ترقی کرتے خوشحال ملک کو اندھیروں
میں دھکیلا گیا: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''ترقی کرتے خوشحال ملک کو اندھیروں میں دھکیلا گیا‘‘ جس کا ثبوت شرح نمو میں اضافے اور دیگر معاشی اشاریوں سے بھی ملتا ہے اور صحت کارڈ جیسے منصوبے کامیابی سے اپنا ہدف پورا کر رہے تھے اور حقیقت بات بھی یہی ہے کہ ملک صحیح معنوں میں ترقی کی طرف تیز رفتاری سے گامزن تھا مگر ایک سازش کے تحت یہ سلسلہ ہی ختم کر دیا گیا جس میں غیر ملکی شرارت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس ملک کا سیاسی و معاشی استحکام کئی ممالک کو سُوٹ نہیں کرتا اور اس طرح ترقی کا سفر روک کر ملک کی باگ ڈور ہمارے حوالے کردی گئی جبکہ ہم اس کے لیے ہرگز تیار نہ تھے اور ہمارے قائد نے بھی اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
پی ڈی ایم کی پروا نہیں‘ تیز رفتاری
سے کام کررہے ہیں: پرویز الٰہی
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ''پی ڈی ایم کی پروا نہیں‘ تیز رفتاری سے کام کررہے ہیں‘‘ کیونکہ تحریک عدم اعتماد کی صورت حال بھی خاصی غیر یقینی ہو گئی ہے اور اس ضمن میں بُری بُری خبریں آ رہی ہیں جبکہ ہمارے ارکان کو ورغلایا جا رہا ہے اور قیمتیں بھی لگائی جا رہی ہیں جبکہ گہری نیند سوئے ہوئے ضمیروں کو جگا کر بے آرام کرنے کی کوششیں بھی مسلسل کی جا رہی ہیں اور ہم نے اسی لیے کام کی رفتار تیز کر دی ہے کہ جتنی مدت دستیاب ہے‘ اسی کو بروئے کار لایا جائے اور اس کے اندر اندر ہی زیادہ سے زیادہ کام کر لیا جائے؛ تاہم یہ بھی معلوم ہے کہ ضرورت سے زیادہ تیزی بھی اچھی نہیں ہوتی۔ آپ اگلے روزلاہور میں شاہراہ قائداعظم پر تاجروں سے خطاب کررہے تھے۔
زرمبادلہ ذخائر کم‘ مسائل سنگین لیکن
ملک ڈیفالٹ نہیں ہوگا: اسحاق ڈار
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ''زرمبادلہ ذخائر کم‘ مسائل سنگین ہیں لیکن ملک ڈیفالٹ نہیں ہوگا‘‘ کیونکہ زر مبادلہ ترقی یافتہ ملکوں سے آیا ہوا ہے اور اپنی برکت سے ملک کو ڈیفالٹ نہیں ہونے دے گا اور حکومت کی ساری تگ و دو بھی اسی حوالے سے ہے، اگر خدانخواستہ ایسی نوبت آ گئی تو قبل از وقت شور مچانے کی کیا ضرورت ہے اور معیشت کے یہ نازک حالات بھی سابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث پیدا ہوئے ہیں حالانکہ پچھلی حکومتوں میں پیسہ ملک سے باہر جانے کے باوجود ایسی نوبت نہیں آئی تھی اور پیسے کے باہر جانے کے باوجود ملک کی معیشت کی حالت سنبھل گئی تھی اور ملک آگے بڑھ رہا تھا۔ آپ اگلے روز کراچی میں صنعت کاروں سے خطاب کر رہے تھے۔
محنت اور لگن سے کام کر کے
موجودہ مقام حاصل کیا: کومل عزیز
ماڈل و اداکارہ کومل عزیز خان نے کہا ہے کہ ''محنت اور لگن سے کام کر کے موجودہ مقام حاصل کیا‘‘اگرچہ ایسے نادان لوگوں کی اکثریت بھی موجود ہے جو میرے اس مقام کو دل سے تسلیم نہیں کرتی اور جس پر میں خود بھی کافی مشکوک ہو گئی ہوں؛ تاہم محنت اور لگن سے تو اتنے وقت میںاتنا ہی مقام حاصل کیا جا سکتا تھا اور اس میں جو کسر رہ گئی ہے‘ سوچ رہی ہوں کہ وہ لگن کے بغیر کام کر کے پوری کی جائے اور اس طرح حاسد لوگوں کا منہ ہمیشہ کے لیے بند کر دیا جائے کیونکہ منہ اگر کھلے ہوں تو طرح طرح کی باتیں بھی کرنے کو چاہتا ہے اس لیے میں چاہتی ہوں کہ اس مسئلے کو جڑ سے ہی ختم کیا جائے اور سب سے پہلے اس دہانے کو بند کیا جائے۔ آپ اگلے روز ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں افضال نوید کی غزل:
خالی خالی سی وہاں صبح کی جھولی ہوگی
رات بھی ساتھ ہی تیرے کہیں ہو لی ہوگی
آسماں پر تیرے ہونٹوں کے نشاں سے ہوں گے
نیلگوں عکس نے مَے سی کوئی گھولی ہوگی
ابر جھکتے ہی در و بام پہ جل تھل ہوگا
دیکھنے چھت پہ تجھے رنگوں کی ٹولی ہوگی
سبزہ مہکا ہوا ہوگا تیرے آنگن کے قریب
شورشِ گُل میں تُو آہستہ سے بولی ہوگی
جھانکتا ہوگا کسی چھت سے مرا پاگل پن
اور کوچے میں ترے بیاہ کی ڈولی ہوگی
آج کے دن ہے کسی خوابِ حِنا کی رخصت
آج کے دن تو یہاں خون کی ہولی ہو گی
چھپتے پھرتے ہیں شبِ قہر سے اب شہر کے لوگ
کیا کریں اب تو یہی آنکھ مچولی ہوگی
اپنے اٹھنے پہ بھی وہ باغ تو ویسا ہی رہا
ہم تو سمجھے تھے کہ کوئل بھی نہ بولی ہوگی
اے رہِ عمر سے منہ موڑ کے جانے والے
آنکھ تُو نے کسی دنیا میں تو کھولی ہوگی
اک ذرا جا کے نویدؔ اپنی خبر لے آؤں
اْس نے گلیوں میں مری خاک تو رولی ہوگی
آج کا مطلع
نہ کوئی بات کہنی ہے نہ کوئی کام کرنا ہے
اور اس کے بعد کافی دیر تک آرام کرنا ہے
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved