تحریر : ظفر اقبال تاریخ اشاعت     26-06-2023

سرخیاں ، متن اور اوکاڑہ سے مسعود احمد

آئی ایم ایف مان گیا‘ باضابطہ
اعلان جلد متوقع ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''آئی ایم ایف مان گیا‘ باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے‘‘ اور جس کا مطلب یہ ہے کہ میری درخواست پر قوم کی دعائیں منظور ہو گئی ہیں جبکہ قوم کی دعائیں قبول ہونا اچنبھے کی بات ہے اگرچہ وہ ساری کارروائیاں قوم نہیں بلکہ لیڈروں کی تھیں کیونکہ قوم تو صرف بے بسی سے دیکھتی رہتی ہے کہ کیا ہو رہا ہے بہرحال اب قوم کی اصل دعا کا وقت بھی آ گیا ہے کہ ہمیں انتخابات میں کامیابی نصیب ہو اور قوم کا خلوص اسی ایک بات سے ہی ظاہر ہے کہ وہ یہ دُعا اپنے لیے نہیں بلکہ اپنے مفادات کے سراسر خلاف مانگے گی۔ آپ اگلے روز لندن سے روانگی سے پہلے اہم اعلان کر رہے تھے۔
(ن) لیگ الیکشن کی تاخیر میں
دلچسپی نہیں رکھتی: جاوید لطیف
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ''(ن) لیگ الیکشن کی تاخیر میں دلچسپی نہیں رکھتی‘‘ کیونکہ اس کی دلچسپی انتخابات کے نہ ہونے میں ہے جبکہ وہ صورت حال کو اچھی طرح سمجھتی ہے کہ انتخابات کا انعقاد جڑوں ہی میں بیٹھ جائے گا کیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ ہمارے مخالفین کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے اور ہم آ بیل مجھے مار کے قائل نہیں کیونکہ بیل ہمیں اپنے سینگوں پر اٹھانے کے لیے بالکل تیار نظر آتا ہے۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی مستقبل کے
الطاف حسین ہوں گے: فردوس عاشق
پی ٹی آئی کی سابق رہنما اور استحکام پاکستان پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ''چیئرمین پی ٹی آئی مستقبل کے الطاف حسین ہوں گے‘‘ اور اس کا اندازہ مجھے اپنی صورت حال سے بھی ہوا ہے کیونکہ ہماری لیڈر شپ بھی اسی انجام سے دوچار ہونے والی ہے جس کا اندازہ مجھے پہلے نہیں تھا اور اس پارٹی میں شمولیت کے بعد ہی ہوا ہے کیونکہ ان حضرات کا حال بھی پی ٹی آئی کے منحرف رہنماؤں سے مختلف نہیں ہے جو اُس جماعت کے اصل علم برداروں میں شامل تھے اور جن کے ضمیر اب کئی سال بعد جاگے ہیں۔ آپ اگلے روز لاہور میں بیان جاری کر رہی تھیں۔
روٹی‘ کپڑا اور مکان ہمارا
منشور ہے: بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''روٹی‘ کپڑا اور مکان ہمارا منشور ہے‘‘ اور یہ ہمیشہ ہی رہے گا کیونکہ جب تک عوام کو یہ چیزیں میسر نہیں آتیں‘ یہ بدستور ہمارا منشور رہے گا کیونکہ ہم اسے چھوڑ بھی نہیں سکتے کہ اس دعوے پر ہم عوام سے ووٹ حاصل کرتے ہیں اگرچہ عوام ہمیں اچھی طرح سے جان گئے ہیں‘ انہیں ہمارے وعدوں پر یقین کرنے کی عادت بھی پڑ چکی ہے اس طرح کم از کم سندھ کی حد تک ہمیں بھی ان کی عادت پڑ چکی ہے۔ آپ اگلے روز مختلف علاقوں کے رہنماؤں سے ملاقات کر رہے تھے۔
کسی پراجیکٹ میں میرے معیار کے
مطابق آفر ہوئی تو کام کروں گی: میرا
سینئر اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ ''کسی پراجیکٹ میں میرے معیار کے مطابق آفر ہوئی تو کام کروں گی‘‘ کیونکہ میں اب شوخ اور چنچل کردار ادا نہیں کر سکتی جبکہ ویسے بھی ایک اداکار کو اس کی عمر کا لحاظ رکھتے ہوئے کوئی کردار دینا چاہیے بصورت دیگر یہ اس کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے اور میں عمر کے اس حصے میں اپنا مذاق اڑوانے کے لیے ہرگز تیار نہیں ہوں کیونکہ گزشتہ بیس پچیس سال سے میں نے ایسے کردار ادا کرنا چھوڑ رکھے ہیں اور تب بھی صرف پروڈیوسر کے اصرار پر اور اپنی طبع پر قابو پاتے ہوئے یہ کردار ادا کئے تھے جن پر بعد میں پشیماں بھی بہت تھی کہ یہ میں نے کیا کر دیا۔ آپ اگلے روز ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہی تھیں۔
اور اب آخر میں اوکاڑہ سے مسعودا حمد کی غزل:
کڑی شرطوں پہ جیسے گھر لیا ہے
بدن میں نے کرایے پر لیا ہے
یقیں آیا مری دیوانگی پر
پھر اس نے ہاتھ میں پتھر لیا ہے
پرندوں کی نظر سے گر گیا ہوں
مزہ کیا آسماں چھو کر لیا ہے
کریں کیا اور اب ان آنسوؤں کا
سمندر تھا سمندر بھر لیا ہے
ہمارا سر لیا شوریدگی نے
چراغوں کو ہوا نے دھر لیا ہے
یقیناً جھوٹ کی نیت ہے اس کی
قسم کھائی ہے کلمہ بھر لیا ہے
مجھے ڈرنا نہیں ہے اب کسی سے
جو ڈرنا تھا وہ خود سے ڈر لیا ہے
کوئی جلتا دیا تھا طاقچے میں
وہ جس کا تیرگی نے سرلیا ہے
عود آ تی ہے پھر مرنے کی خواہش
ہزاروں بار تم پہ مر لیا ہے
آج کا مطلع
بجلی گری ہے کل کسی اجڑے مکان پر
رونے لگوں کہ ہنس پڑوں اس داستان پر

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved