تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     29-03-2023

سرخیاں، متن اور سید عامر سہیل

سیاسی قیادت امداد کرے‘ مل کر پاکستان
کو کھویا ہوا مقام واپس دلائیں: وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''سیاسی قیادت امداد کرے‘ مل کر پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس دلائیں‘‘ جبکہ یہ بھی محض ایک خام خیالی ہے کیونکہ سیاسی قیادت جو ایک دوسرے کی دشمن بنی ہوئی نظر آ رہی ہے‘ اس کے مل کر بیٹھنے کا سوال پیدا ہی نہیں ہوتا؛ البتہ جس قیادت کی مہربانیوں سے یہ مقام گم ہوا ہے‘ اسے واپس دلانے کیلئے وہی کچھ کر سکتی ہے کیونکہ اسے اچھی طرح سے معلوم ہے کہ اس نے یہ مقام کہاں گم کیا تھا اور اب وہ کہاں ہے؛ تاہم اس کیلئے اخبار میں اشتہار بھی دیا جا سکتا ہے کہ یہ مقام جہاں کہیں بھی ہے‘ خود ہی واپس آ جائے‘ اسے کچھ نہیں کہا جائے گا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔
شفاف الیکشن کیلئے ملک میں امن و امان
کا ہونا ضروری ہے: قمر زمان کائرہ
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ''شفاف الیکشن کیلئے ملک میں امن و امان کا ہونا ضروری ہے‘‘ جبکہ امید ہے کہ چند برسوں کے اندر ملک میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہو جائے گی؛ چنانچہ تب تک کیلئے الیکشن کو ملتوی کیا جا سکتا ہے کیونکہ لوگ اگر امن و امان خراب کرنے میں مصروف ہوں گے تو ووٹ ڈالنے کون آئے گا جبکہ عوام کی مصروفیت میں کسی قسم کا خلل ڈالنا ویسے بھی نہایت نامناسب ہے کیونکہ اس طرح کوئی بھی کام صحیح طور سے نہیں ہو سکتا جبکہ الیکشن کے شفاف ہونے کا تو ایسے حالات میں سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
امپورٹڈ حکومت نے ملک کو مذاق بنا
کر رکھ دیا ہے: فواد چودھری
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ '' امپورٹڈ حکومت نے ملک کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے‘‘ کیونکہ جب بھی لوگوں کو جی بہلانے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو وہ ملک کے بارے باتیں کر کے محظوظ ہونے لگتے ہیں اور ایک لحاظ سے تو یہ ایک بہت اچھا اور صحت بخش اقدام ہے کیونکہ مہنگائی کے ہاتھوں تنگ اور روتی بسورتی قوم کو اگر کوئی خوش اور شاد ہونے کی گھڑی میسر آ جائے تو اس سے اچھی بات اور کیا ہو سکتی ہے جبکہ اس سے ملک کا ایک مثبت تاثر بھی قائم ہوتا ہے جس کا کریڈٹ بہر حال حکومت کو دینا چاہئے۔ آپ اگلے روزسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان دے رہے تھے۔
عمران خان رویہ بدلیں‘ ورنہ اینٹ کا جواب پتھر ہوگا:رانا ثنا
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ''عمران خان رویہ بدلیں ورنہ اینٹ کا جواب پتھر ہوگا‘‘ کیونکہ اینٹیں کافی مہنگی ہو چکی ہیں اور پتھر کی کوئی قیمت ادا نہیں کرنا پڑتی، اس لیے پتھر ہی کو کام میں لایا جانا مناسب رہے گا جبکہ اینٹ کا استعمال ایک تو فضول خرچی ہوگا اور دوسرا‘اینٹیں استعمال کرنے کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہوگا جبکہ ہم نے ہمیشہ فائدے کیلئے کام کیا ہے اور ویسے بھی انسان ہر کام کسی فائدے ہی کیلئے کرتا ہے، اس لیے یہ مجبوری بھی ہے اور حکومت سے توقع بھی ایسے ہی کاموں کی رکھی جاتی ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں عامر سہیل کی پنجابی شاعری:
کیہ اِملی
بدل چلیے
آ راہ ملیے، تتی سرخ سویر
ڈھیر کوئی اندھیر
بدل چلیے آ سکھ ملیے، کھڑدی فجر کنیر
ساہنواں وچ اجمیر
بدل چلیے ... آ راہ ملیے
راہ ملیے اَج فیر
میں مٹی دا ڈھیر
بدل چلیے دُھپاں جھلیے
کیہ اِملی، کیہ بیر
ڈھیر کوئی اندھیر
٭......٭......٭
سرگی دی تسبیح
سرگی نال سیالا لتھیا
لتھی نیند دی کھل
ہتھ وچ شام لکوہ کے ٹریے
ٹریے اپنے ول
ناں کوئی باتاں پائوندی لالی
ناں موراں دی چھل
گلما پھاڑ وچھوڑا لنگھے
سادھو کوئی حل!
چھڈ دنیا دیاں فکراں کڑیے
کریے اپنی گل!
آج کا مقطع
انکساری میں مرا حکم بھی جاری تھا ظفرؔ
عرض کرتے ہوئے ارشاد بھی خود میں نے کیا

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved