تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     08-09-2022

سرخیاں، متن اور رستم نامی

سیلاب زدگان کی مدد کیلئے
مسلسل کام کیا جائے: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''سیلاب زدگان کی مدد کے لیے مسلسل کام کیا جائے‘‘ جیسا کہ ہم نے اپنے ادوارِ اقتدار میں مسلسل ایک ہی کام کیا ہے اسی لیے اپنی روایات پر پورے زوروشور سے عمل کیا جائے بلکہ اگر مسلسل سے زیادہ تھا تو ہم نے وہ بھی کر کے دکھا دیا تھا اور اس خوبصورتی اور سلیقے سے کیا تھا کہ اگر ایک ہاتھ سے کرتے تھے تو دوسرے ہاتھ کو اس کی خبر تک نہیں ہوتی تھی؛ اگرچہ زیادہ تر وہ دونوں ہاتھوں ہی سے سرانجام دیا جاتا تھا کیونکہ اگر ایسا نہ کرتے تو اتنے اثاثے بنا کر ملک کی شان و شوکت میں اضافہ کیسے کر سکتے تھے بلکہ ہمیں یہ کہنے کی ضرورت ہی نہیں کیونکہ ہمیں تو مسلسل کام کرنے کی عادت پڑی ہوئی ہے۔ آپ اگلے روز لندن پارٹی آفس میں رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ سے ملاقات کر رہے تھے۔
نااہل کو اہل اور اہل کو نااہل کرانے
کی تگ و دو جاری ہے: حافظ حسین احمد
جمعیت علمائے اسلام (پاکستان) کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ''نااہل کو اہل اور اہل کو نااہل کرانے کی تگ و دو جاری ہے‘‘ چنانچہ میاں نواز شریف کو اہل اور عمران خان کو نااہل کرانے کے لیے جو ظاہر اور درپردہ کوششیں ہو رہی ہیں وہ سب کے سامنے ہیں تا کہ نواز شریف واپس آ کر حسبِ معمول عوام کی خدمت کر سکیں اور عمران خان جو روزانہ جلسوں میں عوام کے نظریات خراب کر رہے ہیں‘ ان کی سیاست کا قلع قمع ہو سکے جو کہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے بھلے نواز شریف واپس آ کر ایک بار پھر نااہل ہوجائیں۔ آپ اگلے روز کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ جامعہ علمائے اسلام پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
حکمرانوں کا غلط فیصلہ عوام کے
غیظ و غضب میں بدل سکتا ہے: شیخ رشید
سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''حکمرانوں کا غلط فیصلہ عوام کے غیظ و غضب میں بدل سکتا ہے‘‘ بلکہ ان کے صحیح فیصلے کا ردعمل بھی یہی ہو گا۔ اس لیے عوام کے غیظ و غضب سے بچنے کیلئے حکومت کوئی بھی فیصلہ کرنے سے گریز کرے کیونکہ عمران خان کے خلاف جو بھی فیصلہ ہو گا‘ غلط ہو گا اور عوام کے غیظ و غضب کو دعوت دے گا جبکہ خان صاحب کے اپنے فیصلے بھی کچھ اتنے صحیح نہیں ہوں گے اور وہ بھی عوام کے غصے کا باعث بن سکتے ہیں اس لیے میں خان صاحب سے بھی درخواست کروں گا کہ وہ بھی اپنے سارے فیصلے کچھ عرصے کے لیے ملتوی کر دیں۔ آپ اگلے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
ادارے غیرجانبدار رہتے ہیں تو
عمران خان کیچڑ اچھالیں گے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''ادارے غیر جانبدار رہتے ہیں تو عمران خان کیچڑ اچھالیں گے‘‘ اس لیے بہتر یہی ہے کہ خان صاحب کو کیچڑ اچھالنے کا موقع ہی نہ دیا جائے اور ایماندار اور پاک صاف لوگوں کا ساتھ دیا جائے جس کی ایک روشن مثال اس وقت سب کے سامنے ہے کہ جو کبھی کرپشن کے نزدیک بھی نہیں گئے اور نہ انہوں نے کبھی منی لانڈرنگ کا ارتکاب کیا ہے اور بے حساب اثاثے انہیں بدنام کرنے کی خاطر ان کے نام لگا رکھے ہیں‘ احتسابی اداروں کے ذریعے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کرکے انہیں عبرت ناک سزا دینی چاہیے۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
ثمینہ سے شادی کے لیے آنسو
بھی بہائے تھے: ہمایوں سعید
پاکستان کے سپرسٹار اداکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ ''ثمینہ کے ساتھ شادی کے لیے آنسو بھی بہائے تھے‘‘ لیکن شادی پھر بھی ہو کر ہی رہی کیونکہ اچھا یا برا وقت آنا ہو تو آ کر ہی رہتا ہے اور رونا دھونا کسی کام نہیں آتا۔ اس لیے کسی مقصد کو حاصل کرنے کے لیے آنسو بہانے کا کوئی فائدہ نہیں اور سب کچھ تقدیر پر چھوڑ دینا چاہیے کیونکہ ایسے فیصلے آسمانوں پر ہی ہوتے ہیں لہٰذا صبر و شکر کرکے ایسے فیصلوں کو تسلیم کر لینا چاہیے کیونکہ صبر و شکر خدا کا پسندیدہ عمل ہے اور خود انسان کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں رستم نامی کی غزل!
ہے اب اس کا بھی اختتام شروع
جو کیا ہی نہیں ہے کام شروع
اب نئے شہر بسنے والے ہیں
بستیوں کا ہے انہدام شروع
تجھ سے باتیں کریں تو ہوتے ہیں
تجھ سے پہلے ترے غلام شروع
اپنا مطلب نکانے کے لیے
اس نے کرنا ہے احترام شروع
اب بھی کرتا ہوں میں خیالوں میں
جنگلوں سے دعا سلام شروع
ہاتھ میں رہ گیا نوالہ ہی
ہم جو کرنے گئے طعام شروع
پھر بھی زندہ ہوں، میں یہاں ورنہ
میرے پیچھے ہیں صبح وشام شروع
پھر یہ سیلِ رواں رُ کے گا نہیں
اک دفعہ جب ہوئے عوام شروع
کوچ کا حکم مل گیا نامیؔ
ہم نے جونہی کیا قیام شروع
آج کا مقطع
ہمارا عشق رواں ہے رکاوٹوں میں ظفرؔ
یہ خواب ہے کسی دیوار سے نہیں رکتا

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved