تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     07-06-2023

سرخیاں، متن اور افضال نوید

خدا ہی ہے‘ جو سب کچھ میرے حق میں
کر رہا ہے: نواز شریف
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ''یہ خدا ہی ہے جو سب کچھ میرے حق میں کر رہا ہے‘‘ حالانکہ دوسروں کی طرح میں بھی بندہ بشر اور خطا کا پتلا ہوں جبکہ میرے جیسے کام کئی دوسروں نے بھی کیے ہوں گے‘ اگر اتنے نہیں تو زیادہ سے زیادہ انیس بیس ہی کا فرق ہو گا، قدرت کسی کو بھی بے تحاشا نواز سکتی ہے، اگر مخالفین سے گلو خلاصی کا سامان ہو رہا ہے تو یہ اس کی خاص مہربانی ہے؛ اگرچہ سب کچھ ملک کے اندر بیٹھے افراد ہی کر رہے ہیں اور قدرت جو کچھ بھی کرتی ہے‘ اپنے بندوں ہی کے ذریعے کرتی ہے۔ آپ اگلے روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
مرد اپنی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے
آگے آئیں: پرویز اشرف
سابق وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ''مرد اپنی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے آگے آئیں‘‘ تاہم جو خواتین پہلے ہی اتنی بااختیار ہیں کہ اپنے شوہروں کی بوقت ضرورت گوشمالی کر لیا کرتی ہیں‘ انہیں مزید بااختیار بنانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اگر انہوں نے مزید بااختیار بننا ہو تو وہ اپنے آپ ہی بن جاتی ہیں؛ اگرچہ اپنی خواتین کو بااختیار بنانے کا ایک مطلب اپنے اختیارات میں کمی اور رن مرید بننا بھی ہوتا ہے اس لیے اس سلسلے میں محتاط رہنا بہتر ہے اور خواہ مخواہ 'آ بیل مجھے مار‘ کی صورتحال پیدا کرنے سے گریز کرنے میں ہی عافیت ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔
مریم نواز کشمیریوں کو جھوٹے وعدوں کے
عوض خریدنا چاہتی ہیں: رئوف حسن
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رئوف حسن نے کہا ہے کہ ''مریم نواز کشمیریوں کو جھوٹے وعدوں کے عوض خریدنا چاہتی ہیں‘‘ اور اصولی طور پر کسی کو جھوٹ کے بجائے سچے وعدوں سے خریدنا چاہیے بھلے وہ وعدے بعد میں پورے نہ ہو سکیں اور جھوٹے ثابت ہو جائیں کیونکہ ہم نے بھی ایسا ہی کیا تھا اور سارے وعدے بعد میں جھوٹے نکلے، لیکن اس میں ہمارا نہیں بلکہ خود وعدوں کا قصور ہے اس لیے اگر جھوٹا وعدہ نیک نیتی سے کیا جائے تو وہ جھوٹا نہیں ہوتا کیونکہ سارا فرق تو نیت کا ہی ہوتا ہے۔ آپ اگلے روز مریم نواز کے خطاب پر اپنے ردِعمل کا اظہار کر رہے تھے۔
نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بن کر
ریکارڈ قائم کریں گے: حنا پرویز
مسلم لیگ نواز کی خواتین ونگ کی آرگنائزر اور سابق رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ ''نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بن کر ریکارڈ قائم کریں گے‘‘ اس کے علاوہ ان کے کئی ریکارڈ ایسے بھی ہیں جنہیں وہ مزید بہتر بنائیں گے‘ صرف ان کے وزیراعظم بننے کی دیر ہے اور تمام ریکارڈ خود ہی ٹوٹتے چلے جائیں گے اور خود انہیں کچھ بھی نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ اگر کاموں کا میکانزم پہلے سے ہی موجود ہے تو وہ ان کے وزیراعظم بنتے ہی اپنا کام شروع کر دے گا اور دنیا دیکھتی کی دیکھتی رہ جائے گی۔
ایں کار از تو آید و مرداں چنیں کند
آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔
میں کبھی خواتین پہ فریفتہ نہیں رہا: جاوید شیخ
پاکستان کے لیجنڈ اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ ''میں کبھی خواتین پہ فریفتہ نہیں رہا‘‘ کیونکہ متعدد خواتین خود ہی میری فین تھیں سو مجھے فریفتہ ہونے کی کیا ضرورت تھی، نہ میرے پاس اس کی فرصت ہی تھی کیونکہ اگر ضرورت سے زیادہ جھمیلوں میں الجھ جائیں تو پھر آپ اور کسی کام کے نہیں رہتے؛ البتہ خوش اخلاقی کا تقاضا یہ ہے کہ آپ زیادہ سے زیادہ وقت ان کو دیں ورنہ ان کی تعداد کم ہو کر آپ کے لیے باعثِ پریشانی بن سکتی ہے اور کوئی آدمی اپنے لیے خواہ مخواہ کی پریشانی لینے کو تیار نہیں ہوتا۔ آپ اگلے روز اپنے شوبز امیج کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں افضال نوید کی غزل:
جامِ خالی کے دکھاتے ہی بھری آتی ہے
چاندنی دستِ حنائی پہ دھری آتی ہے
خالی کب کُو سے ترے دربدری آتی ہے
سر نہیں آتا تو آشفتہ سری آتی ہے
چھان بین ایسی کہ کچھ دیکھے والا نہ رہے
دیکھتے رہنے سے ہی کم نظری آتی ہے
ساتھ کے ساتھ گرہ ڈالنے سے کھلتا ہے ہاتھ
دیر ہونے پہ کہاں بخیہ گری آتی ہے
یعنی گنجائشِ نظارہ نکل آنے تلک
خود سے گزرو تو حدِ خود نِگری آتی ہے
داغ لے آئیں جو ہوں سوختہ سامانِ چراغ
باغ میں جائیں جنہیں دیدہ وری آتی ہے
حیلۂ مد و جزر چوبِ سفینہ میں جو ہو
ایک سے ایک یہاں خشکی تری آتی ہے
شہرِ یخ بستگی میں برف بھی کچھ کم تو نہیں
راستے میں یہی بچھنے کو دری آتی ہے
کھینچ کر آہ بھی لاتی نہیں تاثیر کوئی
دیکھیے باد کو کب نامہ بری آتی ہے
خواب بکھرے ہوئے ہونگے ابھی اُس چھت پہ مرے
آنکھ لگتے ہی جہاں سبز پری آتی ہے
چھوڑ کر آیا ہوا ہوں میں ادھورا کوئی کام
جِس کی تکمیل لیے بے خبری آتی ہے
ہم جو بنیاد کے ہیں بے سر و سامان نویدؔ
یاں ہنر آتا نہیں بے ہنری آتی ہے
آج کا مقطع
مسکراتے ہوئے ملتا ہوں کسی سے جو ظفرؔ
صاف پہچان لیا جاتا ہوں رویا ہوا میں

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved