تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     10-03-2023

سرخیاں ، متن اوراقتدار جاوید

عام انتخابات نئی مردم شماری پر نہ ہوئے
تو مسائل پیدا ہوں گے: اعظم تارڑ
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ''عام انتخابات نئی مردم شماری پر نہ ہوئے تو مسائل پیدا ہوں گے‘‘ کیونکہ سب سے بڑا مسئلہ خود انتخابات ہوں گے جن کے لیے حکومت ہرگز تیار نہیں ہے اور نئی مردم شماری اور پھر اس کے نتائج آنے اور نئی حلقہ بندیوں میں اتنا عرصہ ضرور لگ جائے گا کہ اسے سکھ کا سانس لینا نصیب ہو سکے؛ تاہم مردم شماری کے بعد بھی یہ انتخابات حکومت کو راس نہیں آئیں گے، اس لیے مسئلے کا صحیح حل یہی ہے کہ انتخابات کا سلسلہ ہی ختم کر دیا جائے کیونکہ انتخابات سے خود عوام بھی پریشانی میں مبتلا ہو جاتے ہیں جن کے آرام و آرائش کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔ آپ اگلے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
حکومت نے 11ماہ میں غریب
عوام کا بھرکس نکال دیا: فرخ حبیب
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ''حکومت نے 11ماہ میں غریب عوام کا بھرکس نکال دیا‘‘ اول تو عوام میں بھرکس نام کی کوئی چیز باقی رہی ہی نہیں تھی؛ شاید کوئی بچا کھچا بھرکس ہو‘ جو اس نے نکال کر رکھ دیا اور اب وہ جس کے بغیر ہی گزارہ کرنے پر مجبور ہیں اور ان میں اتنی ہمت اور سکت بھی نہیں ہے کہ اپنے جسم میں نئے سرے سے بھرکس پیدا کر سکیں یا کہیں اور سے فراہم کر سکیں‘ جو کہیں مارکیٹ میں بھی دستیاب نہیں ہے کیونکہ ہر کسی نے اپنا اپنا بھرکس سنبھال کر رکھا ہوا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی
کے لیے ہر وقت کوشاں ہیں:وزیراعظم
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی کے لیے ہر وقت کوشاں ہیں‘‘ جبکہ منصفانہ حقوق اور انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ خواتین گھر کامحاذ سنبھالے رکھیں کیونکہ میرا گھر میری جنت کا تصور خاتونِ خانہ ہی کے حوالے سے قائم ہوا ہے، نیز خواتین نے اگر گھر کا محاذ چھوڑ دیا تو کوئی اور آ کر ان کے گھر پر قبضہ کر سکتا ہے اور اسی لیے ڈپٹی کمشنر نے عورت مارچ کی اجازت نہ دی تھی جسے بعد ازاں عدالت نے ختم کر دیا۔ آپ اگلے روز خواتین کے عالمی دن پر پیغام جاری کر رہے تھے۔
حکومت کا مسئلہ مہنگائی بیروزگاری نہیں‘
عمران خان کی گرفتاری ہے: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ''حکومت کا مسئلہ مہنگائی بیروزگاری نہیں‘ عمران خان کی گرفتاری ہے‘‘ کیونکہ اگر حکومت کا مسئلہ مہنگائی اور بیروزگاری ہو‘ تو بھی وہ اس میں ناکام اور لاچار ہے اور جس پر وہ اپنا قیمتی وقت ضائع نہیں کرنا چاہتی اس لیے وہ عمران خان کو گرفتار کرنے کے درپے ہے کہ آخر اسے کچھ تو کرنا ہی چاہیے؛ اگرچہ وہ اس میں بھی ناکام نظر آتی ہے کیونکہ وہ جب بھی ایسا کرنا چاہتی ہے عمران خان کے حامی اس کے ارادوں میں حائل ہو جاتے ہیں۔ آپ اگلے روز راولپنڈی سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں اقتدار جاوید کی غزل:
بچھا تخت برگد تلے کھاٹ کا
سراپا چمکنے لگا جاٹ کا
اڑی کٹھی میٹھی مہک پھول کی
پڑا راہ میں باغ لوکاٹ کا
لبوں کی حلاوت نہیں بھولتی
لگا جیبھ کو ذائقہ چاٹ کا
چمک چہرے بشرے پہ ست رنگ کی
پیا ہم نے پانی کئی گھاٹ کا
یہ ویلیں مرے باپ دادا کے نام
یہ تصدیق نامہ رہا بھاٹ کا
سڑک سے نظر آیا برآمدہ
گھروندا ہے جیسے کسی لاٹ کا
کوئی جوڑ ظاہر نہیں ہو رہا
کہ پیوند ہے ٹاٹ میں ٹاٹ کا
لپیٹے چلا جا رہا ہے زمیں
ادھر رخ دوبارہ پھرا پاٹ کا
تڑخنے لگا جسم نازوں بھرا
نرت ہے یہ صدیق سمراٹ کا
آج کا مقطع
ٹوٹ پڑتی ہے قیامت کوئی پہلے ہی ظفرؔ
قصد کرتا ہوں جو فتنے کو جگا دینے کا

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved