مسائل کا حل مذاکرات سے
ممکن ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''مسائل کا حل مذاکرات سے ممکن ہے‘‘ لیکن پاکستان میں نہیں کیونکہ ہم مسائل غیبی امداد سے حل کرنے کے قائل ہیں اور اس کا طویل تجربہ بھی رکھتے ہیں بلکہ غیبی امداد ہر وقت مسائل حل کرنے کے لیے تیار بھی رہتی ہے اس لیے اس کی موجودگی میں ہمیں مذاکرات جیسے کسی مذاق کی ضرورت ہی نہیں پڑتی، نیز جو نام نہاد مذاکرات ماضی قریب میں کیے گئے وہ بھی اسی لیے ناکام ہو گئے تھے کہ غیبی امداد موجود و میسر تھی، لہٰذا مذاکرات کرنے اور سنجیدگی اپنانے میں وقت ضائع کرنا مناسب نہیں سمجھا۔ آپ اگلے روز پاک ایران سرحد پر ایرانی صدر کے ہمراہ مختلف منصوبوں کا افتتاح کر رہے تھے۔
خان صاحب سے کہا تھا کہ آستین
کے سانپوں کو پہچانیں: فیصل واوڈا
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ''خان صاحب سے کہا تھا آستین کے سانپوں کو پہچانیں‘‘ لیکن انہوں نے اس تجویز پر غور نہیں کیا اور نتیجتاً اب وہ سب پارٹی چھوڑ چھوڑ کر جا رہے ہیں اور جس کی ابتدا اس خاکسار سے ہوئی تھی ، جو لوگ بھی پارٹی چھوڑ کر جا رہے ہیں وہ اُدھر کے رہیں گے نہ اِدھر کے کیونکہ کوئی دوسری جماعت ہلہ شیری دینے کے باوجود اُن پر اعتماد نہیں کرے گی کہ جو اپنی پارٹی کے نہیں رہے وہ کسی دوسرے کے کیا رہیں گے اور وہ بھی باقیوں کی طرح سیاسی ٹاک شوز کی رونق بڑھانے ہی کے کام آئیں گے۔ آپ اگلے روز کراچی سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
عمران خان کی فسطائیت کا بندوبست
کیا جا رہا ہے: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ''عمران کی فسطائیت کا بندوبست کیا جا رہا ہے‘‘ جس کے لیے سوچا ہے کہ ساری فسطائیت کا اکٹھا ہی بندوبست کر دیا جائے تاکہ اس کا بندوبست بھی ساتھ ہی ہو جائے بصورت دیگر وہ دوبارہ بھی کسی وقت سر اٹھا سکتی ہے، اگرچہ یہ بہت مشکل کام ہے لیکن ہم چونکہ مشکل فیصلے کرنے کے عادی ہو چکے ہیں اس لیے یہ فیصلہ کر لیا ہے اگرچہ باقی مشکل فیصلوں کے نتائج توقعات کے برعکس ہی نکلے ہیں اور احتمال یہی ہے کہ اس کا نتیجہ بھی توقعات کے مطابق نہیں نکلے گا۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
پی ٹی آئی مشاورت سے چلتی تو اگلے
دس سال تک اقتدار میں رہتی: چودھری سرور
مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ''پی ٹی آئی مشاورت سے چلتی تو اگلے دس سال تک اقتدار میں رہتی‘‘ لیکن اس نے خاکسار کے مشوروں کو نظر انداز کیا اور حکومت سے ہاتھ دھو بیٹھی جبکہ میرے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے نواز لیگ نے اپنا وزیراعظم بنوا لیا کیونکہ میں تو دونوں فریقوں کو اپنے قیمتی مشوروں سے نوازا کرتا تھا اور اسی وجہ سے مجھے پارٹی اور گورنری سے فارغ بھی کر دیا گیا یعنی نیکی برباد اور گناہ لازم، وگرنہ یہ تو مشوروں پر عمل کرنے والوں کا کام تھا کہ وہ انہیں پذیرائی بخشتے؛ چنانچہ جن لوگوں نے ناچیز کے مشوروں پر عمل کیا وہ سرخرو بھی ہوئے اور موجیں بھی مان رہے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
غلط شخص سے شادی کرنے کے بجائے
بہتر ہے کہ تنہا زندگی گزار لی جائے: نوین وقار
اداکارہ نوین وقار نے کہا ہے کہ ''غلط شخص سے شادی کرنے کے بجائے بہتر ہے کہ تنہا زندگی گزار لی جائے‘‘ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ غلط شخص پہلے پہلے صحیح اور ضرورت سے زیادہ صحیح لگتا ہے اور بعد میں اپنے رنگ دکھانا شروع کرتا ہے؛ تاہم اُس وقت کچھ بھی نہیں کیا جا سکتا اس لیے زندگی کو تنہا گزارنا ہی ایک مثالی فیصلہ ہو سکتا ہے جبکہ تنہا زندگی کے ا پنے ہی مزے ہیں لیکن اس کا اختتام بھی شادی پر نہیں ہونا چاہئے کیونکہ فریقِ ثانی ہمیشہ ہی غلط رہتا ہے اور صحیح ہو ہی نہیں سکتا۔ آپ اگلے روز کراچی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں اس ہفتے کی تازہ غزل:
بکھر کر رہ گئے تھے جابجا ہونے سے پہلے ہی
الگ سے الگ رہے تھے ہم جُدا ہونے سے پہلے ہی
جو پہلا تھا تو مشکل ہی سے پہلا تھا وہاں بھی
سو پیچھے ہٹ گیا ہوں دوسرا ہونے سے پہلے ہی
بہت اچھا ہوا جو وقت پر فارغ ہوئے تھے ہم
حساب اپنا ہوا محشر بپا ہونے سے پہلے ہی
نہیں منزل تھی کوئی سامنے اس بار بھی‘ ورنہ
سفر طے کر لیا تھا راستا ہونے سے پہلے ہی
مرے بھی کچھ مسائل تھے جو رُک جاتا وہاں‘ لیکن
میں آگے بڑھ گیا تھا جمگھٹا ہونے سے پہلے ہی
ہمارے پاس جو تھا چھن چکا تھا‘ اور کیا کہیے
یہ عالم تھا وہاں سے کچھ عطا ہونے سے پہلے ہی
وہ گلیاں کیسی غیر آباد ہیں اور کس قدر خالی
جہاں خیرات ملتی تھی صدا ہونے سے پہلے ہی
ہوا ہے ایسی چلنے کو مضافاتِ محبت میں
یہ پودا سوکھ جائے گا ہرا ہونے سے پہلے ہی
کچھ اپنے منطقی انجام کی جلدی تھی ہم کو بھی
جو ہم فارغ ہوئے کھوٹا کھرا ہونے سے پہلے ہی
آج کا مطلع
آگ کا رشتہ نکل آئے کوئی پانی کے ساتھ
زندہ رہ سکتا ہوں ایسی ہی خوش امکانی کے ساتھ
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved