تحریر : مفتی منیب الرحمٰن تاریخ اشاعت     11-03-2023

عقلِ عام اور مذہب …(حصہ دوم)

(3) سورۃ القارعہ میں اعمال کے ہلکے اور بھاری ہونے کا ذکر ہے؛ البتہ کفار‘ جن کا جہنمی ہونا یقینی ہے‘ اُن کی بابت اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ''(اے رسولِ مکرّم) آپ کہیے: کیا ہم تمہیں بتا دیں کہ اعمال کے اعتبار سے سب سے زیادہ خسارے میں کون لوگ ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جن کی ساری کوششیں دنیا کی زندگی میں اکارت گئیں اور وہ یہ سمجھتے رہے کہ وہ اچھے کام کر رہے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے رب کی آیتوں اور (قیامت کے دن) اُس سے ملاقات کا انکار کیا، پس اُن کے اعمال ضائع ہو گئے، سو ہم قیامت کے دن اُن کے لیے کوئی وزن قائم نہیں کریں گے‘‘ (الکہف: 103 تا 105)۔ یعنی اُن کی نَجات کا کوئی امکان ہی نہیں ہے تو اُن کے لیے میزانِ عدل قائم کرنا سعیِ لاحاصل ہے۔ نیز وزنِ اعمال اور اعمال کے ہلکے اور بھاری ہونے کا احادیثِ مبارکہ میں بھی ذکر ہے اور جمہورِ امت کا اس کے حق ہونے پر اجماع ہے، البتہ اس کی کیفیت کیا ہو گی، اس کا تعین اس دنیا میں کرنے کی ضرورت نہیں ہے، جبکہ اس کے برعکس معتزلہ کا فرقہ گزرا ہے، جو دینی امور میں عقل کو معیار و مدار مانتا تھا، لہٰذا انہوں نے نظریہ قائم کیا: اعمال عوارِض ہیں، یہ انسان کے وجود کے ساتھ قائم ہیں، ان کا خارج میں کوئی مستقل بالذات وجود نہیں ہوتا، لہٰذا ان کے تولے جانے کی بات محض استعارے کے طور پر آئی ہے اور اللہ تعالیٰ اپنے علم کی بنیاد پر جنتیوں اور جہنمیوں کا فیصلہ فرما دے گا تو کیا ہم ایسی عقلِ عیارکی تسکین کے لیے وحیِ ربانی کو ردّ کر دیں گے۔
رسول اللہﷺ نے جہاں مناسب محسوس فرمایا، وہاں عقلی دلائل سے بھی لوگوں کو شریعت کی حقانیت کا قائل کیا ہے اور اسے قرائن کی شہادت کے طور پر لیا ہے، ہم صحیح بخاری: 6770 تا 6771 اور صحیح مسلم: 1459 کی اِن روایات کو یکجا کر کے بیان کر رہے ہیں:
''حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: ایک دن رسول اللہﷺ (گھر میں) داخل ہوئے، آپﷺ بہت خوش تھے اور خوشی آپﷺ کے چہرۂ انور سے جھلک رہی تھی، آپﷺ نے فرمایا: اے عائشہ! تمہیں معلوم ہے کہ مجزِّز مُدلجی آیا اور اس نے دیکھا: (دو اشخاص یعنی) زید بن حارثہ اور اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما ایک چادر اوڑھ کر لیٹے ہوئے ہیں، اُن کے بدن کا بالائی حصہ ڈھکا ہوا تھا اور پائوں نظر آ رہے تھے، اس نے کہا: یہ پائوں ایک دوسرے کا جزو ہیں‘‘۔ یعنی چادر لپیٹ کر لیٹے ہوئے یہ اشخاص مجھے باپ بیٹا لگتے ہیں۔ اس حدیث کی شرح میں حافظ ابن حجر عسقلانی لکھتے ہیں: حضرت زیدؓ بن حارثہ کا رنگ گورا تھا اور اُن کے صاحبزادے حضرت اسامہؓ بن زید کا رنگ کالا تھا، رنگت کے اس تضاد کی وجہ سے زمانۂ جاہلیت میں بعض لوگوں نے اُن کے نسب کی صحت پر طَعن کیا۔ پس آپﷺ کو خوشی ہوئی کہ اس قیافہ شناس کی ماہرانہ رائے نے اس طَعن کو دور کر دیا۔ حضرت اسامہؓ بن زید تو ثابت النسب تھے اور کسی کو اس میں شک نہ تھا، لیکن اہلِ عرب چونکہ قیافہ شناسی پر یقین رکھتے تھے، اس لیے اُن پر حجت قائم ہو گئی اور اس سے آپﷺ کو مسرّت ہوئی، کیونکہ حضرت اسامہؓ بن زید کا لقب ''حِبُّ رَسولِ اللہ‘‘ یعنی محبوبِ رسول تھا۔
اس حدیث کی روشنی میں امام شافعیؒ اور بعض علماء نے ثبوتِ نسب کے لیے قیافہ شناسی کو حجت قرار دیا ہے۔ اُن کی دلیل یہ ہے کہ اگر یہ استدلال آپﷺ کے نزدیک حق نہ ہوتا تو آپﷺ اس پر مسرّت کا اظہار نہ فرماتے، جبکہ امام اعظم ابوحنیفہؒ کا کہنا یہ ہے کہ چونکہ طَعن کرنے والوں کے نزدیک قیافہ شناسی حجت مانی جاتی تھی، اس لیے مجزِّز مُدلجی کا قول اُن کے خلاف حجت ہوگیا، لیکن قیافہ شناسی یا الہامات یا مکاشفات سب ظنی امور ہیں، ان کو معاون شہادت کا درجہ تو دیا جا سکتا ہے، لیکن یہ قطعی ناقابلِ تردید شہادت قرار نہیں دی جا سکتی، (مفتاح السعادۃ، ج: 1، ص: 330)۔
ہمارے نزدیک ڈی این اے کی حیثیت بھی یہی ہے اور اس پر ہم ماضی میں امریکہ اور جرمنی کی عدالتوں کے شواہد پیش کر چکے ہیں۔ نیز یہ کہ باپ بیٹے میں محض رنگت کے اختلاف کے سبب نسب پر طَعن کرنا درست نہیں ہے۔ حدیث پاک میں ہے: ''ایک شخص رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی: یا رسول اللہﷺ! میرے ہاں ایک سیاہ فام بیٹا پیدا ہوا ہے (غالباً وہ خود سفید رنگ کا تھا، اس بنا پر اُسے اپنے بیٹے کے نسب کے بارے میں شبہ ہوا) آپﷺ نے فرمایا: کیا تمہارے پاس اونٹ ہیں؟ اُس نے جواب دیا: جی ہاں! آپﷺ نے پوچھا: وہ کس رنگ کے ہیں؟ اُس نے عرض کی: سرخ! آپﷺ نے فرمایا: کیا اُن میں کوئی خاکستری رنگ کا بھی ہے؟ اُس نے عرض کی: جی ہاں! آپﷺ نے فرمایا: تو سرخ اونٹوں میں خاکستری رنگ کا اونٹ کہاں سے آ گیا؟ اُس نے عرض کی: شاید (اُس کے نسبی آبا میں سے) کسی کی رگ نے اُسے کھینچ لیا ہو۔ آپﷺ نے فرمایا: شاید تمہارے بیٹے کو بھی (تمہارے آبائو اجداد کی) کسی رگ نے کھینچ لیا ہو‘‘ (بخاری: 5305)۔ اس کی مزید تائید مندرجہ ذیل حدیث سے ہوتی ہے:
حضرت رَباحؓ روایت کرتے ہیں: رسول اللہﷺ نے اُن سے پوچھا: تمہارے ہاں کیا پیدا ہوا؟ اُنہوں نے جواب دیا: میرے ہاں بیٹا پیدا ہو گا یا بیٹی۔ آپﷺ نے پوچھا: وہ بچہ صورت میں کس سے مشابہ ہو گا؟ اُنہوں نے عرض کی: یا رسول اللہﷺ! یقینا اپنے باپ یا ماں میں سے کسی ایک کے مشابہ ہو گا۔ آپﷺ نے فرمایا: ذرا رکو! اس طرح نہ کہو، (بات یہ ہے کہ) جب نطفہ ماں کے رحم میں قرار پاتا ہے تو اللہ تعالیٰ اُس کے اور آدم علیہ السلام کے درمیان اُس کے سلسلۂ نسب کو حاضر فرما دیتا ہے (اور وہ اُن میں سے کسی سے مشابہت اختیار کر لیتا ہے)، پھر آپﷺ نے فرمایا: کیا تم نے اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد نہیں پڑھا: ''وہ جس صورت میں چاہتا ہے، تمہاری تشکیل فرما دیتا ہے‘‘ (المعجم الکبیر للطبرانی: 4624)۔ چنانچہ اس طرح کی نظیریں ہمیں اپنے گرد و پیش میں مل جاتی ہیں کہ والدین اور اولاد کی رنگتوں اور نقوش میں فرق ہوتا ہے، یہی اللہ تعالیٰ کی صفت خالقیت اور مصوری ہے اور اس کا تکوینی نظام ہے۔
رسول اللہﷺ کے اجدادِ عالی نسب بھی ایسی ہی شاہکار ذہانتوں کے حامل تھے، ہم ذیل میں امام محمد بن یوسف صالحی کی روایت کا خلاصہ بیان کر رہے ہیں:
رسول اللہﷺ کی بیسویں پشت پر حضرت نزار آتے ہیں، انہوں نے اپنا مال اولاد میں تقسیم کر دیا اور وصیت کی کہ تم میں کوئی اختلاف پیدا ہو تو شاہِ نجران اَفْعٰی سے فیصلہ کرانا۔ وہ اَفْعٰی کے پاس جا رہے تھے کہ ایک شخص ملا جس کا اونٹ گم ہوگیا تھا، اس نے ان سے پوچھا: آپ لوگوں نے میرا اونٹ دیکھا ہے۔ ایک بھائی نے پوچھا: کیا تمہارا اونٹ کانا ہے، دوسرے نے پوچھا: کیا تمہارا اونٹ لنگڑا ہے، تیسرے نے پوچھا: کیا وہ دم کٹا ہے، اس نے تینوں باتوں کا جواب اثبات میں دیا اور کہا: بتائو میرا اونٹ کہاں ہے؟ انہوں نے کہا: ہم نے نہیں دیکھا، اس نے کہا: آپ لوگوں نے دیکھا ہے، کیونکہ آپ ساری علامتیں درست بتا رہے ہیں۔ پس وہ بھی شکایت کرنے کے لیے ان کے ساتھ اَفْعٰی جُرْھَمی کے پاس چلا گیا اور سارا ماجرا بیان کیا۔ اَفْعٰی نے ان سے پوچھا: اگر آپ لوگوں نے نہیں دیکھا تو یہ ساری علامتیں کیسے درست بتا دیں: ایک نے کہا: ہم نے دیکھا کہ ایک طرف کی گھاس چری ہوئی ہے اور دوسری طرف بالکل منہ نہیں لگایا تو ہم نے اندازہ لگایا کہ یہ اونٹ کانا ہے، دوسرے نے کہا: ہم نے دیکھا کہ مینگنیاں اکٹھی پڑی ہیں، تو ہمیں اندازہ ہوا کہ وہ دُم کٹا ہے (کیونکہ دم کی حرکت سے مینگنیاں منتشر ہو جاتی ہیں)، تیسرے نے کہا: ہم نے دیکھا کہ ایک پائوں کے نشانات زمین پر ثبت ہیں اور دوسرا گھسٹتا ہوا نظر آیا، تو ہم نے سمجھا کہ یہ اونٹ لنگڑا ہے۔ بادشاہ اُن کی ذہانت کو دیکھ کر حیران ہو گیا اور کہا کہ آپ لوگ خود اپنا فیصلہ کریں۔ بادشاہ نے اُن کی ضیافت پر ایک خادم کو مامور کر دیا، شراب، گوشت اور روٹی سے اُن کی تواضع کی۔ ان میں سے ایک نے کہا: یہ شراب اُس انگور سے کشید کی گئی ہے جو قبر پر اگا ہوا ہے، دوسرے نے کہا: یہ گوشت اس بکری کا ہے جسے کتیا کا دودھ پلایا گیا ہے، تیسرے نے کہا: بادشاہ صحیح النسب نہیں ہے۔ جب بادشاہ تک یہ تبصرہ پہنچا تو اُس نے ان سے ان آراء کا سبب معلوم کیا۔ انہوں نے بتایا: ہمارے قیافے کی بنیاد یہ ہے کہ عمدہ شراب سرور عطا کرتی ہے اور غم کو زائل کرتی ہے، لیکن اس نے یہ اثر نہیں دکھایا، لگتا ہے کہ یہ انگور قبر پر اگا ہے اور قبرستان مقامِ سرور نہیں ہے۔ اسی طرح حلال جانور کی چربی گوشت کے اوپر ہوتی ہے، جبکہ کتے کی چربی گوشت کے نیچے ہوتی ہے اور شوربے میں چربی نیچے تھی، اس سے ہم نے قیاس کیا کہ اس بکری نے کتیا کا دودھ پیا ہے، ماضی میں جب والد کے ہمراہ ہم نے بادشاہ کی ضیافت کھائی تو بادشاہ اکرام کے طور پر مہمانوں کے ساتھ بیٹھا تھا، لیکن موجودہ بادشاہ نہیں بیٹھا، اس سے معلوم ہوا کہ اس کے نسب میں خرابی ہے اور بعد میں ان باتوں کی تصدیق ہو گئی۔
خلاصۂ کلام یہ ہے کہ اگر حاملِ مذہب کا کوئی فعل غلط ہو تو اُسے اُس کی ذاتی غلطی سمجھنا چاہیے، اس کی ذمہ داری مذہب یا سارے اہلِ مذہب پر ڈالنا قرینِ انصاف نہیں ہے، نیز مذہبی تعلیمات اور عقلِ سلیم میں کبھی کوئی تضاد نہیں ہوتا۔ مزید یہ کہ دینی امور میں سے کوئی امر کسی کے لیے ماورائے عقل تو ہو سکتا ہے کہ کسی کی عقل اپنی نارسائی کے سبب اُس کی حکمت کو نہ سمجھ سکے، لیکن ضدِ عقل نہیں ہوتا اور معجزہ تو کہتے ہی ''خارِقِ عادت‘‘ کو ہیں، یعنی مدعی نبوت کے ہاتھ پر یا اُس کی ذات سے کسی ایسے فعل کا صادر ہونا جو عالَمِ اسباب کے تکوینی نظام یعنی سبب اور مُسَبَّب، علّت اور معلول اور Cause & Effect کے تانے بانے کو توڑ دے۔ پس ہمارے ہاں کسی غیر معمولی کامیابی یا عقل کو حیرت زدہ کردینے والے واقعے کو معجزے سے تعبیر کیا جاتا ہے، یہ درست نہیں ہے۔ معجزہ ایک دینی اصطلاح ہے۔ نیز ہمارے ہاں کہا جاتا ہے: ''معصوم لوگ دہشت گردوں کا نشانہ بنے‘‘، عصمت بھی شرعی اصطلاح ہے اور خاصّۂ نبوت ہے، بچے ہوں یا بڑے‘ اُن کے لیے بے قصور کا لفظ استعمال کرنا چاہیے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved