ترک اور شامی بھائیوں کی مدد
جاری رکھیں گے:وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''ترک اور شامی بھائیوں کی مدد جاری رکھیں گے‘‘ اور جس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان سے کچھ مانگیں گے نہیں اور مدد کو جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ ان سے ہمیشہ کے لیے کچھ نہ مانگیں اور وہ اسی کو ہماری مدد سمجھیں اور راضی رہیں ورنہ دوسرے ملکوں کی طرح مانگ مانگ کر ان کو بھی بے حال کر دینا تھا، نیز کسی سے سوال کرنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر کوئی خود نہ دے تو سمجھ لینا چاہیے کہ ان تلوں میں تیل نہیں ہے۔ آپ اگلے روز زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ
ہوا تو ملک میں خون خرابہ ہوگا: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''اگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوا تو ملک میں خون خرابہ ہوگا‘‘ اور اگر یہ فیصلہ نہ آتا تو پھر بھی یہی کچھ ہونا تھا کیونکہ بدقسمتی سے خون پہلے ہی کافی خراب ہو چکا ہے کیونکہ سیاست اب خون خرابے ہی کا نام ہو کر رہ گئی ہے اور اگر یہ ایک وجہ سے نہ ہو تو کسی دوسری وجہ سے ہو جاتا ہے، اس لیے یہ کسی بھی طرح سے کسی ایک وجہ کا محتاج نہیں ہے۔ آپ اگلے روز سوشل میڈیا پر ایک ٹویٹ اور صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
عمران خان نے مشتعل جتھے کے ساتھ
چڑھائی کی‘ گرفتار کیا جائے گا: رانا ثنا ء اللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ ''عمران خان نے مشتعل جتھے کے ساتھ چڑھائی کی‘ گرفتار کیا جائے گا‘‘ کیونکہ ادارے دیگر مصروفیات کی وجہ سے ایکشن نہیں لے سکتے تو ایک ذمہ دار وزارت ہوتے ہوئے یہ فریضہ ہم ادا کریں گے، نیز جب ماضی میں پیشیاں ہوئی تھیں تو ہم نے ایسا کچھ نہیں کیا تھا اور نہ کسی جتھے کو ساتھ لے کر گئے تھے بلکہ کئی رہنما تو اہلکاروں کے لیے دیگیں پکوا کر ساتھ لے گئے تھے کہ وہ کھانے پینے میں مصروف رہیں اور ہماری طرف کوئی توجہ نہ دے سکیں۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
پوری قوم سپریم کورٹ کے
فیصلے پر پہرہ دے گی: مسرت چیمہ
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ''پوری قوم سپریم کورٹ کے فیصلے پر پہرہ دے گی‘‘ اگرچہ وہ فی الحال چیئرمین عمران خان پر پہرہ دینے میں مصروف ہے جن کو خطرات نے گھیرا ہوا ہے، اس لیے جونہی وہ عمران خان کی جانب سے فارغ ہوتی ہے‘ عدالت کے فیصلے پر پہرہ دینا شروع کر دے گی تاکہ وہ ہر طرح سے محفوظ رہے، اور وفاقی حکومت کے تیور بتا رہے ہیں کہ وہ جلد ہی خان صاحب کی ذمہ داری سے فارغ ہونے والی ہے اور پوری یکسوئی کے ساتھ فیصلے پر پہرہ دینا شروع کر دے گی۔ آپ اگلے روز سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کر رہی تھیں۔
ہمارے اعمال اچھے ہوں گے تو
اچھے لوگ آئیں گے: کیپٹن (ر) صفدر
مسلم لیگ نواز کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ ''ہمارے اعمال اچھے ہوں گے تو اچھے لوگ آئیں گے‘‘ اور جن مصیبتوں کا اس وقت سامنا کر رہے ہیں وہ اعمال ہی کا شاخسانہ ہیں؛ اگرچہ بظاہر تو وہ برے نہیں تھے کیونکہ جو کچھ کیا گیا تھا نیک نیتی ہی سے کیا گیا تھا اور شبانہ روز کی محنت سے اثاثے بنانا اور روپے کو اِدھر اُدھر روانہ کرنا کوئی برا کام نہیں تھا جسے غلط طور پر منی لانڈرنگ کا نام دے دیا گیا تھا؛ تاہم دنیا اگر ان کاموں کو برا سمجھتی ہے تو آئندہ احتیاط کرنا ہوگی۔ آپ اگلے روز وزیر آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں کاشف مجید کا تازہ کلام:
وہ شخص یونہی نہیں مہربان ہوتا ہے
کھرا نکلتا ہوں جب امتحان ہوتا ہے
میں آدھا خواب میں ہوں آدھا خواب سے باہر
عجیب طرح کا مجھ کو گمان ہوتا ہے
بتانا پڑتا ہے حیرت کے کس مقام پہ ہوں
اجالا میرے لیے امتحان ہوتا ہے
میں عشق کرتا ہوا اس مقام تک آیا
جہاں زمیں نہ کوئی آسمان ہوتا ہے
میں ہنستا رہتا ہوں گھر میں بھی اور باہر بھی
ہنسی ہنسی میں مرا امتحان ہوتا ہے
٭......٭......٭
بے دلی زیر و زبر کرتا ہوا
اک نظارا دل میں گھر کرتا ہوا
جا رہا ہوں اک محبّت کی طرف
اپنے سائے سے حزر کرتا ہوا
آن پہنچا ہوں حقیقت کے قریب
داستانوں کا سفر کرتا ہوا
دل میں آنا ہے ترے‘ اور آؤں گا
ایک دنیا کو خبر کرتا ہوا
آج کا مقطع
ہم نے چھیڑا نہیں اشیائے محبت کو ظفرؔ
جو جہاں پر تھی پڑی اس کو وہیں رہنے دیا
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved