تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     15-02-2023

سرخیاں ، متن اورسیالکوٹ سے محمود کیفی

ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت
کارروائی کی جائے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے‘‘ خاص طور پر پیسوں کی ذخیرہ اندوزی ملک کے لیے زیادہ نقصان دہ ہے، اس لیے اس کی سزا سے بچنے کے لیے اسے پہلی فرصت میں ملک سے باہر بھجوا دینا چاہیے جبکہ زر اور زمین کو فساد کی جڑ کہا گیا ہے اور زر ہی ایسی چیز ہے جسے باہر بھجوایا جا سکتا ہے؛ اگرچہ یہ غیر قانونی ہے اور منی لانڈرنگ کی ذیل میں آتا ہے مگر اس کے حیرت انگیز طریقے بھی ایجاد ہو چکے ہیں جو اب ہر کسی کو معلوم بھی ہیں اور ان سے کسی وقت بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے‘ ہاتھ کنگن کو آرسی کیا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
انتخابات کی تاریخ پر گورنر فٹ
بال کھیلنا بند کریں: پرویز الٰہی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ''انتخابات کی تاریخ پر گورنر فٹ بال کھیلنا بند کریں‘‘ جبکہ یہ عمر بھی فٹ بال وغیرہ کھیلنے کی نہیں ہے اس لیے اگر وہ کھیلنے ہی پر مصر ہوں تو کوئی اِن ڈور گیم کھیل سکتے ہیں، مثلاً تاش، شطرنج، بارہ ٹہنی وغیرہ سمیت متعدد کھیل ایسے ہیں جو گھر یا دفتر کے اندر بھی کھیلے جا سکتے ہیں جبکہ اس عمر میں فٹ بال کھیلنے سے ہڈیوں اور جوڑوں کے مسائل کا خطرہ بھی درپیش رہتا ہے لہٰذا کسی حادثے سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ عمر اور صحت کا لحاظ کرتے ہوئے اس سے پرہیز کیا جائے۔ آپ اگلے روز پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک سے ملاقات کر رہے تھے۔
اب غیر جمہوری اقدام پر پیپلز پارٹی
خاموش نہیں بیٹھے گی: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''اب غیر جمہوری اقدام پر پیپلز پارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی‘‘ جبکہ اب تک بھی یہ ایسے الزامات پر خاموش نہیں بیٹھی رہی ہے بلکہ حسبِ توفیق اس میں مددگار اور حصہ دار بھی رہی ہے اور اسی کو کافی سمجھنا چاہیے کیونکہ ایسے اقدامات پر خاموش رہنے کا کوٹہ پہلے ہی پورا کر چکے ہیں اس لیے چاہتے ہیں کہ اب ذرا منہ کا ذائقہ بدلنے کے لیے اس خاموشی کو توڑ کر بھی دیکھ لیا جائے، اگرچہ ہمارا اصل ذائقہ ان فروعات سے کافی ہٹ کر ہے۔ آپ اگلے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں جمہوریت کے گمنام ہیروز کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا رہے تھے۔
اگر میں غدار ہوں تو کیا میرے
ووٹرز بھی غدار ہیں؟فواد چودھری
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ''اگر میں غدار ہوں تو کیا میرے سارے ووٹرز بھی غدار ہیں؟‘‘ اور اگر خدانخواستہ واقعی ایسا ہے تو ان کے خلاف بھی پرچہ کاٹ کر انہیں اندر کرنا چاہیے کیونکہ حوالات کی تنہائی جان لیوا ہوتی ہے اور اگر میرے لاکھوں ووٹرز میرے ساتھ ہوں گے تو ا ن کے ساتھ جی لگا رہے گا کیونکہ عمران خان کی جیل بھرو تحریک کی کال آنے پر ویسے بھی سب نے اندر ہی جانا ہے اور ہمیں انہیں اندر کرانے کے لیے خصوصی تگ و دو بھی نہیں کرنا پڑے گی‘ یعنی لینا ایک نہ دینا دو۔ آپ اگلے روز ضلع کچہری اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
سینئرز کو اپنے پیچھے کھڑا نہیں کروں گی: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''میں سینئرز کو اپنے پیچھے کھڑا نہیں کروں گی‘‘ بلکہ آگے کھڑا کروں گی تاکہ ان کی تکریم کا خیال رہے، جبکہ پارٹی کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر ایسا کرنا ضروری بھی ہو چکا ہے اور ہر کوئی اپنی بولی بولنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ پارٹی ڈسپلن کا تقاضا بھی یہی ہے کہ ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں سیالکوٹ سے محمود کیفی کی غزل:
پتھروں میں گلاب دیکھتا ہوں
اپنی مرضی کے خواب دیکھتا ہوں
آنکھ سے وہ دکھائی دیتا نہیں
دِل سے میں بے حساب دیکھتا ہوں
تیر و تلوار دیکھ تُو ظالم
میں قلم اور کتاب دیکھتا ہوں
تُو بھی کر میرے سب گناہ شمار
میں بھی تیرا ثواب دیکھتا ہوں
دیکھتا ہے تُو شب میں تاریکی
اور میں ماہتاب دیکھتا ہوں
ایک اندھے نے ڈرتے ڈرتے کہا
دیکھتا ہوں‘ جناب دیکھتا ہوں
جسم پر دیکھتا ہوں میں پیری
خواہشوں پر شباب دیکھتا ہوں
تُو عداوت کے در بناتا ہے
میں محبت کے باب دیکھتا ہوں
دیکھتا ہوں میں کائنات کو یوں
جیسے کوئی کتاب دیکھتا ہوں
اُس کے دل میں بھری ہے آتشِ غم
اُس کی آنکھوں میں آب دیکھتا ہوں
دید کا اک سوال ہیں آنکھیں
اُس کا چہرہ جواب دیکھتا ہوں
کب حقیقت میں دیکھتا ہوں اُسے
میں تو بس اُس کے خواب دیکھتا ہوں
راہِ حق میں جو جان ہارتا ہے
میں اُسے کامیاب دیکھتا ہوں
تُو نے دنیا کہا جسے کیفیؔ
میں اُسے اک سراب دیکھتا ہوں
آج کا مطلع
یوں تو کس چیز کی کمی ہے
ہر شے لیکن بکھر گئی ہے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved