نواز‘ زرداری ملاقات میں
کوئی حرج نہیں: نیر بخاری
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نیّر بخاری نے کہا ہے کہ ''نواز‘ زرداری ملاقات میں کوئی حرج نہیں‘‘ کیونکہ وہ زیادہ سے زیادہ کوئی نئی منصوبہ سازی ہی کریں گے جبکہ سیاست کا تو نام ہی منصوبہ سازیوں کا ہے اور یہ اکثر عوام کے خلاف ہی ہوتی ہیں اور عوام اب اس کے عادی بھی ہو چکے ہیں اس لیے ان دونوں کی ملاقات پر کسی کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور مخالفین کے ووٹ بینک کا خاتمہ کرنے کے لیے یہ ملاقات اور بھی ضروری ہو گئی ہے اور امیدِ واثق ہے کہ یہ حضرات اس میں ضرور کامیاب ہوں گے، جبکہ اصل کام تو زرداری صاحب ہی کا ہوگا جو ان معاملات میں خاص مہارت رکھتے ہیں‘ اور ان کا کریڈٹ بھی لیتے رہے ہیں۔ آپ اگلے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
آئندہ وزیراعظم بلاول ہوں گے: آصفہ بھٹو
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''آئندہ وزیراعظم بلاول ہوں گے‘‘اور میں اس سے قوم کو بروقت آگاہ کر رہی ہوں جبکہ بلاول کے وزیراعظم بننے کے بعد اصل وزیراعظم زرداری صاحب ہی ہوں گے جبکہ وزارتِ خارجہ بھی وہی چلاتے ہیں۔ اور اب تک اس حوالے سے جتنے بیانات دیے جا چکے ہیں‘ ان کا مقصد یہی ہے کہ عوام کو بروقت آگاہ کر دیا جائے تاکہ
پھر نہ کہنا ہمیں خبر نہ ہوئی
کے مصداق وہ اپنا بروقت بندوبست کر لیں۔ آپ اگلے روز پارٹی کے خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری اور دیگران سے ملاقات کر رہی تھیں۔
تاحیات نااہلی کو ختم کرکے پارلیمنٹ
نے اپنے آپ کو منوایا: فردوس عاشق
مرکزی جنرل سیکرٹری پاکستان استحکام پارٹی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ''تا حیات نااہلی کی سزا ختم کرکے پارلیمنٹ نے اپنے آپ کو منوایا‘‘ جس سے ہمارا مقصد بھی سیدھا ہوتا نظر آتا ہے کہ اب ترین صاحب بھی الیکشن لڑ سکیں گے۔ اگرچہ ہم نے بہت سمجھایا کہ اب تک پارٹی کی کچھ خاص پذیرائی نہیں ہوئی جبکہ پی ٹی آئی کا ووٹ بینک بھی وہیں کا وہیں کھڑا ہے اور جو بچے کھچے چند ووٹر تھے‘ وہ بھی اس کے ہمنوا ہوتے جا رہے ہیں لہٰذا اس سیاسی ایڈونچر سے باز رہنا چاہیے لیکن اگر کوئی اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنے پر مصر ہو تو کیا کریں اور وہ جو کہتے ہیں کہ اگر کلہاڑی موجود ہے تو اسے کہیں نہ کہیں مارنا ہی چاہئے۔ آپ اگلے روز ٹویٹر پر ایک بیان جاری کر رہی تھیں۔
کراچی کی ترقی میں بڑی رکاوٹ
منفی سوچ کو ختم کردیا ہے: مرتضیٰ وہاب
نو منتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ''کراچی کی ترقی میں بڑی رکاوٹ‘ منفی سوچ کو ختم کر دیا ہے‘‘ اور یہ سوچ منتخب نمائندوں کو ان کے حال پر چھوڑ دینا تھی؛ چنانچہ ان پر مختلف حربے آزمائے گئے جن میں الیکشن ہال میں نہ پہنچنے ہی پر اتفاق کیا گیا کیونکہ ان کے جاگے ہوئے ضمیروں کا بھی یہی تقاضا تھا جبکہ ان کے کئی درپردہ مطالبات بھی پورے کر دیے گئے؛ چنانچہ ترقی میں رکاوٹ اس منفی سوچ کے ختم ہوتے ہی کراچی نے ترقی کے میدان میں چھلانگیں لگانا شروع کر دی ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں بھی کامیابی کیلئے بھی ہمارے پاس کئی ایسے نسخہ ہائے کیمیا موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر ہم کایا پلٹ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔آپ اگلے روز کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
خواتین کی ایکشن فلمیں بھی
بنانی چاہئیں: مہوش حیات
اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ ''خواتین کی ایکشن فلمیں بھی بنانی چاہئیں‘‘ کیونکہ خواتین ایکشن میں جدید مہارت رکھتی ہیں اور جس کا اظہار وہ آئے دن اپنے خاوندوں پر بھی کرتی رہتی ہیں اور اس سے ان کے فن کو چار چاند لگ سکتے ہیں ورنہ بیکار بیٹھنے سے ان کی یہ اہلیت روز بروز ختم ہوتی جائے گی جبکہ ایکشن بھی تو ویسے بھی ان کا محبوب مشغلہ ہے جبکہ فلموں میں کام کرنے سے ان کی یہ اہلیت دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گی جبکہ ہر ہیروئن کی گھر میں یہ مشقِ ناز جاری رہتی ہے، بصورتِ دیگر وہ سستی اور کاہلی کا بھی شکار ہو سکتی ہیں جو ایک قومی نقصان ہوگا۔ آپ اگلے روز لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔
اور‘ اب آخر میں عثمان ناظر کا کلام:
مکان ہی مکان رہ گئے ہیں گھر نہیں رہا
میں جس کی گود میں پلا تھا وہ شجر نہیں رہا
میں چاہتا تو ہوں کہ زندگی تمہارے نام ہو
ابھی مگر میں اس پہ کوئی کام کر نہیں رہا
کل آندھیوں کے درمیاں یہ بات زیرِبحث تھی
کہ ایک عام سا دیا ہوا سے ڈر نہیں رہا
نہ جانے کیوں وہ پہلے پہلے والی شدتیں نہیں
میں تجھ کو چاہ تو رہا ہوں‘ تجھ پہ مر نہیں رہا
٭......٭......٭
آنکھیں اندھی ہوجاتی ہیں چہرے پھیکے ہوجاتے ہیں
کیسے کیسے گال گلابی‘یکسر پیلے ہو جاتے ہیں
روٹی کچی عمر میں ان کے سارے خواب چبا لیتی ہے
ہم جیسے لوگوں کے بچّے جلدی بوڑھے ہوجاتے ہیں
سانس کی سیڑھی چڑھتے چڑھتے ہانپنے لگتی ہیں امیدیں
ارماں سارے دھیرے دھیرے ٹکڑے ٹکڑے ہوجاتے ہیں
تیرے شہر میں ہم جیسے لوگوں کا رہنا ناممکن ہے
سو ہم نے یہ سوچ لیا ہے تیرے جیسے ہو جاتے ہیں
ہاں! ہر ایک کو ہونا ہوتا ہے منزل کی سمت روانہ
ہائے! ایسے لوگ جو اپنے وقت سے پہلے ہوجاتے ہیں
سورج سر پر ہو تو اپنا سایہ بھی چھن جاتا ہے پر
وقت گزر جائے تو سارے سائے دگنے ہوجاتے ہیں
آج کا مقطع
یہ معجزے سے کوئی کم نہیں ظفرؔ اپنا
جو کام اس بتِ چالاک سے نکلتا ہے
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved