تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     08-03-2023

سرخیاں ، متن اوراوکاڑہ سے مسعود احمد

نوجوان ملک کا مستقبل‘ انہیں جھوٹ
اور سچ کا فرق سمجھنا ہوگا: مریم نواز
مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ''نوجوان ملک کا مستقبل ہیں‘ انہیں جھوٹ اور سچ کا فرق سمجھنا ہوگا‘‘ کیونکہ آنکھیں بند کر کے مخالفین کے پیچھے لگ جانا ایک طرح سے جھوٹ کا ساتھ دینا ہے اور اگر ان کا معیار یہی ہے تو انہیں مائل کرنے کے لیے مزید بڑا جھوٹ بولا جا سکتا ہے اور اسے سیاسی بیان قرار دیا جا سکتا ہے اس لیے اگر انہوں نے اسی روش کی پیروی کرنی ہے تو ہم میں کیا برائی ہے بلکہ اگر چاہیں تو خود مقابلہ کر کے دیکھ لیں کہ اس معاملے میں سبقت کس کی ہے۔ آپ اگلے روز یوتھ ونگ پنجاب کے اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔
قوم اپنے حقوق کیلئے کھڑی ہو
جائے اور ہمارا ساتھ دے: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ''قوم اپنے حقوق کیلئے کھڑی ہو جائے اور ہمارا ساتھ دے‘‘ کیونکہ بیٹھ کر یا لیٹ کر ساتھ نہیں دیا جا سکتا اور اگر وہ بیٹھے بیٹھے ہی ہمارا ساتھ دے گی تو اخلاقاً ہمیں بھی بیٹھنا ہو گا جبکہ خوش اخلاقی کا تقاضا بھی یہی ہے جبکہ ہمارے ساتھ چلنے کے لیے اسے کھڑے ہونا پڑے گا کیونکہ بیٹھ کر چلنا ویسے بھی اگر ناممکن نہیں تو بیحد مشکل ضرور ہے؛ البتہ اس کیلئے ریڑھی کا انتظام کرنا ہوگا جبکہ مطلوبہ ریڑھیوں کا انتظام ہمارے اختیار سے باہر ہے۔ آپ اگلے روز منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
عمران خان آج اپنے اوپر درج مقدمات
سے پریشان ہیں:سیف الملوک
مسلم لیگ نواز لاہور کے جنرل سیکرٹری سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ ''عمران خان آج اپنے اوپر درج مقدمات سے پریشان ہیں‘‘ جبکہ یہ انتہائی خود غرضی کی علامت ہے کیونکہ انہیں دوسروں خصوصاً ہمارے اوپر بنے مقدمات پر بھی پریشان ہونا چاہئے؛ اگرچہ ان میں سے بیشتر کا قلع قمع کر دیا گیا ہے؛تاہم ان کے خلاف چارہ جوئی بھی ہو رہی ہے کہ انہیں بحال کیا جائے اس لیے خان صاحب کو چاہیے کہ چونکہ ہم بھی ان کی ہمدردی کے مستحق ہیں‘ اس لیے وہ ہمارے لیے بھی پریشان ہو کر مساوات اور باہمی ہم آہنگی کا ثبوت دیں جو کہ جمہوریت کی بنیادی شرائط میں شامل ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں دیگر لیگی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
آئندہ الیکشن پی ڈی ایم نہیں‘ تیر کے
نشان پر لڑیں گے: آصف زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''آئندہ الیکشن پی ڈی ایم کے نہیں‘ بلکہ تیر کے نشان پر لڑیں گے‘‘ کیونکہ پی ڈی ایم کیلئے کام کرنے پر صرف بدنامی حاصل ہوئی ہے کہ سارے معاملات ہمارے ذریعے طے کرائے گئے اور اس کا فائدہ خود اُٹھا لیا اور اس طرح سوائے طعنوں کے کچھ بھی حاصل نہیں ہوا حالانکہ ساری زندگی کچھ نہ کچھ حاصل کرتے ہی گزری ہے جو دنیا بھر کے سامنے بھی ہے۔ آپ اگلے روز دورۂ وہاڑی کے دوران یوسف رضا گیلانی اور دیگران سے ملاقات کر رہے تھے۔
پی ڈی ایم جماعتیں عمران خان کی گرد
کے قریب بھی نہیں پہنچ سکتیں: فواد چودھری
سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ''پی ڈی ایم جماعتیں عمران خان کی گرد کے قریب بھی نہیں پہنچ سکتیں‘‘ اور اگر پہنچ بھی جائیں تو انہیں نظر ہی کچھ نہیں آئے گا کہ گرد ہی اتنی اڑ رہی ہو گی اور وہ اندازے ہی سے چل رہے ہوں گے اس لیے اگر پی ڈی ایم کی جماعتیں اندازے سے چل سکتی ہیں تو بیشک اس گرد میں شامل ہوجائیں؛ تاہم انہیں پھر بھی کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں مسعود احمد کی غزلیں:
موسم گل میں خس و خار سے الجھا ہوا ہوں
میں وہ رستہ ہوں جو دیوار سے الجھا ہوا ہوں
آگے بڑھنے نہیں دیتے یہ مندرجات مجھے
میں کہانی نہیں‘ کردار سے الجھا ہوا ہوں
وقت سے آگے نکلنے کی ہے یہ دوڑ یہاں
اور میں وقت کی رفتار سے الجھا ہوا ہوں
عین ممکن ہے یہ اقرار کی تمہید میں ہو
کس لیے میں ترے انکار سے الجھا ہوا ہوں
جوش میں یاد کہاں ہوش کے ناخن لینا
کب سے اس گرمیٔ بازار سے الجھا ہوا ہوں
سب کا سب یوں ہے پڑا مال محبت دل میں
جبکہ ہر ایک خریدار سے الجھا ہوا ہوں
صرف اور صرف دکھاوے کے لیے آٹھوں پہر
اپنے اندر کے گنہ گار سے الجھا ہوا ہوں
٭......٭......٭
یہ محض حسنِ اتفاق نہیں
زندگی ہے کوئی مذاق نہیں
رکھ لیا ہے دیا ہتھیلی پر
میری کٹیا میں کوئی طاق نہیں
عشق ہے‘ عشق کی شریعت میں
دوسری‘ تیسری طلاق نہیں
جنگ ہے آخری مراحل میں
میں نہیں یا شبِ فراق نہیں
دل اچانک بگڑ بھی سکتا ہے
یہ بدن ہے کوئی وفاق نہیں
کوی تردید سر سے پاؤں تک
کوی جھگڑا کوئی نفاق نہیں
آئنے کو مری زیارت کا
ایک مدت سے اشتیاق نہیں
کروفر سب وہیں دھرے کا دھرا
خاک میں کوئی طمطراق نہیں
آج کا مطلع
صرف آنکھیں تھیں ابھی ان میں اشارے نہیں تھے
دل پہ موسم یہ محبت نے اتارے نہیں تھے

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved