فُحْش، فَاحِشَۃ، فَوَاحِشْ و فَحْشَاء کے الفاظ عام طور پر بدکاری اور عملِ قومِ لوط کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ''اور زنا کے قریب (بھی) نہ جاؤ، کیونکہ وہ بے حیائی کا کام ہے اور بہت ہی بُرا راستہ ہے‘‘ (بنی اسرائیل: 32)۔ اس آیت میں زنا کو ''فاحشہ‘‘ سے تعبیر فرمایا ہے۔ نیز دوسرے مقام پر عملِ قومِ لوط کو بھی فاحشہ سے تعبیر کیا گیا ہے: ''اور لوط نے جب اپنی قوم سے کہا: کیا تم ایسی بے حیائی کا کام کرتے ہو جو تم سے پہلے جہاں والوں میں سے کسی نے نہیں کیا‘‘ (الاعراف: 80)۔ لیکن یہ اصطلاح وسیع تر معنوں میں بھی استعمال ہوتی ہے، اس میں بے حیائی، عریانی، بدکاری، حیا سوز فلمیں اور ڈرامے، برہنہ تصاویر، مجالس میں بدن کی نمائش، عورتوں اور مردوں کا اختلاط اور بوس و کنار سب شامل ہیں۔ قرآنِ کریم میں ہے: ''کہہ دیجیے: میرے رب نے عَلانیہ اور پوشیدہ بے حیائی کو حرام قرار دیا ہے‘‘ (الاعراف: 33)۔ علامہ ابن اثیر جزری لکھتے ہیں: ''ہر وہ گناہ اور معصیت جس کی قباحت و شناعت زیادہ ہو، اس کو فُحْش، فَحْشَاء اور فَاحِشَۃ کہتے ہیں اور فَاحِشَۃ اگرچہ بکثرت زنا کے معنی میں استعمال ہوتا ہے، لیکن ہر قبیح قول و فعل کو فاحشۃ کہا جاتا ہے اور کسی کی بات کا سختی اور جارحیت سے جواب دینے کو بھی فُحش کہتے ہیں‘‘۔
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ''بے شک جو لوگ یہ چاہتے ہیں کہ ایمان والوں میں بے حیائی کی بات پھیلے، ان کے لیے دنیا اور آخرت میں درد ناک عذاب ہے‘‘ (النور: 19)۔ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے بے حیائی کی ایک جھوٹی خبر کی اشاعت و ترویج کو بھی بے حیائی سے تعبیر فرمایا ہے اور اِسے دنیا و آخرت میں دردناک عذاب کا باعث قرار دیا ہے؛ پس جب بے حیائی کی ایک جھوٹی خبر کی اشاعت اللہ تعالیٰ کے نزدیک اس قدر بڑا جرم ہے، تو آج کل ذرائع ابلاغ کے ذریعے شب و روز مسلم معاشرے میں جو بے حیائی پھیلائی جا رہی ہے، اللہ کے نزدیک یہ کس قدر بڑا جرم اور گناہ ہو گا۔ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں اخلاقی اصلاح اور ماحول کی پاکیزگی کے علاوہ اُن تمام محرکات کو دور کرنا بھی شامل ہے جن سے فحش رویوں کو تقویت حاصل ہوتی ہے۔ اِسی اُصول کی بنا پر اسلام برائی اور بے حیائی کے واقعات کی تشہیر سے منع کرتا ہے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا: ''میری تمام اُمت معاف کر دی جائے گی، سوائے اُن لوگوں کے جو عَلانیہ گناہ کریں اور عَلانیہ گناہ کرنے کی ایک صورت یہ بھی ہے: ''کوئی شخص رات کو کسی گناہ کا ارتکاب کرے اور اس کی صبح اس حال میں ہو کہ اللہ نے اس کے گناہ پر پردہ ڈالے رکھا ہو اور وہ (کسی سے کہے:) میں نے کل رات یہ یہ گناہ کیا تھا، جبکہ اس کی رات اس حال میں گزری تھی کہ اللہ تعالیٰ نے اس کے گناہ پر پردہ ڈالے رکھا، لیکن صبح ہوتے ہی وہ خود اپنے بارے میں اللہ کے پردے کو چاک کرنے لگا‘‘ (بخاری: 6069)۔
جب کوئی انسانی گروہ کسی جرم کا عادی ہو جاتا ہے اور جان بوجھ کر جرم کا ارتکاب کرتا ہے تو اس کا طریقۂ کار یہی ہوتا ہے کہ وہ بدی کو نیکی اور برائی کو اچھائی ثابت کرنے کی کوشش کرنے لگتا ہے۔ آج کل ہم بڑے پیمانے پر ''اشاعتِ فاحشہ‘‘ کے دور سے گزر رہے ہیں اور اس پر ریاست و حکومت کا کنٹرول اور نگرانی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ کئی مسلمہ اخلاقی برائیاں، تہذیب و ثقافت کے نام سے رائج ہوگئی ہیں، جو لوگ ان سے اختلاف رکھتے ہیں، بُرا جانتے ہیں، ان کو تہذیبِ جدید سے ناآشنا، بنیاد پرست اور انتہا پسند جیسے القابات سے نوازا جاتا ہے۔ مغرب میں جہاں ایک حد تک ''اشاعتِ فاحشہ‘‘ کسی اخلاقی برائی یا قانونی جرم کے زمرے میں نہیں آتا، کم ازکم اتنا اہتمام ضرور ہے کہ حیا سوز فلمیں اور ڈرامے الیکٹرانک میڈیا پر رات گئے اُس وقت چلائے جاتے ہیں جب سکول جانے والے بچے سو جائیں، لیکن ہمارے ہاں چوبیس گھنٹے اس پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
قرآن و سنت میں بے حیائی کے کاموں سے بچنے اور حیاکی تلقین کی گئی ہے۔ آپﷺ نے فرمایا: ''اللہ تعالیٰ سے حیا کرو جیسا کہ اس سے حیا کرنے کا حق ہے۔ صحابہ نے عرض کی: یا رسول اللہﷺ! ہم اللہ سے حیا کرتے ہیں اور اس پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ آپﷺ نے فرمایا: حیا کا حق یہ نہیں جو تم نے سمجھا ہے، اللہ سے حیا کرنے کا حق یہ ہے کہ تم اپنے سر اور اس کے ساتھ جتنی چیزیں ہیں ان سب کی حفاظت کرو اور اپنے پیٹ اور اس کے اندر جو چیزیں ہیں، ان کی حفاظت کرو اور موت اور ہڈیوں کے سڑ جانے کو یاد کرو اور جسے آخرت کی چاہت ہو وہ دنیا کی زینت کو ترک کر دے؛ پس جس نے اسے پورا کیا تو حقیقت میں اُسی نے اللہ تعالیٰ سے حیا کی جیساکہ اُس سے حیا کرنے کا حق ہے‘‘ (ترمذی: 2458)۔ صفتِ حیا فطرتِ سلیمہ کو جانچنے کی ایک کسوٹی ہے۔ آپﷺ کا فرمان ہے: ''لوگوں تک گزشتہ نبیوں کا جو کلام پہنچا، اس میں یہ بھی مذکور تھا: جب تم میں حیا نہ رہے تو پھر جو چاہے کرو‘‘ (بخاری: 6120)۔ حیا ایمان کا ایک اہم شعبہ ہے۔ احادیث مبارکہ میں ہے: (1) ''ایمان کے ساٹھ سے زیادہ شعبے ہیں اور حیا بھی ایمان کا ایک شعبہ ہے‘‘ (بخاری: 9)، (2) ''حیا ایمان کا حصہ ہے اور اہلِ ایمان جنت میں ہوں گے، بے حیائی ظلم ہے اور ظالم جہنم میں جائیں گے‘‘ (ترمذی: 2009)۔
اللہ تعالیٰ نے حیا کا ملکہ اور اس کی استعداد روزِ اول سے حضرت آدم و حوا علیہما السلام کی جبلت میں پیوست فرمائی تھی؛ چنانچہ جب حضرت آدم و حوا علیہما السلام کو اِغوائے شیطان کے باعث بے لباس کر دیا گیا تو اس کی بابت قرآن کریم میں ہے: ''پھر شیطان نے فریب سے اُنہیں (اپنی طرف) مائل کر لیا، پس جب اُنہوں نے اس درخت سے چکھا تو ان کا ستر ان پر منکشف ہو گیا اور وہ اپنے جسموں کو جنت کے پتوں سے ڈھانپنے لگے اور ان کے رب نے ان سے پکار کر فرمایا: کیا میں نے تم دونوں کو اس درخت سے منع نہیں کیا تھا اور تم دونوں سے یہ نہیں فرمایا تھا کہ بے شک شیطان تمہارا کھلا دشمن ہے‘‘ (الاعراف: 22)۔ الغرض مُرورِ زمانہ سے صورتیں بدلتی رہتی ہیں، لیکن اولادِ آدم کے خلاف شیطان کا حربہ آج بھی وہی ہے جو ابتدائے آفرینش سے تھا کہ اُسے بے لباس کر دے، برہنگی، بے حجابی اور بے حیائی کے کاموں میں مبتلا کر دے۔
رسول اللہﷺ کا فرمان ہے: ''جب کسی قوم میں عَلانیہ طور پر بے حیائی فروغ پا جائے تو اُن پر طاعون کو مسلّط کر دیا جاتا ہے اور ایسی بیماریوں میں انہیں مبتلا کر دیا جاتا ہے جن کا پچھلی قوموں نے نام تک نہیں سنا ہوتا‘‘ (ابن ماجہ: 4019)۔ اَخلاق بافتگی اور حیا سوزی کی وبا بھی جسمانی وبائوں کے مقابلے میں کچھ کم ہلاکت خیز نہیں ہے۔ نبیﷺ نے فرمایا: ''اُس ذات کی قسم جس کے قبضہ و قدرت میں میری جان ہے! یہ اُمت اُس وقت تک فنا نہیں ہو گی جب تک وہ سرِ عام عورت سے بدکاری کے ارتکاب کو نہ دیکھ لے، (اور اس وقت) اُن میں بہترین لوگ وہ کہلائیں گے جو کہیں گے: کاش! تم نے یہ جرم پردے کے پیچھے کیا ہوتا‘‘ (مسند ابویعلیٰ: 6183)۔
گزشتہ برسوں میں بدفعلی اور بدکاری کے پروگراموں کو نہایت نمایاں کر کے نشر کیا جاتا رہا، خاص طور پر کم عمر بچیوں کے واقعات کو بار بار نشر کیا جاتا رہا، اس سے شعوری عمر میں داخل ہونے والے نوخیز لڑکے اور لڑکیاں متاثر ہوتے ہیں۔ ہمارے ہاں پرویز مشرف کے دور میں اچانک جدید میڈیا کا بازار سجا، اب تومختلف زبانوں میں نجی ٹیلی وژن چینلوں کی تعداد پچاس سے زائد ہو گی۔ مغربی دنیا میں ارتقائی عمل سے گزرتے ہوئے جدید میڈیا موجودہ دور تک پہنچا، لیکن ہمارے ہاں ایسا لگتا ہے کہ پلک جھپکتے ہی میڈیائی انقلاب برپا ہو گیا۔یہ ایسا ہی ہے جیسے بچہ پیدا ہوتے ہی بالغ ہو گیا ہو۔ اللہ تعالیٰ کی صفاتِ جلیلہ میں سے ایک ''رَبّ‘‘ ہے۔ ربوبیت کے معنی ہیں: ''کسی چیز کو نقطۂ آغاز سے لے کر بتدریج مرتبۂ کمال تک پہنچانا‘‘۔ انسان کی تخلیق میں بھی قدرت نے اپنی شانِ ربوبیت کی جلوہ گری فرمائی اور اس کے متعدد تخلیقی مدارج قرآنِ کریم میں بیان فرمائے، پیدائش کے بعد پھر تدریجی ارتقائی عمل سے گزار کر کامل الخِلقت انسان بنانا، اس کے لیے قرآنِ کریم میں فرمایا: ''حَتّٰی بَلَغَ اَشُدَّہٗ‘‘ (حتیٰ کہ جب وہ اپنی پوری قوت کو پہنچا)، اسی طرح جسمانی بلوغت کے ساتھ ساتھ جنسی بلوغت بھی ارتقائی مراحل سے گزرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی صفات میں ایک صفت ''حکیم‘‘ بھی ہے اور عربی کا مقولہ ہے: ''حکیم کا کوئی فعل حکمت سے خالی نہیں ہوتا‘‘، جب اللہ تعالیٰ کی ذات کے لیے حکیم بولا جائے تو اس کے معنی ہوں گے: ''ایسی دانش کہ جس کی کوئی حدّ و انتہا نہیں ہے‘‘۔
ہماری عاجزانہ گزارشات کا مقصد یہ ہے کہ میڈیا پالیسی سازوں اور اینکر پرسنز کے لیے تربیتی نشستوں کا اہتما م ہونا چاہیے، جن میں انہیں وطنِ عزیز کی دینی، اخلاقی اور معاشرتی اَقدار کا شعور دیا جائے اور ماہرینِ نفسیات کا بھی اس میں کردار ضروری ہے کہ کسی سانحے، حادثے یا جرم کو کس طرح پیش کیا جائے کہ ہماری نئی نسل اس کے برے اثرات سے ممکن حد تک محفوظ رہے۔
اسلام نے اخلاقی مفاسد اور جرائم کے سدِّباب کے لیے مقاصدِ شرعیہ میں ''سدِّ ذرائع‘‘ کی حکمت کو اختیار کیا ہے اور اس کی شریعت میں کئی مثالیں موجود ہیں۔ رسول اللہﷺ نے بعض اوقات دین کی عظیم تر حکمت کی خاطر مستحب اور اَولیٰ کام کو بھی ترک فرمایا ہے، بعض اوقات کسی رخصتِ شرعی پر عمل کرنے میں صحابۂ کرام کو تحفظ یا تردُّد ہو تا تھا، تو رسول اللہﷺ نے رخصتِ شرعی کو مشروع کرنے کے لیے خلافِ اَولیٰ کام بھی کیا، یہ بحیثیتِ شارع آپﷺ پر واجب تھا، جیسے سفرِ جہاد میں عصر کے بعد سرِعام رمضان کے روزے کو توڑنا۔ آج ہمیں جو مسئلہ درپیش ہے اس کے بارے میں رسول اللہﷺ نے یہ احتیاطی حکم جاری فرمایا: ''جب تمہاری اولاد سات سال کی ہو جائے تو انہیں نمازکا حکم دو اور جب وہ دس سال کے ہو جائیں تو ان کے بستر الگ کر دو‘‘ (سنن ابوداؤد: 496)۔
غور کا مقام ہے کہ جب بہنوں اور بھائیوں کے بارے میں بھی رسول اللہﷺ نے اتنی احتیاط برتنے کی تعلیم فرمائی ہے، تو اجنبی نوجوانوں، لڑکوں اور لڑکیوں کا بے حجاب اختلاط اور بے تکلّفی کس قدر اخلاقی مفاسد کا سبب بنے گا۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved