میری خواہش ہے کہ اگلا وزیراعظم
بلاول ہو: آصف زرداری
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ''میری خواہش ہے کہ اگلا وزیراعظم بلاول ہو‘‘ تاکہ عوام کی خدمت میں جو کسر باقی رہ گئی ہے وہ بھی پوری ہو جائے کیونکہ اس کے بغیر ہمارا مشن نامکمل ہے جبکہ وزارتِ خارجہ میں تو سیر سپاٹا ہی بچتا ہے اور حاصل وصول کچھ بھی نہیں ہوتا، اس لیے ہم اسے مکمل طور پر گناہِ بے لذت سمجھتے ہیں جس کی سزا تو ہو سکتی ہے، انعام نام کو بھی نہیں ہے جبکہ وزارتِ عظمیٰ کے بغیر خدمت کے انبار لگانے کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ آپ اگلے روز زرداری ہاؤس نواب شاہ میں زرداری قبیلے سے خطاب کر رہے تھے۔
نواز لیگ عدلیہ کے خلاف منظم
مہم چلا رہی ہے: پرویز الٰہی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ''نواز لیگ اعلیٰ عدلیہ کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے‘‘ اگرچہ ہم اس کے حق میں نہیں ہیں لیکن اصولی طور پر جو کام بھی کیا جائے، منظم طور پر ہی کرنا چاہیے تاکہ کامیابی سے ہمکنار ہوا جا سکے کیونکہ غیر منظم انداز میں شروع کیا گیا کام کبھی کامیاب نہیں ہوتا اور مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا ہے جیسا کہ ہم الیکشن کے معاملے میں منظم طریقے سے کام کر رہے ہیں اور کامیابی کے بھی امیدوار ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں سیاسی رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے۔
الیکشن کسی ایک پارٹی کے کہنے پر نہیں ہو سکتا: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ''الیکشن کسی ایک پارٹی کے کہنے پر نہیں ہو سکتا‘‘ کیونکہ اگر کسی ایک پارٹی کے کہنے پر ہو سکتا تو ہماری پارٹی کے کہنے ہی سے ہو جاتا، حتیٰ کہ خاکسار مختلف پارٹی رہنماؤں کو ملانے اور ایک جگہ بٹھانے کی کوشش کر رہا ہے اس کا بھی کوئی مثبت نتیجہ برآمد ہوتا نظر نہیں آ رہا، نہ ہی میرے سمیت وہ کسی کو اس کا کریڈٹ دینے کو تیار ہیں بلکہ حکومتی اتحاد کو تو مئی چھوڑ‘ کبھی بھی الیکشن کرانا راس نہیں ہے کیونکہ جب بھی الیکشن ہوئے نتیجہ صاف نظر آ رہا ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں چودھری شجاعت حسین سے بات چیت کر رہے تھے۔
مسائل کے باوجود ڈاکوؤں کا
صفایا کریں گے: مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ''مسائل کے باوجود ڈاکوؤں کا صفایا کریں گے‘‘ کیونکہ اصل اور سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ اس کی زد میں اکثر زعما بھی آ جائیں گے اور اگر ایسا کر بھی لیا گیا تو جب پیچھے مُڑ کر دیکھیں گے تو ایک لمبے چوڑے خلا کے علاوہ کچھ نظر نہیں آئے گا اس لیے صفایا کی یہ بات کہنے کی حد تک ہی ممکن ہو سکتی ہے ورنہ پاؤں پر کلہاڑی مارنا کہاں کی دانش مندی ہے۔ آپ اگلے روز سیہون شریف میں آپریشن میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں غلام عباس لغاری اور کشور کمار کے ورثا سے ملاقات کر رہے تھے۔
کوئی غیر آئینی اقدام زیرِ غور نہیں: شاہد خاقان
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ''کوئی غیر آئینی اقدام زیرِ غور نہیں ہے‘‘ کیونکہ اس پر غور کرکے اپنا قیمتی وقت ضائع نہیں کیا جاتا بلکہ ملک کے لیے جب بھی ضروری ا ور مفید ہو‘ یہ کام کر دیا جاتا ہے اور جس کے لیے عاجزانہ کوششیں اپنی جگہ پر ہمیشہ سے موجود ہیں کیونکہ ہر غیر آئینی کام کا دورانیہ کم از کم دس برس تو ہوتا ہی ہے جس دوران ہمیں الیکشن کی تیاری کا بھرپور موقع مل جائے گا جس کے لیے موجودہ صورت حال موافق نہیں ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے معمول کا ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں اقتدار جاوید کی غزل:
دانہ دنکا چگنے والے آ کر جھاٹ نہ ماریں
لفظوں لفظوں چوگ کی تھالی معنوں معنوں ڈاریں
رفتہ رفتہ یاد آ جائیں شب بھر خاص دعائیں
اک میلہ سا برپا کر دیں لال و لال قطاریں
اصلی شکل کے شائق دیکھیں جگمگ روپ سے نیچے
جی کرتا ہے معنٰی سے یہ حرف لباس اتاریں
صبح کاذب جوڑی جوڑی بگلے دریا اتریں
صبح سویرے شاخوں شاخوں چڑیاں پنکھ سنواریں
ایک مقدر والا نگ آ انگوٹھی میں چمکے
ایک سنار سنہری بھٹی بھٹی خیال گزاریں
لال گلاب وجود سے اٹھی ساکن کرتی خوشبو
لعلیں لب سے پھوٹ کے نکلیں سبز کنار بہاریں
تیرے شہر کے روپ سروپ میں شامل ہوتی جائیں
تیرے شہر میں داخل ہوتیں نیلی پیلی کاریں
عکس و عکس نگاہیں کر دے کھیتوں کی ہریالی
چاندی سا دریائی پانی سبز زمرد باریں
کچے کوٹھے کی نرمیلی چھت پر بیٹھیں ناریں
گرما گرم دوپہر کو اتریں ٹھنڈی ٹھار پھواریں
آج کا مطلع
نہ اس کو بھول پائے ہیں نہ ہم نے یاد رکھا ہے
دلِ برباد کو اس طرح سے آباد رکھا ہے
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved