میثاقِ معیشت کی دوبارہ پیشکش کر رہا ہوں: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''میں میثاقِ معیشت کی دوبارہ پیشکش کر رہا ہوں‘‘ کیونکہ اس سے ایک فائدہ تو یہ ہو گا کہ عمران خان کے روز روز کے جلسوں سے گلوخلاصی ہوجائے گی جنہوں نے ہمارا جینا دوبھر کر رکھا ہے اورہمارا ووٹ بینک کم سے کم تر ہوتا ہوا بالکل غائب ہونے جا رہا ہے جبکہ موصوف نے یہ بھی کہہ دیا ہے کہ اب میں روزانہ جلسہ کیا کروں گا، کیونکہ میثاقِ معیشت بے شک چلے نہ چلے‘ انہیں تو دم لینے کی فرصت مل جائے گی حالانکہ ہم سمجھتے ہیں کہ روزانہ جلسوں پر قانونی پابندی ہونی چاہیے اور اس ضمن میں مطلوبہ مسودہ تیار کیا جا رہا ہے، اگر صدرِ مملکت نے حسبِ معمول مسترد کر کے واپس نہ بھیج دیا۔ آپ اگلے روز یوم آزادی کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
کچھ بھی کر لو‘ ڈیل نہیں کروں گا: عمران خان
سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ''کچھ بھی کر لو‘ ڈیل نہیں کروں گا‘‘ اور اگر مجھے اندر کر دیا گیا تو پھر ڈیل کا سوال ہی پیدا نہ ہو گا کیونکہ جیل کے اندر سے ڈیل کیسے ہو سکتی ہے، اس لیے اگر ڈیل کا کوئی امکان باقی رکھنا ہے تو مجھے گرفتار کرنے کی غلطی نہ کی جائے یا چند ماہ کی مہلت دی جائے تاکہ میں اپنا جانشین مقرر کر سکوں جبکہ جانشین بھی ایک سے زیادہ مقرر کرنا پڑیں گے کیونکہ انہیں بھی باری باری اندر کیا جاتا رہے گا‘ اس لیے اگر کوئی پلان ہے تو مجھے بتا دیا جائے کہ کتنے جانشینوں کو گرفتار کیا جائے گا تاکہ میں اس حساب سے اپنے جانشین مقرر کر لوں۔ پیشگی شکریہ! آپ اگلے روز ہاکی گراؤنڈ لاہور میں جلسۂ عام سے خطاب کررہے تھے۔
شریفوں اور زرداریوں کو
شکست فاش دیں گے: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''شریفوں اور زرداریوں کو شکست فاش دیں گے‘‘ اگرچہ ''فاش‘‘ کا تو مجھے مطلب بھی نہیں آتا کیونکہ میں نے اسی وزن پر ایک اور لفظ سن رکھا ہے اور اُس کا مطلب بخوبی آتا ہے البتہ فاش کا مطلب جاننے کے لیے لغت کا سہارا لینا پڑے گا حالانکہ میں نے سوائے حکمرانوں کے‘ کبھی کسی سے سہارا نہیں لیا اور اس سہارے ہی سے مجھے ہر حکمران کا وزیر ہونے کا شرف حاصل ہو چکا ہے اور اب میری نظر آئندہ حکومت پر بھی ہے‘ وہ جس کی بھی ہو، میری خدمات حسبِ معمول مکمل طور پر حاضر ہیں۔ آپ اگلے روز راولپنڈی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
نفرت‘ فساد پھیلانے کی ہر کوشش
ناکام بنائیں گے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''نفرت اورفساد پھیلانے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے‘‘ اور اس کی خاطر ہم اپنے لوگوں کو روک نہیں سکتے کیونکہ دوسروں کی پھیلائی ہوئی نفرت کو اسی طرح ختم کیا جا سکتا جبکہ لوہے کو لوہا ہی کاٹتاہے نیز یہ لوہا خالص بھی ہے جبکہ ہم ہمیشہ سے خالص چیزوں میں یقین رکھتے ہیں اورجو چارپیسے بنائے ہیں اُن سے ملک کے اندر اور باہر خالص چیزیں ہی خریدی گئی ہیں اور سارا کچھ بڑی محنت سے کیا گیا ہے کیونکہ پیسہ کمانا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
بنی گالا پر چھاپے سے پہلے سوچ لیں
جاتی امرا زیادہ دور نہیں: فواد چودھری
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ''بنی گالا پر چھاپے سے پہلے سوچ لیں‘ جاتی امرا زیادہ دور نہیں‘‘ اس لیے جاتی امرا کے راستے کی پیمائش کی جا رہی ہے تاکہ فاصلے کا جائزہ لیا جا سکے اوراب ہم کوئی بھی کام جائزہ لیے بغیر نہیں کرتے؛ اگرچہ ماضی میں ہمارے ہاں جائزہ لینے کا رواج ہی نہیں تھا اور ہم قومی رسم و رواج سے ایک قدم بھی کبھی پیچھے نہیں ہٹے؛ چنانچہ ہر دو مقامات کے آپسی فاصلے کا جائزہ لے کر اندازہ لگائیں گے کہ دونوں جگہوں پر کتنی دیر میں پہنچا جا سکتا ہے اور دونوں فریقوں کی پہنچنے کی رفتارکتنی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں افضال نوید کا نوحہ:
ازل سے تابہ ابد سلسلہ امام حسینؓ
چراغِ رہگزرِ کربلا امام حسینؓ
ہر ایک راہِ عمل میں لہو کی قندیلیں
ہر ایک مرحلے میں مرحلہ امام حسینؓ
ہر ایک موقع پرستی پہ جان دیتا ہے
عجیب پیدا ہوا ہے خلا امام حسینؓ
کیا نہ صاف کفِ وقت نے وہ چہرے سے خون
جو وقتِ شامِ غریباں مَلا امام حسینؓ
وہ جس کے پدر کی دہشت سے کانپتا تھا رن
وہ دستِ پاکؐ میں کھیلا پلا امام حسینؓ
انوکھی کونپلوں میں پائی جس نے نشو و نما
وہ باغ غیب کا پھولا پھلا امام حسینؓ
نہتا جا چکا نیزوں کی تیز بارش میں
وہ فاطمہؓ، وہ ترا لاڈلا امام حسینؓ
کسی کو بھیج کہ ٹل جائے کہتا ہے یہ نویدؔ
بچھی ہوئی ہے جو یاں کربلا امام حسینؓ
آج کا مطلع
میں زرد آگ نہ پانی کے سرد ڈر میں رہا
رہا تو سوئی ہوئی خاک کے خطر میں رہا
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved