اللہ تعالیٰ کا آخری نازل کردہ دین اسلام ہے۔ اس دین کی روشنی نے روسی فضاؤں کو اس وقت منور کیا جب روسی ٹی وی پر ایک انٹرویو نشر ہو رہا تھا۔ یہ انٹرویو ایک روسی خاتون کا تھا جس کا نام ''الیکس بلیک‘‘ ہے۔ اس خاتون کی عمر چالیس سال کے قریب ہے۔ روس کے اندر وہ ایک معروف جادوگر خاتون ہے جو اپنے جادو کے شو بھی کرتی ہے اور جادو کرانے والے یا جادو کے اثر سے نکلنے والے بھی اس سے رابطہ کرتے ہیں۔ اس خاتون کا انٹرویو لگ بھگ ڈیڑھ گھنٹے کا تھا۔ انٹرویو کرنے والے روسی صحافی نے اچانک اس سے سوال کیا: مسلمانوں پر جب تم جادو کرتی ہو تو اس کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ اس نے جواب دیا: Black magic doesn't effect on good muslims۔ (کالاجادو اچھے مسلمانوں پر اثر انداز نہیں ہوتا)۔ اس نے ''Doesn't work‘‘ کے الفاظ استعمال کیے کہ جادو مسلمانوں پر کام نہیں کرتا۔ یعنی مسلمانوں پر بھی باقیوں کی طرح جادو کیا جاتا ہے لیکن عمومی طور پر یہ مسلمانوں پر کام نہیں کرتااور کبھی اثر ہو بھی جاتا ہے مگر جو بہت اچھے مسلمان ہیں‘ ان پر جادو کا اثر انداز ہونا کافی مشکل ہوتا ہے۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں اس نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا:
It is very difficult to influence muslims, they are in a constant connection with the God. They do namaz every day and read prayers on a daily basis.
(یہ بہت مشکل ہے کہ مسلمانوں پر جادو اثر کر جائے کیونکہ وہ خدا کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔ وہ ہر روز نماز ادا کرتے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر دعائیں کرتے رہتے ہیں )۔
قارئین کرام!یہ جادوگر خاتون روسی نژاد ہے۔ انگریزی اس کی مادری زبان نہیں ہے۔ وہ چونکہ دنیا بھر میں جادو کے شو اور فنکشنز کرتی ہے اس لیے انگریزی بھی جانتی ہے۔ اس نے یہ انٹرویو بھی روس کے ایک انگریزی چینل کو دیا ہے۔ روسی مسلمان نماز کے لیے ''نماز‘‘ کا لفظ ہی استعمال کرتے ہیں‘ اس لیے اس خاتون نے بھی نماز ہی کا لفظ بولا۔ جی ہاں! نماز کی ادائیگی سے قبل جب کوئی نمازی وضو کرتاہے تو حضور کریمﷺ کے فرمان کے مطابق‘ وہ جس جس عضو کو دھوتا ہے‘ اس سے گناہ جھڑ جاتے ہیں۔ صحیح بخاری‘ صحیح مسلم اور حدیث کی دیگر کتابوں کے طہارت کے ابواب میں یہ بھی حدیث آئی ہے کہ قیامت کے دن ہاتھ، پاؤں اور چہرہ روشنی کی طرح چمک رہے ہوں گے لہٰذا جو شخص اس روشنی اور چمک کو زیادہ کرنا چاہے‘ اسے چاہیے کہ وہ (زیادہ سے زیادہ) وضو کرے۔ وضو سے فارغ ہوتے ہی نمازی دعا کرتاہے۔ توحید و رسالت کی گواہی دینے کے بعد کہتا ہے ''اے اللہ! مجھے بار بار توبہ کرنے کی توفیق والے لوگوں میں سے کر دے اور پاکیزہ رہنے والے لوگوں میں سے کر دے‘‘۔ وضو سے پہلے وہ طہارت خانے میں جاتا ہے تو یہ دعا کر کے جاتا ہے ''اے اللہ! ناپاک جنات خواہ وہ مذکر ہوں یا مونث‘ ان کی شرارتوں سے میں تیری پناہ کے حفاظتی حصار میں آتا ہوں‘‘۔ طہارت اور وضو کے بعد نماز کا مرحلہ آتا ہے۔ اس میں بھی دعائیں ہیں۔ جو مسلم مرد و زن ہر روز‘ دن میں پانچ مرتبہ نمازوں کا اہتمام کرتا ہے‘ صبح و شام کے اذکار کرتا ہے‘ روس کی جادوگرنی الیکس بلیک کہتی ہے کہ اس پر جادو کا اثر بہت مشکل ہوتا ہے۔
الیکس بلیک اپنے بارے میں کہتی ہے کہ ہم کرسمس کے موقع پر 24 دسمبر سے چھ جنوری تک چھٹیاں کرتے ہیں۔ 25 دسمبر کو توپیں بھی چلاتے ہیں۔ ہم سال میں ایک مرتبہ چرچ جاتے ہیں۔ (جو راسخ العقیدہ مسیحی ہیں وہ ہر اتوار کو چرچ جاتے ہیں) مگر مسلمان تو دن میں پانچ بار مساجد میں جاتے ہیں۔ الیکس کا کہنا تھا کہ میں نے جب بھی اچھے مسلمانوں پر جادو کیا‘ ان کے دماغوں پر کنٹرول کر کے وہاں جنات کی ڈیوٹی لگاناچاہی تو ان کے گرد نورانی ہالہ بنتے دیکھا جس سے جادو اور جنات کا اثر ناممکن ہو جاتا ہے۔ ان مسلمانوں کو نماز اور دعاؤں کے ذریعے ایک انرجی (فرشتوں کی حاضری اور مدد) حاصل ہوتی ہے۔ بدلے میں ان کا مہربان رب ان کی حفاظت (فرشتوں) کے ذریعے کرتا ہے۔الیکس بلیک واضح طور پر کہتی ہیں کہ (True Muslims) یعنی سچے مسلمانوں پر ہمارا اثر اور وار (influence) انتہائی مشکل ہوتا ہے۔
قارئین کرام! بعض گمراہ مسلمان بھی جادو کا کام کرتے ہیں جبکہ دوسروں کو نقصان پہنچانے کے لیے بعض کینہ پرور مسلمان جادوگر کے پاس جاتے ہیں اور اپنے قریبی رشتہ داروں تک کو معاف نہیں کرتے۔ جادو کئی طریقوں سے کیاجاتا ہے۔ جس پر جادو کرنا ہو اس کے کپڑے منگوائے جاتے ہیں‘ ایسے کپڑے جن میں انسانی بدن کے پسینے کی Smell ہوتی ہے۔ جادو کا مطلب ہے شیطانوں سے رابطہ کر کے مذکورہ مرد یا عورت کے پیچھے انہیں لگا دینا۔ جن پر جادو ہو جائے‘ شیاطین ان انسانوں کو پریشان کرتے ہیں۔ بالوں کے ذریعے بھی جادو کیا جاتا ہے۔ کچھ کھا پلا کر بھی جادو کیا جاتا ہے۔ اس کے کئی طریقے ہیں مگر! ایک بات یاد رکھیں۔ جس طرح انسانوں کے حکومتی نظام ہیں‘ اسی طرح جنّات کے بھی نظام ہیں۔ جادوگر شیطانی جنّات کے سربراہ سے رابطہ کرتا ہے۔ شیاطین سے مدد حاصل کرتا ہے۔ شیطان اس مدد کے بدلے جادوگر سے کفر کراتا ہے۔ جادوگر ان سے کفر کرواتا ہے‘ جو مرد و خواتین جادوگر کے پاس اپنے مزعومہ دشمن کو نقصان پہنچانے کے لیے جاتے ہیں۔ اس کفر کے بدلے میں شیطانوں کا حاکم شیطان جنوں کی ڈیوٹی لگاتا ہے کہ فلاں کو نقصان پہنچانا ہے۔ جادو کی متعدد علامتوں میں سے ایک علامت یہ ہے کہ خواب میں سانپ اور کالے کتے وغیرہ نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔ نیند اڑنا شروع ہو جائے گی، خوف کی کیفیت طاری ہو جائے گی۔ مردے اور موت کے مناظر‘ اپنے چھوڑے ہوئے پرانے گھروں کے خواب آنا شروع ہو جائیں تو یہ شیطانی اثرات ہو سکتے ہیں۔ یاد رکھیں! ان کے توڑ کے لیے جو نام نہاد بزرگ ماں کا نام پوچھے‘ کالے بکروں اور مرغوں وغیرہ کے صدقوں کی بات کرے‘ سمجھ لیں کہ وہ بھی کالا علم کرتا ہے اور جادوگروں کا ساتھی ہے۔
اگر کسی پر ایسی کوئی کیفیت طاری ہو جائے تو گھبرائیں مت! اپنا علاج آپ خود کریں۔ حضور کریمﷺ نے فرمایا ہے کہ جس گھر میں ''سورہ البقرہ‘‘ تلاوت کی جائے وہاں سے شیطان بھاگ جاتا ہے۔ حدیث شریف میں یہ بھی آتا ہے کہ جادوگر سورۃ البقرہ پر دسترس نہیں پا سکتا۔ پانچ وقت کے نمازی بن جائیں‘ اللہ تعالیٰ کی مدد آئے گی۔ تہجد کے وقت اٹھ کر اپنے رب کے حضور دو، چار یا آٹھ رکعت‘ غرض جس قدر توفیق ہو‘ نماز ادا کریں۔ اللہ کے حضور دعا کریں کہ مولا کریم! مجھے شفا عطا فرما دے۔ صبح و شام کے اذکار لازم پکڑیں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس کا حکم دیا ہے اور یہ ہمارے حضورﷺ کی سنّت بھی ہے۔ رات کو سوتے وقت آخری دو سورتیں‘ جنہیں معوذتین کہا جاتا ہے؛ یعنی سورۃ الفلق اور سورۃ الناس تین‘ تین بار پڑھ کر اپنے ہاتھوں پر پھونکیں اور ان ہاتھوں کو اپنے جسم پر سامنے‘ چہرے سے لے کر جہاں تک ہاتھ پہنچیں‘ پھیر لیں۔ آیۃ الکرسی ضرور پڑھ کر سویا کریں۔ سونے کی دعا (اللھم باسمک اموت و احیٰ) ضرور پڑھیں۔ یہ سب حضور کریمﷺ کی سنّت مبارکہ ہے۔ یاد رکھیں! سنّت میں برکت ہی برکت ہے۔ سارا قرآنِ مجید شفا ہے۔ سورۃ الفاتحہ زبردست شفا کی حامل سورت ہے۔ اس کا دَم صحابہ کرامؓ نے بھی کیا ہے۔ اس سے شفا کے انہوں نے مناظر بھی دیکھے ہیں۔ حضور کریمﷺ نے ان کی تائید فرمائی ہے۔ کسی بھی بیماری کی صورت میں سات بار سورۃ الفاتحہ پڑھیں‘ درودِ ابراہیمی تین‘ پانچ یا سات بار پڑھیں‘ آیۃ الکرسی اور معوذ تین پڑھ کر اپنے آپ کو یا اپنے بیوی بچوں کو دم کریں۔ اخلاص اور یقین سے کریں‘ ان شاء اللہ مولاکریم شفا دیں گے۔
اگر دَم کرتے ہوئے گھبراہٹ شروع ہو جائے‘ کندھوں پر بوجھ آ جائے‘ کمر کے آخر پر درد شروع ہو جائے‘ آنکھوں سے پانی یعنی آنسو رواں ہو جائیں‘ سر بوجھل ہو جائے یا اس میں درد ہو جائے‘ دل میں کوئی سوئی سی چبھنا شروع ہو جائے‘ کوئی ایک یا دو‘ تین علامتیں شروع ہو جائیں تو یہ جادو کی علامات ہیں، لیکن گھبرائیں مت! بلکہ اسے اللہ تعالیٰ کی مدد سمجھیں۔ شیطان کو تکلیف میں سمجھیں۔ متواتر پڑھتے رہیں۔ سورہ فاتحہ، آیت الکرسی، سورۃ البقرہ کی آخری دو آیات۔ چاروں قل شریف اور جہاں سے بھی قرآن یاد ہو‘ وہ پڑھیں۔ نہیں یاد تو قرآنِ مجید ہاتھ میں لیں اور تلاوت شروع کر دیں۔ عذاب والی آیات پڑھیں گے تو شفا اور جلد ملے گی۔ متواتر پڑھنے سے آہستہ آہستہ ساری علامات ختم ہو جائیں گی۔ متواتر دَم کرتے رہیں گے تو اپنے گھر میں تجربہ کار بن جائیں گے۔ دل صاف رکھیں‘ اللہ کی مخلوق کو فائدہ پہنچائیں‘ مساکین کا خیال رکھیں‘ ناراض رشتہ داروں کو منائیں‘ اپنا اخلاق اچھا کریں‘ دوسروں کے عیوب کے پیچھے نہ پڑھیں‘ پردہ پوشی سے کام لیں‘ سچائی اختیار کریں‘ جھوٹ نہ بولیں‘ دوسروں کو دھوکا نہ دیں‘ رشوت خوری سے بچیں‘ نظر و نیت کو پاک صاف رکھیں۔ عقیدہ اور کردار جس قدر صاف‘ ستھرا اور پاک ہوگا‘ دَم میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے اتنا ہی اثر ہوگا اور فرشتوں کی مدد بھی ملے گی۔ اپنا اور دوسروں کا خیال رکھیں‘ اللہ تعالیٰ آپ کا خیال رکھیں گے،ان شاء اللہ تعالیٰ!
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved