عمران انہی کے خلاف باتیں کر رہے
جنہوں نے انہیں پالا پوسا: شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''عمران انہی کے خلاف باتیں کر رہے ہیں جنہوں نے انہیں پالا پوسا‘‘ جبکہ ہم نے ماسوائے قائدِ محترم، سابق سپیکر قومی اسمبلی و دیگران کے‘ کبھی ان کے خلاف باتیں نہیں کیں اورہمیں صرف موقع ملا تھا جبکہ پالا پوسا ہم نے اپنے آپ کو خود تھا حتیٰ کہ صنعت کاروں نے اپنی صنعتیں بند کر کے پاپڑ فروشی، فالودہ فروشی شروع کر دی تھی؛ نیز ساری قوم بعض چپڑاسیوں کے اکائونٹس کا سن کر خود بھی چپڑاسی بھرتی ہونے کو تیار ہو گئی تھی اور جس کا مطلب یہ ہے کہ ہم نے اپنے ساتھ ساتھ عام آدمی کی فلاح و بہبود کا بھی پورا پورا خیال رکھا تھا۔ آپ اگلے روز ایک انٹرویو دینے کے علاوہ یوٹیوبرز سے بھی ملاقات کر رہے تھے۔
نوجوان ایٹم بم‘ ایف 16 طیاروں
سے زیادہ طاقتور ہیں: سراج الحق
امیرِ جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ''نوجوان ایٹم بم‘ ایف 16 طیاروں سے زیادہ طاقتور ہیں‘‘ اس لیے امریکہ اگر ان طیاروں کو ری نیو نہیں کرتا تو یہ اسے واپس کر دینے چاہئیں اور نوجوانوں کی خدمات حاصل کرنا چاہئیں جو اگرچہ تقریباً سب کے سب عمران خان کے ساتھ ہیں جبکہ ان نوجوانوں کے ہوتے ہوئے ایٹم بم ایک اضافی طاقت کی حیثیت حاصل کر چکے ہیں۔ اگرچہ نوجوانوں کو چلایا نہیں جا سکتا مگر ان کی افادیت اور ہیبت ایٹم بم سے کسی طور بھی کم نہیں ہے اس لیے اپنے دفاع کے حوالے سے مکمل طور پر مطمئن اور بے فکر رہنا چاہیے اور زیادہ سے زیادہ فوکس نوجوان فورس پر رکھنا چاہئے۔ آپ اگلے روز یوتھ لیڈرشپ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
عمران خان قوم کے لیے نہیں‘ اپنی ذات
کے لیے مارچ کر رہے: حمزہ شہباز
پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ''عمران خان قوم کے لیے نہیں اپنی ذات کے لیے مارچ کر رہے‘‘ جبکہ حب الوطنی کا تقاضا تو یہ تھا کہ وہ یہ مارچ قوم کے لیے کرتے جبکہ قومی ضروریات کا خیال بھی رکھنا چاہیے اور اپنے ذاتی مفاد کے حوالے سے ہی نہیں سوچناچاہیے، اگرچہ اپنی ذات کو فوقیت دینے کی روش قوم کی گھٹی میں پڑی ہوئی ہے اور یہ اس لحاظ سے مکمل طور پر خودکفیل بھی ہے؛ تاہم فوقیت ہمیشہ قومی مفاد کو ہی دی جانی چاہیے جبکہ قوم خود بھی اس روش کو تحسین کی نظروں سے دیکھتی ہے، البتہ خان صاحب سے توقع ہے کہ مقبول ترین لیڈر ہوتے ہوئے وہ اس طرف بھی توجہ دیں گے۔ آپ اگلے روز پارٹی کے رکن اسمبلی فاروق گل سے ملاقات کر رہے تھے۔
اصلی اور حقیقی مارچ کرنا ہے تو عمران خان
اپنے بچے واپس لائیں: شازیہ مری
وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ ''اگر اصلی اور حقیقی مارچ کرنا ہے تو عمران خان اپنے بچے واپس لائیں‘‘ تاکہ وہ اصلی جمہوریت کا حصہ بن سکیں جو یہاں موروثی سیاست کے نام پر پھل پھول رہی ہے اور ہماری پارٹی کی قیادت سمیت لیگی رہنمائوں کے سارے بچے اس طرح اپنا اپنا نام روشن کر رہے ہیں اور اپنے اپنے والدین کے ساتھ مل کر کشتوں کے پشتے لگا رہے ہیں اور اس طرح ایک یادگار جمہوریت کی بنیاد رکھ رہے ہیں کیونکہ اپنی اولاد کے بغیر اکیلا آدمی کچھ بھی نہیں کر سکتا چاہے وہ عمران خان ہی کیوں نہ ہو۔ آپ اگلے روز لاہور میں خطاب اور ایک پریس کانفرنس کر رہی تھیں۔
کسی مداح نے خون سے خط لکھا تھا: جگن کاظم
ممتاز اداکارہ جگن کاظم نے کہا ہے کہ ''کسی مداح نے خون سے خط لکھا تھا‘‘ جسے پڑھ کر دل باغ باغ ہو گیا لیکن بعد میں تحقیق سے پتا چلا کہ وہ مرغی کے خون سے لکھا گیا تھا؛ چنانچہ اسے کہلا بھیجا کہ اگر خط لکھنا ہے تو سیدھی طرح اپنے خون سے لکھو، اور اس طرح جعلسازی کر کے محبت کے مقدس نام کوبٹہ نہ لگائو جبکہ یہ ہماری بہت بڑی بدقسمتی ہے کہ صحیح کام بھی غلط طریقے سے کیا جاتا ہے، نیز اسے یہ بھی کہلوایا ہے کہ اس نے جس مرغی کا خون کیا ہے اسے میرے پاس بھیج دو تاکہ وہ ضائع ہونے سے بچ جائے؛ نیز ساتھ ایک سرٹیفکیٹ بھی بھجوایا جائے کہ اب کے یہ خط اس نے خالصتاً اپنے خون سے لکھا ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں سید عامر سہیل کی پنجابی شاعری:
موٹروے تے رات
سُتی پئی دا مرشد کیہڑا
ادھی رات سواہ
نا دھی نوں رب یاد دوایا
نا پتر نوں راہ
نا بابل نے متھا چُمیا
نا تھانہ، درگاہ
بھیدی اک بندوق دی نالی
دوجا رب گواہ
نا کھارا، مکلاوا کوئی
چُپّاں نال ویاہ
نا عزت دی بولی کوئی
نا انکھاں وچ ساہ!
٭......٭......٭
مینہ دی گل
کل دا مینہ سی
نال شرینہ سی
چھتری سٹ کے ہسی اوہ
آپے ہیر تے سسی اوہ
شام دا پہلا سبزہ اے
دل تے تیرا قبضہ اے
آج کا مطلع
کھڑی ہے شام کہ خواب سفر رکا ہوا ہے
یقین کیوں نہیں آتا اگر رکا ہوا ہے
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved