تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     14-10-2022

سرخیاں، متن اور ملتان سے رفعت ناہید

12 اکتوبر دردناک تاریخ سے
سبق سیکھنے کا دن ہے: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''12 اکتوبر دردناک تاریخ سے سبق سیکھنے کا دن ہے‘‘ لیکن ملک عزیز میں سبق سیکھنے کا رواج ہی نہیں ہے ورنہ بہت سی دیگر چیزوں سے بھی سبق سیکھنا چاہیے تھا جن کی بنا پر خاکسار یہاں پردیس میں موجود ہے اور واپس جانے کا نام ہی نہیں لے رہا؛ تاہم اگر ہم نے سبق نہیں سیکھا تو دوسرے اس سے سبق سیکھ سکتے ہیں بلکہ موجودہ نظام کی بدولت سبق سیکھنے کے رہے سہے امکانات بھی معدوم ہو جائیں گے؛ چنانچہ سبق سیکھنے کے بجائے کام سیکھنے کی زیادہ ضرورت ہے جس کی بے شمار روشن مثالیں ہم نے قائم کر رکھی ہیں اور مزید کا ارادہ رکھتے ہیں۔ آپ اگلے روز لندن میں لیگی رہنمائوں سے ملاقات کر رہے تھے۔
20 لیگی ایم پی ایز ہمارے
ساتھ رابطے میں ہیں: فیاض چوہان
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ''20 لیگی ایم پی ایز ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں‘‘ لیکن انہیں کہہ دیا گیا ہے کہ ہمیں تو اپنی پڑی ہوئی ہے اس لیے وہ فی الحال خود اپنے ساتھ ہی رابطہ بحال رکھیں تو ان کے لیے بہتر ہو گا جبکہ اس طرح وہ اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں اور ہمارا بھی‘ اور بھلے ان کا وقت قیمتی ہو نہ ہو‘ ہمارا بہرحال قیمتی ہے جبکہ ایسا لگتا ہے کہ دوبارہ منڈی سج رہی ہے اور سودا کسی وقت بھی مکمل ہو سکتا ہے اس لیے وہ بھی اپنے قیمتی وقت کی فکر کریں کیونکہ دام ہمیشہ وقت کا ہی ہوتا ہے اور بے وقت کی 'ٹکریں‘ کسی کام نہیں آتی ہیں۔ آپ اگلے روز راولپنڈی میں پبلک سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
وطن عزیز کو بچانے کے لیے
تین سال جنگ لڑی: مولانا فضل الرحمن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ''ملک عزیز کو بچانے کے لیے تین سال جنگ لڑی‘‘ اور بالآخر عمران خان کو گھر بھیج کر فتح کا جھنڈا لہرا دیا؛ تاہم اس جنگ کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ یہ بہت سخت جان معاشرہ ہے اور چھوٹی موٹی کوششوں سے اس کا کچھ نہیں جاتا کیونکہ اس ضمن میں ہمیشہ ہی سے کوششیں ہوتی رہی ہیں اور جن میں کم و بیش سب نے اپنا حصہ بھی ادا کیا ہے لیکن آخر تھک ہار کر پیچھے ہٹ گئے کہ یہ کسی کے بس کا روگ نہیں ہے لہٰذا وقت ضائع نہ کیا جائے۔ آپ اگلے روز مردان میں عمران خان پر تنقید کر رہے تھے۔
منی لانڈرنگ کیس فیصلہ عوام کے
منہ پر ایک اور طمانچہ ہے: فواد چودھری
سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد حسین چودھری نے کہا ہے کہ ''منی لانڈرنگ کیس فیصلہ عوام کے منہ پر ایک اور طمانچہ ہے‘‘ اور طمانچے کھا کھا کر اب عوام کا منہ سرخ ہو گیا ہے جس سے یہ صحتمند بھی لگتا ہے اور اچھا بھی کیونکہ زرد منہ صحتمندی کی نشانی نہیں ہے اور خون کی کمی کی علامت ہے لیکن اب یہ صورت حال تبدیل ہو گئی ہے اور اگر ایسے ہی دو چار طمانچے مزید پڑے‘ جن کا پورا پورا امکان موجود ہے‘ تو عوام کے صحتمند ہو جانے میں کوئی کسر باقی نہیں رہے گی اور خوراک کی کمی کا مسئلہ بھی باقی نہیں رہے گا، ہن موجاں ای موجاں۔ آپ اگلے روز شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے تھے۔
مسئلہ کشمیر کسی ایک جماعت کا
نہیں‘ اجتماعی مسئلہ ہے: قمر زمان کائرہ
وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ ''کشمیر کسی ایک جماعت کا نہیں‘ اجتماعی مسئلہ ہے‘‘ اور چونکہ ہماری پارٹی بھی ایک جماعت ہے‘ اس لیے یہ ہمارا بھی مسئلہ نہیں ہے؛ چنانچہ یہ جانے اور اجتماع، اور خاص طور پر یہ (ن) لیگ کا تو مسئلہ ہرگز نہیں ہے کیونکہ اس کی قیات کسی بھی مسئلے کو مسئلہ سمجھتی ہی نہیں حالانکہ اس کی دیگر مصروفیات بالکل ہماری طرح کی ہیں جس کے بعد کوئی مسئلہ‘ مسئلہ رہتا ہی نہیں کیونکہ ان کے نزدیک عوامی خدمت ہی وہ واحد مسئلہ ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس پر بھرپور توجہ دی بھی جا رہی ہے اور یہ محنت پھل بھی بہت لا رہی ہے۔ آپ اگلے روز کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر سے خطاب کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں ملتان سے رفعت ناہید کی غزل:
وہ مجھے سنائے گا داستان ست رنگی
سب مکین شیشے کے اور مکان ست رنگی
گھر کے ہر دریچے میں لعل اور زمرد ہیں
راستا ہے چاندی کا، سائبان ست رنگی
میں کھڑی ہوں زینے پر اور پاؤں پر میرے
ہار ایک نولکھا، آن بان ست رنگی
بار بار عجلت میں کھولتی ہوں دروازہ
دستکیں رسیلی ہیں اور گمان ست رنگی
سانس کے پیالے میں سات رنگ خوشبو ہے
دھڑکنوں کے سُر بھی ہیں میری جان ست رنگی
بام پر ملی مجھ کو اوڑھنی ستاروں کی
ایک چاند نورنگا، آسمان ست رنگی
میں بھی اپنے دامن میں کتنے پھول لے آئی
رنگ رنگ پھولوں کی تھی دُکان ست رنگی
آج کا مقطع
ظفرؔ یہ باعثِ تشویش بھی ہے سب کے لیے
جو مطلب اور مری بات سے نکلتا ہے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved