تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     20-07-2022

سرخیاں، متن اور قمر رضا شہزاد

بوتل سے شعور کا جن نکل آیا ہے: عمران خان
سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ''بوتل سے شعور کا جن نکل آیا ہے‘‘ اور اب وہ حکومتی اراکین کو چمٹنے کے لیے تیار ہے جس سے جان چھڑانے کے لیے انہیں کوشش کرنی چاہیے جبکہ اس سلسلے میں ہم بھی ان کی مدد کر سکتے ہیں کیونکہ ہم نے یہ کورس بھی کر رکھا ہے اس لیے جس جس کو جن نکلوانا ہو وہ ہم سے براہِ راست رابطہ کرے جبکہ بذریعہ ڈاک بھی تعویذ منگوایا جا سکتا ہے اگرچہ اس میں اب وہ اگلا اثر باقی نہیں ہے؛ تاہم چھلاووں کے قلع قمع کے لیے یہ اب بھی اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔ آپ اگلے روز پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
نواز شریف پاکستان میں ہوتے
تو نتائج مختلف ہوتے: محمد زبیر
سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ نواز کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ ''نواز شریف پاکستان میں ہوتے تو نتائج مختلف ہوتے‘‘ کم از کم خود نواز شریف کی حد تک تو حالات ضرور مختلف ہوتے جو شاید جیل میں ہوتے اور سزا کے ساتھ ساتھ مقدمات بھی بھگت رہے ہوتے، مناسب اور من پسند کھانا نہ ملنے پر پریشان ہوتے اور الیکشن نتائج دیکھ کر مزید پریشان ہو جاتے اور اپنی پسند کی جیل میں منتقل کیے جانے پر اصرار کرتے۔ بھوک ہڑتال کرنے کی دھمکی دیتے اور اس پر عمل نہ کر سکتے کیونکہ یہ ان کے لیے مشکل ترین کام ہوتا اور اس شخص کی تلاش میں ہوتے جس نے انہیں وطن واپسی کا مشورہ دیا تھا۔ آپ اگلے روز کراچی سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
شاہنواز بھٹو انقلابی سوچ رکھنے
والے غیر معمولی رہنما تھے: زرداری
سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''شاہنواز بھٹو انقلابی سوچ رکھنے والے غیر معمولی رہنما تھے‘‘ جبکہ خاکسار بھی کچھ کم نہیں ہے کیونکہ ہم نے معاشی حیثیت میں جو انقلاب برپا کیا ہے اس کی کہیں مثال نہیں ملتی، حتیٰ کہ سابقہ حکومت کو گرا کر اپنی سیاسی حیثیت کو بھی مضبوط کیا ہے اور سیاسی مستقبل بھی خاصی حد تک محفوظ ہو گیا ہے جبکہ صوبے میں بھی ہمارا کوئی مقابل نہیں بچا ہے اور اتحاد کے حوالے سے نواز لیگ کو ایسی پٹخنی دی ہے کہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ آپ اگلے روز شاہ نواز بھٹو کی برسی پر پیغام جاری کر رہے تھے۔
حکومت ہار گئی‘ نواز شریف کا
نظریہ جیت گیا: جاوید لطیف
وفاقی وزیر اور مسلم لیگ نواز کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''حکومت ہار گئی، نواز شریف کا نظریہ جیت گیا‘‘ کیونکہ نواز شریف کا نظریہ بھی یہی تھا کہ حکومت ہار جائے کیونکہ ان کے لیے اس حکومت نے کچھ بھی نہیں کیا، ان کی سزا بھی برقرار ہے اور جیل بھی ان کے انتظار میں بازو پھیلائے کھڑی ہے، اور نہیں تو ان کے مقدمات کی فائلیں ہی اِدھر اُدھر کی جا سکتی تھیں‘ انہیں غائب بھی کرایا جا سکتا تھا اور بھی کئی طریقے تھے مثلاً جس طرح ایل ڈی اے والی فائلیں اپنے منطقی انجام کو پہنچائی گئی تھیں، حتیٰ کہ صدر سے اُن کی سزا معاف بھی کرائی جا سکتی تھی۔ آپ اگلے روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
زیادہ بچے پیدا کرنیکی خواہش رکھنے والے ایسے ملکوں
میں جائیں جہاں مسلمان کم ہیں: عبدالقادر پٹیل
وفاقی وزیر صحت اور پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ''زیادہ بچے پیدا کرنے کی خواہش رکھنے والے ایسے ملکوں میں جائیں جہاں مسلمان کم ہیں‘‘ کیونکہ ہمارے ہاں آبادی پہلے ہی حد سے تجاوز کر چکی ہے اور اس میں مزید اضافہ نہیں کیا جا سکتا اور دنیا میں مسلمانوں کی تعداد میں اضافے کی ضرورت ہے۔ دنیا میں کئی ملک ایسے بھی ہیں کہ اگر وہاں جا کر آبادی بڑھانے کی کوشش کی جائے تو وہاں بھی پاکستان بننے کی گنجائش موجود ہے جو بعد میں ہمارے ساتھ الحاق بھی کر سکتے ہیں اور ہم جس رفتار سے اس میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں‘ اس سے یہ خواب جلد پورا ہو سکتا ہے۔ آپ اگلے روز عالمی یوم آبادی کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں قمر رضا شہزاد کی شاعری:
میں یوں ہوں اپنے جسم کے گھر میں پڑا ہوا
جیسے کوئی خزانہ کھنڈر میں پڑا ہوا
مدت ہوئی گزر بھی چکا عشق کا عذاب
کب تک رہوں گا میں اسی ڈر میں پڑا ہوا
دھندلی دکھائی دیتی ہے ہر شے مجھے یہاں
تنکا ہو جیسے میری نظر میں پڑا ہوا
آئے گا راستے میں کسی وقت یہ بھی کام
اک اشک میرے رختِ سفر میں پڑا ہوا
٭......٭......٭
مری بلا سے کائنات توڑ دیجیے
جناب میرا راستا تو چھوڑ دیجیے
وہ چل پڑے گا کچھ کہے سنے بغیر بھی
فقیر کو کسی طرف بھی موڑ دیجیے
کسی پہ میرے دل کی بات ہی کھلے یہاں
یہ میرے لفظ ایک بار جوڑ دیجیے
آج کا مقطع
یہ بھی ممکن ہے کہ اس کار گہہ دل میں ظفرؔ
کام کوئی کرے اور نام کسی کا لگ جائے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved