بجلی بریک ڈاؤن کے ذمہ داروں
کو سزا دی جائے:وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''بجلی بریک ڈاؤن کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے‘‘ اگرچہ یہ بہت مشکل کام ہے کیونکہ ہمارے دور میں کبھی سزا نہیں دی گئی بلکہ ملک کے ساتھ اور جو کچھ ہوتا رہا اس کی سزا بھی آج تک کسی کو نہیں دی گئی؛ تاہم یہ بیان دینا بہرحال بہت ضروری تھا کیونکہ حکومت بیان ہی دے سکتی ہے، نیز اگر سب مجرموں کو سزا دی جائے تو بہت سے افراد ہیں کہ شاید ہی اُن میں سے کوئی جیل سے باہر دکھائی دے، اس لیے اس قصے کا ذکر اب نہ ہی کیا جائے تو بہتر ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں مختلف وفود سے ملاقات کر رہے تھے۔
ہاتھ جوڑ کر کہتے ہیں حکمران
استعفیٰ دیں اور گھر جائیں: حماد اظہر
پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے کہا ہے کہ ''ہاتھ جوڑ کر کہتے ہیں حکمران استعفیٰ دیں اور گھر جائیں‘‘ اور ہاتھ جوڑ کر کوئی مطالبہ کرنا معمولی بات نہیں ہے اور یہ مطالبہ تسلیم کر لینا چاہئے کیونکہ اگر یہی بات ہم سے ہاتھ جوڑ کر کہی جاتی تو ہم فوراً مستعفی ہو کر گھر چلے جاتے اور ہمارے خلاف عدم اعتماد تحریک کا تکلف بھی نہ کرنا پڑتا اور نہ ہی کسی کو ہمارے خلاف سازش کرنے کی کوئی ضرورت محسوس ہوتی۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
عمران خان کی نااہلی نے ملک
کو بدحالی کی راہ پر ڈالا: مریم نواز
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی، مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''عمران خان کی نااہلی نے ملک کو بدحالی کی راہ پر ڈالا‘‘ حالانکہ ملک پہلے ہی بدحالی کی بہت سی منزلیں طے کر چکا تھا اس لیے انہیں اس تکلف کی ہرگز کوئی ضرورت نہیں تھی اور اس پر ضائع کیا ہوا قیمتی وقت وہ کسی اور کام پر خرچ کر سکتے تھے لیکن ہماری قوم غلط کام بھی صحیح وقت پر نہیں کرتی جس پر پوری قوم کو اپنا طرزِ عمل درست کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ اگلے روز لاہور سے اپنا بیان ٹویٹ کر رہی تھیں۔
آئین اور عدلیہ سے کھلواڑ کی اجازت
نہیں دی جائے گی: پرویز الٰہی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ''آئین اور عدلیہ سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی‘‘ اگرچہ میں اب کافی بے اختیار ہو چکا ہوں اور وزارتِ اعلیٰ کے سہانے دن ماضی کا حصہ بن چکے ہیں مگر کچھ اختیارات اب بھی میرے پاس ہیں؛ چنانچہ مجھے پتا چلا ہے کہ مخالفین اس ضمن میں میرے سامنے دائر کرنے کے لیے ایک درخواست کی تیاری میں مصروف ہیں جس پر پورا پورا غور و خوض کیا جائے گا اور بالآخر اسے نامنظور کر دیا جائے گا اس لئے وہ یہ زحمت نہ ہی ا ٹھائیں تو بہتر ہے کیونکہ ویسے بھی آج کل دیگر کاموں میں مصروف رہتے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔
آئین پاکستان کے تحفظ کیلئے پیپلز پارٹی
جدوجہد جاری رکھے گی: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''آئین پاکستان کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی جدوجہد جاری رکھے گی‘‘ کیونکہ دیگر تحفظات کا پورا پورا انتظام کرنے کے بعد ہم بے کار بیٹھے ہیں جس سے کافی وقت بچ گیا ہے جسے ہم آئین پاکستان کے تحفظ پر خرچ کر سکتے ہیں؛ اگرچہ ہم خرچ کرنے کی نسبت کمانے پر زیادہ توجہ دیتے ہوں کیونکہ آدمی کو یکسوئی اور لگن کے ساتھ وہی کام کرنا چاہیے جو اسے اچھی طرح سے آتا ہو۔ آپ اگلے روز لاہور میں پیپلز لائرز فورم کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں اس ہفتے کی تازہ غزل:
ستم گری تری پھرسے سہارنی ہے مجھے
اک اور عمر یہاں پر گزارنی ہے مجھے
محبت اور عداوت ہیں دو الگ چیزیں
سو اپنے دل میں بھی دیوار اُسارنی ہے مجھے
میں دیکھ دیکھ کے یہ چہرہ آپ ہوں بیزار
سو دوسری ہی کوئی شکل دھارنی ہے مجھے
ہوں خود سے برسرِ پیکار بھی مگر آخر
کسی دن آپ یہ بازی بھی ہارنی ہے مجھے
جو دل کے ساتھ مری عقل بھی بگڑ گئی ہے
چنانچہ یہ بھی کسی دن سدھارنی ہے مجھے
برائے نام سی کچھ یہ انا جو رہ گئی ہے
کسی طرح سے کبھی خود ہی مارنی ہے مجھے
ہے ایسی ویسی ہی یہ شاعری مگر‘ سرِ عام
کبھی ضرور یہ شیخی بگھارنی ہے مجھے
اب اُس کے سامنے ہونا ہے اور سر سے یہ
تکلفات کی گٹھڑی اُتارنی ہے مجھے
ظفرؔ یہ چائے بہت گرم ہے محبت کی
سو پھونکیں مار کے تھوڑی سی ٹھارنی ہے مجھے
آج کا مطلع
نہ گماں رہنے دیا ہے نہ یقیں رہنے دیا
راستہ کوئی کھلا ہم نے نہیں رہنے دیا
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved