تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     21-02-2023

سرخیاں ، متن اورپشاور سے ڈاکٹر محمد اسحق وردگ

پاکستانی خیراتی اداروں نے قوم
کا سر فخر سے بلند کر دیا: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''پاکستانی خیراتی اداروں نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا‘‘ تاہم انہیں ان لوگوں کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیے جو اپنے منہ سے کچھ نہیں کہتے لیکن ان کی جیب بھی خالی ہوتی ہے اور بٹوہ بھی اور جنہوں نے ایسے اچھے دن بھی دیکھے ہوتے ہیں جب ان کی ہر خالی جیب پیسوں سے بھری ہوتی تھی جبکہ اصل نیکی اور سخاوت تو یہ ہے کہ سوال کا انتظار کیے بغیر ایسے ضرورت مندوں کی مدد کی جائے، مانگ مانگ کر جن کی زبان پہلے ہی لکڑی کی طرح سخت ہو چکی ہے جبکہ ثواب کمانے کا بہترین طریقہ بھی یہی ہے۔ آپ اگلے روز ترکیہ اور شام میں پاکستانی فلاحی تنظیموں کی امدادی سرگرمیوں پر گفتگو کر رہے تھے۔
چودھری شجاعت کی قیادت میں پارٹی منظم
کرنے کا کام شروع ہے: شافع حسین
مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ ''چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں پارٹی منظم کرنے کا آغاز ہو چکا ہے‘‘ اور سب سے پہلے انہوں نے مجھے اپنے ساتھ ملا کر اسے منظم کیا ہے جس کے بعد دیگر ایسے کارکنوں کی تلاش جاری ہے جو ہمارے ساتھ منظم ہونے کی خواہش رکھتے ہوں اور جوں جوں ایسے افراد کا سراغ ملا‘ ان کو بھی اپنے ساتھ منظم کرتے جائیں گے کیونکہ قطرہ قطرہ اکٹھا ہو کر ہی دریا بنتا ہے اور اگر قدرت نے چاہا تو دنیا بہت جلد اس دریا کی روانی کا مظاہرہ اپنی آنکھوں سے کرے گی۔ آپ اگلے روز مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقات کر رہے تھے۔
عمران خان سیاسی انداز اپنائیں تو
واپسی ممکن ہے: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''عمران خان سیاسی انداز اپنائیں تو واپسی ممکن ہے‘‘ لیکن ایسا سیاسی انداز ہرگز نہیں جو بہت سے افراد نے اپنا رکھا ہے کیونکہ وہ ہر کسی کے لیے ممکن ہی نہیں ہے کہ اس کے لیے جس زیرکی اور جس ہنرمندی کی ضرورت ہوتی ہے وہ ہر کسی کے بس کا روگ نہیں ہے اور جس کی کامیابی کا اندازہ بے پناہ بینک اکاؤنٹس اور بے شمار اثاثوں اور جائیدادوں سے لگایا جا سکتا ہے جو قدرت نے بہت سے لوگوں کو عنایت کر رکھے ہیں اور جن سے عمران خان تاحال محروم ہیں اور یہ ہر کسی کا مقدر ہو بھی نہیں سکتے۔ آپ اگلے روز میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کے بعد جرمنی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
پی ٹی آئی اور مہنگائی کو اٹھا کر
باہر پھینکیں گے: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''ہم پی ٹی آئی اور مہنگائی کو اٹھا کر باہر پھینکیں گے‘‘ کیونکہ اگر پی ٹی آئی کے چیئرمین باہر ہوتے ہیں‘ تو عوام اور ان کے ساتھ ساتھ مہنگائی بھی عوام ہی کی خبر لے رہی ہوتی ہے اور اس کام کی ابتدا پارٹی میں یکجہتی پیدا کرنے کے اقدامات سے شروع کر دی ہے اور جس کی درخشاں مثال یہ ہے کہ گزشتہ روز ایک اجلاس میں شاہد خاقان عباسی صاحب کو اپنی سیٹ پر بٹھا دیا، اب اور کیا چاہئے۔ آپ اگلے روز راولپنڈی میں پارٹی کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔
کبھی شادی شدہ مرد سے متاثر ہوئی
نہ کوئی وعدہ کیا: عائشہ عمر
اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ ''میں کبھی شادی شدہ مرد سے متاثر ہوئی نہ کوئی وعدہ کیا‘‘ کیونکہ اگر شادی شدہ مردوں کو چانس دیا جائے تو سب سے پہلے ان کی بیویوں سے خواہ مخواہ کی دشمنی مول لینا پڑتی ہے جو کہ صرف اور صرف بیوقوفی کی بات ہے جبکہ شادی شدہ افراد سے آپ متاثر بھی کم کم ہی ہوتے ہیں اور کوئی وعدہ کرنے کی بھی نوبت نہیں آتی اس لیے آدمی کو ہمیشہ سیدھے اور محفوظ راستے پر چلنا چاہئے۔ آپ اگلے روز شعیب ملک کے ساتھ انٹرویو میں اپنے ایک شوٹ کی وضاحت کر رہی تھیں۔
اور‘ اب پشاور سے ڈاکٹر محمد اسحق وردگ کی غزل:
شہر کا شہر اتنا مفلس ہے
اب جلانے کو صرف ماچس ہے
یہ اساطیر سے روایت ہے
دل کا اک نام ساتویں حس ہے
ہنسنے والوں کے پاس اک جنگل
رونے والوں کے پاس ماچس ہے
وہم کے اک سوال کے آگے
آگہی کا جواب ناقص ہے
دل سے غم کا غبار دھونے کو
آنکھ میں آنسوؤں کی سروس ہے
ایک سگریٹ ہے اور تنہائی
تیسری چیز خالی ماچس ہے
دیکھ لے خامشی کی کھڑکی سے
یہ سڑک آج کتنی بے حس ہے
آج کا مطلع
ویراں تھی رات چاند کا پتھر سیاہ تھا
یا پردۂ نگاہ سراسر سیاہ تھا

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved