نرم مداخلت کی آوازیں اٹھ رہی ہیں: جاوید لطیف
مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''نرم مداخلت کی آوازیں اٹھ رہی ہیں‘‘ جو ہمیں کسی صورت قبول نہیں کیونکہ اگر مداخلت کرنی ہے تو سخت مداخلت کریں اور اگر نرم مداخلت ہی کرنی ہے تو بہتر ہے کہ گھر بیٹھے رہیں جبکہ موجودہ صورتِ حال کا تقاضا ہے کہ واقعتاً سخت مداخلت کی جائے جس سے جھاڑو پھر جائے اس سے کم از کم اتنا تو ہو گا کہ گزشتہ دورِ حکومت کا کوڑا کرکٹ صاف ہو جائے گا جبکہ ہمارے دور کا تو اپنے آپ ہی صاف ہونے والا ہے کیونکہ اصل مسئلہ تو لاعلمی ہے جس میں عمران خان نے پوری قوم کو مبتلا کر رکھا ہے اور ساری قوم سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر اس کے پیچھے لگی ہوئی ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
معیشت اتنی خطرے میں نہیں ہے جتنا لوگ
سمجھ رہے ہیں: قائم مقام گورنر سٹیٹ بینک
قائم مقام گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے کہا ہے کہ ''معیشت اتنی خطرے میں نہیں ہے جتنا لوگ سمجھ رہے ہیں‘‘ بلکہ اس سے کہیں زیادہ خطرے میں ہے اور یہ اس وقت تک نہیں سدھر سکتی جب تک کہ ملک سے باہر گیا ہوا پیسہ واپس نہ آ جائے اور یہ چونکہ لگ بھگ ناممکن ہے اس لیے معیشت کا سدھرنا بھی ایک خواب ہو کر ہی رہ جائے گا اور جو اس پیسے کو واپس لا سکتے ہیں وہ دم سادھ کر بیٹھے ہوئے ہیں اور اگر یہ دم سادھنے کی مشق میں اس قدر پختہ ہو چکے ہیں تو انہیں تیراکی کے عالمی مقابلوں میں حصہ لینا چاہیے تاکہ اپنے ساتھ ساتھ ملک و قوم کو بھی اس کا کوئی فائدہ پہنچا سکیں۔ آپ اگلے روز ایک پوڈ کاسٹ میں معاشی صورتِ حال اور سٹیٹ بینک سے متعلق ملک میں پھیلی خبروں کی وضاحت کر رہے تھے۔
اتحادی حکومت مزید مداخلت
برداشت نہیں کرے گی: سعد رفیق
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ''اتحادی حکومت مزید مداخلت برداشت نہیں کرے گی‘‘ کیونکہ جن کے بارے میں مداخلت کا گمان ہے وہ ہمیں اچھی طرح سے جانتے ہیں اور ہمارے ہاتھ انہوں نے دیکھ رکھے ہیں جبکہ حکومت کے خلاف ہر فیصلہ ہماری حکومت میں کھلی مداخلت کے مترادف سمجھا جائے گا‘ اس لیے کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے سو بار سوچنا ہو گا جبکہ ہمارا ہر اقدام سوچے سمجھے بغیر ہی ہوتا ہے کیونکہ یہ کام صرف ہمارے قائدِ محترم ہی کیا کرتے تھے جو اس وقت ملک اور عوام کی خدمت کے سلسلے میں لندن میں قیام پذیر ہیں۔ بصورتِ دیگر زرداری صاحب سے کہا جائے گا کیونکہ ہمارے لیے یہ کام وہی کر سکتے ہیں اور کر بھی رہے ہیں۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
چاہوں تو پانچ منٹ میں ن لیگ، پی پی اور
جمعیت کو بٹھا سکتا ہوں: پرویز خٹک
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ''چاہوں تو ن لیگ ، پی پی اور جمعیت کو پانچ منٹ میں بٹھا سکتا ہوں‘‘ جبکہ ویسے بھی وہ اٹھتے بیٹھتے ہی رہتے ہیں تو میرے کہنے پر تھوڑی دیر کے لیے کیوں نہ بیٹھیں گے اور اگر ان کی سمجھ میں یہ بات نہ آئے تومیں خود بھی انہیں بیٹھ کر دکھا سکتا ہوں جبکہ آرام کے لیے بیٹھنا ویسے بھی بے حد ضروری ہے اور وہ انکار اس لیے بھی نہیں کریں گے کہ سیاسی رہنمائوں کے اندر مختلف جماعتوں سے ہوتے ہوئے بھی اس قدر اخوت اور بھائی چارہ ضرور ہوتا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے کہنے پر اٹھ بیٹھ سکیں جبکہ ان کی سیاسی زندگی ویسے بھی اٹھک بیٹھک ہی پر مشتمل ہوتی ہے۔ آپ اگلے روز نوشہرہ کے علاقے جہانگیرہ میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کر رہے تھے۔
اگر عمران خان کو ریلیف دیا گیا تو استعفے دے
کر عوامی عدالت میں جائیں گے : رانا اسحاق
مسلم لیگ نواز کے رکنِ قومی اسمبلی اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریونیو اینڈ فنانس رانا اسحاق خان نے کہا ہے کہ ''اگر عمران خان کو ریلیف دیا گیا تو ن لیگ استعفے دے کر عوامی عدالت میں جائے گی‘‘ کیونکہ ریلیف لینا صرف ہمارا حق ہے جبکہ عمران خان براہِ راست عوام سے ریلیف لے رہے ہیں اور انہیں کسی اور ریلیف کی ضرورت نہیں ہے اس لیے انہیں بلا ضرورت ریلیف دینے سے اجتناب کیا جائے جبکہ ریلیف پر پہلا حق حکومت کا ہوتا ہے اور عوام کے ساتھ آج کل حکومت کی اَن بن چل رہی ہے اور وہ عمران خان کے فوبیا میں مبتلا ہو چکے ہیں اس لیے وہ ہمیں گھاس نہیں ڈالیں گے سو ان کے پاس جانے کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ آپ اگلے روز ''روزنامہ دنیا‘‘ سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں عامر سہیل کی پنجابی شاعری
رو! جاندی ، ایس پاندھی رت نوں
بت ہلارے کھاوے
ساتھ نہ دیون دو نہیں اکھاں
ہجر پیا مکلاوے
نال نہ ہاسا، نال نہ پاسا
گلمے وچ پچھتاوے
رت نوں اپنی خبر نہ اُکّا
اک آوے، اک جاوے
وانگ شریکاں ہُجے مارے
اکھ دا کجل کھاوے
عشق کسے درویش دی دھونی
تھاں تھاں اگّاں لاوے
آپ خدا نوں کچھڑ چکے
آپ زمین تے لاہوے
آج کا مطلع
دیکھو تو کچھ زیاں نہیں کھونے کے باوجود
ہوتا ہے اب بھی عشق نہ ہونے کے باوجود
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved