یا د نہیں پڑتا کہ آئی ایس آئی کے کسی سربراہ کو براہ راست میڈیا کے سامنے آ کر اپنا مؤقف پیش کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی ہو۔ 1980ء کی دہائی میں افغانستان پر روسی حملے کے خلاف مزاحمتی تنظیموں کا دست و بازو بنتے ہوئے آئی ایس آئی پیشہ ورانہ مہارت کی نئی بلندیوں تک پہنچی اور ا س کا شمار دنیاکی صفِ اول کی ایجنسیوں میں ہونے لگا۔یہ سب کچھ سانحہ بہاولپور میں شہید ہونے والے جنرل اختر عبد الرحمن کی قیادت میں ہوا۔داخلی‘سیاسی اور خارجی عوامل کے شدید دبائو کے باوجود جنرل اختر آخر ی لمحے تک میڈیا سے دور رہے۔ جہادِ افغانستان میں ان کے اور آئی ایس آئی کے کردار کی تمام تفصیلات سانحہ بہاولپور کے بعد منظر ِعا م پر آئیں۔
جنرل ندیم انجم نے بھی اپنے پیش رو سے قطع نظر‘میڈیا سے گریز کی اسی روایت کو پسند کیا۔ سو 27اکتوبرکو‘یکایک ان کی ''رونمائی‘‘ اچنبھے کی بات تھی۔ انہیں خود بھی اس کا اندازہ تھا۔ لہٰذا ابتدا میں ہی کہہ دیا کہ ''ذاتی تصاویر اور تشہیر پر میری پالیسی واضح ہے۔آج میں اپنی ذات کے لیے نہیں‘اپنے ادارے کے لیے آیا ہوں‘‘۔جنرل صاحب کی دلیل بجا تھی۔ بلاشبہ جھوٹ کے طومار اور بہتان کے انبار کے بعد روایت کی کھوہ سے نکلنا ناگزیر ہو گیا تھا۔ادارے عمران خان کی طرف سے برہنہ‘ کرخت‘بے ڈھب اور زہر ناک تنقید کی زد میں تھے۔یہ تنقید نہیں‘کھلی توہین‘تضحیک اور دشنام طرازی تھی۔ نام لے لے کر اور نام دے دے کر زہر میں بجھے ایسے تیر برسائے گئے کہ ساری حدیں پامال ہو گئیں۔ یہاں تک کہ ایک اہم تقرری کے نہایت حساس موضوع کو بھی متاع کوچہ و بازار بنا دیا۔ گزشتہ پون صدی کے دوران اداروں کے سیاسی کردار پر تنقید ہوتی رہی۔ کبھی دھیمے‘کبھی اونچے سُروں میں۔اس کا ذکر بڑی صراحت کے ساتھ حمود الرحمن کمیشن رپورٹ میں بھی کیا گیا تھا۔لمحہ ٔ فکریہ یہ ہے کہ خان صاحب نے اداروں کو تختہ ٔمشق اُس وقت بنایا جب وہ سیاست سے دست کش ہو کر سختی سے اپنی آئینی ذمہ داریوں تک محدود رہنے کا ادارہ جاتی فیصلہ کر چکی تھی۔وہ صرف ا س لئے انگاروں پہ لوٹ رہے ہیں کہ فوج‘ان کی پدرانہ و مادرانہ سرپرستی سے دستبردار ہو کر اپنے دستوری وظیفے کی طرف کیوں پلٹ گئی ہے؟
عمران خان کے اس اضطراب کا تجزیہ مشکل نہیں۔ تحریک ِانصاف نے 1996ء میں آنکھ کھولی۔ اگلے برس‘1997ء کے انتخابات میں کوئی نشست اس کے حصے میں نہ آئی۔ خود عمران خان آٹھوں نشستوں سے ہار گئے۔ انتخابی راستہ انہیں مشکل لگا۔جلد ہی‘ اکتوبر 1999ء میں مارشل لاء کا ناقوس بجا۔ بلند بانگ دعووں کے ساتھ وجود میں آنے والی ایک نوزائیدہ جماعت کے پرعزم قائد کی حیثیت سے عمران خان کے سامنے دو راستے تھے۔ پہلا یہ کہ وہ ماضی کی متعفن روایات سے ہٹ کر آئین اورجمہوریت کی پاسبانی کے لیے سرِ مقتل آئیں اور پوری توانائی کے ساتھ وہ کچھ کہیں جو آج تئیس برس بعد وہ (ناروا طور پر) کہہ رہے ہیں۔دوسرا راستہ یہ کہ وہ آئین‘ جمہوریت‘ عوامی حاکمیت اور تبدیلی کے نعروں کو غیر مستعمل بّلے کی طرح کباڑ خانے میں پھینک کر آئین شکن ڈکٹیٹر کی انگلی تھامے اپنی منزلِ مراد کی طرف سفر آغاز کریں۔ تب خان صاحب نے آئین شکن کو جانور کہا نہ میر جعفر نہ میر صادق نہ کچھ اور۔ انہوں نے آمرّیت کی زنجیریں توڑ کر ''حقیقی آزادی‘‘کا نعرہ بھی نہ لگایا۔ رضا کارانہ خود سپردگی کے والہانہ پن کے ساتھ ڈکٹیٹر کے عزائم کے طوق و رسن کو زیب ِ دست و گلو کیا اور ساری امیدیں ایک جرنیل کی خوشنودی و دلداری سے جوڑ لیں۔تن من دھن سے مشرف کے رسوائے زمانہ ریفرنڈم کا ہر اول دستہ بن گئے۔ معاوضے کے طور پر ڈکٹیٹر کے سامنے قومی اسمبلی کی ایک سو نشستوں کا بھاری بھر کم بِل پیش کر دیا۔ مشرف نے کہا انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق آپ کی حیثیت زیادہ سے زیادہ چار یاپانچ سیٹیں ہیں۔ میں آپ کو آٹھ سے دس سیٹیں دے سکتا ہوں۔خان صاحب کے شیشئہ دل پر بال آگیا۔ الیکشن لڑا۔صرف اپنی نشست جیت پائے۔ لیکن یہ بات ان کی کتابِ سیاست کا سنہری درس بن گئی کہ بارگاہِ اقتدار تک پہنچنے کے لیے صرف آمروں یا طاقت کے حقیقی سرچشموں کی آشیر باد ہی ثمر آور ثابت ہو سکتی ہے۔ وہ دن اور آج کا دن‘خان صاحب اس درس کو نہیں بھولے۔بس اپنی کشتِ ویراں کی منڈیر پر بیٹھے‘ آسماں پہ نظریں جمائے‘ابرِ بہار کی دعا مانگتے رہے۔ لگ بھگ ایک عشرے کے بعد مارگلہ کی پہاڑیوں سے سُرمئی گھٹا اٹھی تو خان صاحب کو لگا کہ تخمِ آرزو پھوٹنے کا لمحہ آن پہنچا ہے۔ پی ٹی آئی کی بلائیں لیتی ہوائوں کا پہلا بڑا اور مؤثر مظاہرہ 2011ء کا لاہوری جلسہ تھا۔ ستم یہ ہو ا کہ رخصت کے لیے کمر بستہ آرمی چیف جنرل کیانی نے کھل کھیلتی خود معاملہ ہوائوں کو اپنی حدوں میں رہنے کا سخت حکم جاری کیا۔مارگلہ سے اٹھنے والی گھنگھور گھٹائیں بن برسے اپنے ٹھکانوں کو پلٹ گئیں۔ جنرل کیانی کے رخصت ہوتے ہی ''انصاف پرور‘‘ہوائوں اور گھٹائوں نے ایک بار پھر قیامت خیز انگڑائی لی۔ یہ تو بہ شکن انگڑائی نواز شریف کی نا اہلی‘آرٹی ایس کی ناگہانی موت اور اس ٹویٹ پہ ٹوٹی'' وَتُعِزُّ مَنْ تَشَائُ وَتُذِلُّ ومَنْ تَشَائُ‘‘ عمران خان وزیر اعظم بن گئے۔ ہوائوں اور گھٹائوں کی سرشاری‘جاری رہی۔وہ خان صاحب کی کشتِ ویراں کو آب ِزر سے سینچتی‘ اپنے لہو میں گندھی کھاد ڈالتی اور اپوزیشن کو کیڑے مکوڑے سمجھ کر مسلسل ''کِرم کُش‘‘ ادویات چھڑکتی رہیں۔ پونے چار برس بعد پتا چلاکہ اس کشتِ ویراں سے صرف خنجرنُما کانٹے ہی اُگ سکتے ہیں۔ شکستہ دل ہوائوں اور گھٹائوں نے بستر سمیٹا اور اپنی گھپائوں میں بُکل مار کر بیٹھ گئیں۔ مسلح افواج نے عہد کیا کہ آئندہ وہ اپنی مقدس وردی کو سیاسی آلائشوں سے پاک رکھیں گی۔ یکایک خان صاحب لق و دق دشتِ بے اماں کی جلتی بلتی دھوپ میں تنہا رہ گئے۔ اب وہ فوج کے خلاف صرف اس لئے آگ اگل رہے ہیں کہ اس نے ان کے سر پر تنا سائبانِ عافیت کیوں اٹھا لیا ہے؟
آئی ایس آئی چیف نے'تنگ آمد بہ جنگ آمد‘ کے طور پر‘ کھری کھری سنا دیں۔ کہہ دیا کہ ''دن کو جانور‘میر جعفر اور میر صادق کہتے ہو تو راتوں کو چھپ چھپ کر ملتے کیوں ہو؟‘‘ جنرل صاحب کو شاید اندازہ نہیں ہے کہ عاشق و معشوق کے مابین دل کے معاملات کچھ ایسے ہی ہوتے ہیں۔مصطفی خان شیفتہ نے کہا تھا:
تم لوگ بھی غضب ہو کہ دل پر یہ اختیار
شب موم کر لیا‘ سحر آہن بنا لیا
جنرل بابرافتخار تو اب فنِ ابلاغیات پر اُستادانہ دسترس حاصل کر چکے ہیں لیکن جنرل ندیم انجم کی اردو کی تحسین بھی لازم ٹھہرتی ہے۔کیا کمال کا جملہ ہے۔''جب جھوٹ اتنی آسانی‘روانی اور فروانی سے بولا جانے لگے تو سچ کی لمبی خاموشی بھی ٹھیک نہیں ہوتی‘‘۔ جنرل ندیم کی اردو دانی ان کی ''چہرہ نمائی‘‘کی طرح حیران کر گئی۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved