتر ہے، نہ کرے تو مضائقہ نہیں۔ حدیثِ پاک میں ہے: ''رسول اللہﷺ نے فرمایا: جس نے ذی الحجہ کا چاند دیکھ لیا اور وہ قربانی کرنے کا ارادہ رکھتاہے، تو جب تک قربانی نہ کر لے، بال اور ناخنوں سے کچھ نہ لے یعنی اِنہیں نہ ترشوائے‘‘ (سُنن ترمذی: 1523)۔ احادیث مبارکہ میں طہارت و نظافت کے احکام میں ناخن تراشنے، مونچھیں پست کرانے اور بغل و زیرِ ناف بال دور کرنے کے لیے جو انتہائی مدت بیان کی گئی ہے، وہ چالیس روز ہے۔ اِس سے زائد مدت تک چھوڑے رکھنا ممنوع و مکروہ ہے۔ حدیث پاک میں ہے: ''حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: مونچھیں کاٹنے، ناخن ترشوانے، بغل کے بال لینے اور زیرِ ناف بال دور کرنے کیلئے یہ میعاد مقرر کی گئی کہ چالیس دن سے زیادہ نہ چھوڑیں‘‘ (صحیح مسلم: 599)۔
امام احمد رضا قادری قُدِسَ سِرُّ ہ العزیز لکھتے ہیں: ''اگرکسی شخص نے 31 دن سے کسی عذر کے سبب، خواہ بلاعذر، ناخن نہ تراشے ہوں نہ خط بنوایا ہو کہ ذی الحجہ کا چاند ہو گیا، تو وہ اگرچہ قربانی کا ارادہ رکھتا ہو، اس مستحب پر عمل نہیں کر سکتاکہ اب دسویں تک رکھے گا تو ناخن و خط بنوائے ہوئے اکتالیسواں دن ہو جائے گا اور چالیس دن سے زیادہ نہ بنوانا گناہ ہے، فعل مستحب کے لیے گناہ نہیں کر سکتا۔ ردالمحتار، شرح منیہ اور مضمرات میں عشرۂ ذوالحجہ میں ناخن کاٹنے اور سر منڈانے کی بابت ابن مبارک نے کہا: سنّت کو مؤخر نہ کیا جائے، جبکہ اس کی بابت حکم وارد ہے؛ تاہم تاخیر واجب نہیں ہے۔ پس یہ بالاجماع مستحب پر محمول ہے اور وجوب کی نفی استحباب کے منافی نہیں ہے، لہٰذا مستحب ہے، سوائے اس کے کہ اباحت کی مدت (واجب میں) تاخیر کو مستلزم ہو تو مستحب نہ ہوگا، اباحت کی مدت کی انتہا چالیس دن ہے، تو اس سے زیادہ تاخیر مباح نہ ہو گی، واللہ اعلم بالصواب، (فتاویٰ رضویہ، جلد:20، ص: 354)۔ اس عبارت کا مطلب یہ ہے کہ عشرۂ ذوالحجہ کے دس دن تک ناخن نہ کاٹنے اور بال نہ تراشنے کی صورت میں ناخن اور بال چھوڑے ہوئے چالیس دن سے زیادہ ہو رہے ہوں، تو پھر ان دنوں میں بھی ناخن کاٹ لے اور بال تراش لے، کیونکہ عشرۂ ذوالحجہ میں ناخن نہ کاٹنا اور بال نہ تراشنا مستحب ہے، جبکہ چالیس دن سے متجاوز ان کو چھوڑنے سے ترکِ واجب لازم آتا ہے، تو واجب پر عمل کرنے سے اگر مستحب کا ترک لازم آئے تو اس میں حرج نہیں ہے۔ پس افضل یہ ہے کہ جو مسلمان قربانی کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ ذی الحجہ کے چاند سے ایک دو دن پہلے ناخن کاٹ لیں اور بڑھی ہوئی مونچھیں تراش لیں تاکہ مستحب پر عمل کرنے میں ترکِ سنّت لازم نہ آئے۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved