ایسی ریاست بنائیں جہاں آئین و
پارلیمان کی بالادستی ہو: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''ایسا ملک بنائیں جہاں آئین و پارلیمان کی بالادستی ہو‘‘ اور یہ بات میں دوسروں کو اس لیے کہہ رہا ہوں کہ ہم خود دیگر کاموں میں مصروف رہتے ہیں جن کے بغیر کوئی چارہ ہی نہیں اور جو ہماری واحد مصروفیت بھی ہے اور ہم آج کا کام کل پر چھوڑنے کے متحمل بھی نہیں ہو سکتے کہ کل کا کیا پتا ہے‘ آئے یا نہ آئے؛ تاہم ہم کوشش کریں گے کہ دوسرے کاموں کی طرف توجہ دینے کے قابل بھی ہو سکیں بیشک وہ غیر مفید ہی کیوں نہ ہوں۔ آپ اگلے روز بابائے قوم کی برسی پر بیان جاری کر رہے تھے۔
مائنس عمران کے خواب دیکھنے والے احمقوں
کی جنت میں رہتے ہیں: مسرت جمشید چیمہ
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور صوبائی چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ''مائنس عمران کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں‘‘ لیکن میری سمجھ میں یہ بات نہیں آتی کہ احمق لوگ جنت میں پہنچ کیسے جاتے ہیں۔ شاید ان کی حماقتوں پر قدرت کو ترس آ جاتا ہو یا انہوں نے اپنی جنت خود ہی بنا رکھی ہو جس میں وہ صرف سویا کرتے اور خواب دیکھا کرتے ہوں۔ بہرحال اس بات کا سراغ لگانے کی ضرورت ہے کہ اصل واقعہ کیا ہے، اور یہ بات بہلا پھسلا کر خود ان سے بھی پوچھی جا سکتی ہے تاکہ یہ مخمصہ دور ہو سکے۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
ملک اس وقت کسی انتشار کا متحمل
نہیں ہو سکتا: مولانا فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''ملک اس وقت کسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا‘‘ اس لیے سب کو اپنی اپنی کارکردگی پر نظرِ ثانی کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس کی زد میں ہم خود بھی آ سکتے ہیں اور اس کام کو کسی دوسرے وقت پر بھی اٹھایا جا سکتا ہے کیونکہ اگر اس کے ریلے میں ہم بھی بہہ گئے تو اس ساری جدوجہد کا فائدہ ہی کیا؛ چنانچہ اور نہیں تو ہمیں کم از کم اپنے نفع و نقصان کا تو سوچنا ہی چاہیے اور یہی دور اندیشی اور عقلمندی کا تقاضا بھی ہے۔ آپ اگلے روز کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔
بزرگوں کی دعا سے سندھ
ہمیشہ آباد رہے گا: سراج درانی
قائم مقام گورنر سندھ‘ آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ ''بزرگوں کی دعا سے سندھ ہمیشہ آباد رہے گا‘‘ اور جو کچھ بھی اس کے ساتھ کر رہے ہیں ‘اس کے باوجود یہ آباد رہے گا کیونکہ بزرگوں کی دعا کے مقابلے میں چھوٹے موٹے کارنامے کوئی حیثیت نہیں رکھتے، نیز ایسا لگتا ہے کہ اُن کو ان کارستانیوں کا علم ہی نہیں تھا جس سے ان کی بلند حیثیت بھی معرضِ بحث میں آ جاتی ہے۔ ہماری بھی دعا ہے کہ جو کچھ وہ کرتے ہیں‘ کرتے رہیں اور یہ بھی اپنا کام جاری رکھیں تاکہ دونوں کا کام چلتا رہے اور کام سب کا چلتے ہی رہنا چاہیے کیونکہ ساری برکت بھی اسی میں ہے۔ آپ اگلے روز درگاہ شاہ لطیف پر حاضری دے رہے تھے۔
کبھی نسیم شاہ سے ملی تو بیہوش ہو
جائوں گی: نندنی گپتا
دبئی میں مقیم بھارتی لڑکی نندنی گپتا نے کہا ہے کہ ''کبھی پاکستانی کرکٹر نسیم شاہ سے ملی تو بیہوش ہو جائوں گی‘‘ کیونکہ میرا ایک بڑا آپریشن ہونے والا ہے اور میں ڈاکٹروں کی ہزار کوششوں کے باوجود انستھیزیا سے بیہوش نہیں ہو رہی اور نسیم شاہ نے جو کام کیا ہے وہ میرے ہوش اڑانے کے لیے کافی ہے اور اگر مجھے دیکھ کر ان کے اپنے ہوش اڑ گئے تو پھر مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے کیونکہ میں نے ان سے اپنے دل کی بات کا اظہار بھی کرنا ہے اور ڈرتی ہوں کہ میرا یہ خواب کہیں چکنا چور ہی نہ ہو جائے، او ریہ میرے علاوہ شاید ان کے ساتھ بھی ناقابلِ برداشت سلوک ہو۔ آپ اگلے روز دبئی میں پاکستانی میڈیا کو ایک انٹرویو دے رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں نوید ملک کی یہ نظم:
خدایاروک لے پانی
خدایا کون سے لہجے میں بادل
بولتا ہے ننھے بچوں سے
بوجھ کیوں اپنا پہاڑوں نے
انڈیلا بے زبانوں پر خدایا!
چیختے ڈیموں کے منہ کھلنے لگے ہیں
اور بارش موت اوڑھے
سب پہ نازل ہو رہی ہے
خدایا بوڑھی روحوں کا تعلق
اس زمین سے کٹ گیا ہے
اور قبرستان سارے مٹ گئے ہیں
خدایا زندگی کا ہر شجر
گریہ کناں ہے
وقت کے ہاتھوں سے
آرے کیوں نہیں گرتے
سہارے کیوں نہیں ملتے
خدایا موسموں کو خبر ہے
نوح کی کشتی نہیں ہے کوئی دنیا میں
مگر پھر بھی ہر ایک دریا نے
اپنی سرخ آنکھیں
آسمان کی کھڑکیوں سے باندھ رکھی ہے
پنچھیوں نے پیاس سہنے کا ارادہ کرلیا ہے
خدایا روک لے پانی
آج کا مطلع
کچھ اس نے سوچا تو تھا مگر کام کر دیا تھا
جو میرے خوابوں کو اتنے رنگوں سے بھر دیا تھا
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved