نوجوان قوم کا مستقبل‘ ان پر سرمایہ کاری
سے بڑھ کر کچھ نہیں: وزیراعظم
وزیراعظم میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ''نوجوان قوم کا مستقبل ہیں‘ ان پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کچھ نہیں‘‘ چنانچہ جو بوڑھے نہیں ہیں‘ نوجوان ہونے کا دعویٰ کر سکتے ہیں جن میں خاکسار بھی شامل ہے اس لیے مجھ پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کچھ نہیں ہو سکتا چنانچہ مجھ پر سرمایہ کاری کرنے کیلئے جلد از جلد سرمایے کا بندوبست کیا جائے تاکہ قوم کا مستقبل زیادہ سے زیادہ محفوظ ہو سکے جبکہ جو سرمایہ کاری اس سے پہلے مجھ پر ہو چکی ہے‘ اس میں قوم کا کوئی عمل دخل نہیں بلکہ یہ کرشمہ میں نے اپنے آپ ہی کر دکھایا تھا اور اب مزید سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے اور اگر قوم کو اپنا مستقبل عزیز ہے تو اسے یہ کام فوراً کر لینا چاہیے۔ آپ اگلے روز یوتھ لیپ ٹاپ تقسیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
سی پیک میں ہر ملک شرکت کر سکتاہے
‘ حکومت کو 5سال ملنے چاہئیں: احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ''سی پیک میں ہر ملک شرکت کر سکتا ہے‘ حکومت کو 5سال ملنے چاہئیں‘‘ کیونکہ سیاسی ماحول ساز گار ہونے کی وجہ انتخابات کا دور دور تک کوئی امکان نظر نہیں آ رہا جبکہ ان پانچ سالوں میں راستے کے تمام کانٹے ختم کر دیے جائیں گے اور تبھی انتخابات ہو سکیں گے اور اس نیک کام کیلئے پانچ سال کافی ہوں گے‘ اس وقت تک میاں نوازشریف بھی وطن واپس آ جائیں گے جبکہ ان کے ڈاکٹر نے بھی کہا ہے کہ انہیں مکمل طور پر صحت یاب ہونے کیلئے کم از کم پانچ سال کا عرصہ درکار ہوگا جبکہ قوموں کی زندگی میں پانچ سال کی مدت کوئی زیادہ نہیں ہے اور وہ چٹکی بجانے میں گزر جاتے ہیں۔ آپ اگلے روز سی پیک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔
نوازشریف کی نااہلی کے پانچ سال
پورے ہو چکے ہیں: عطا تارڑ
وزیراعظم شہبازشریف کے معاونِ خصوصی عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ''نوازشریف کی نااہلی کے پانچ سال پورے ہو چکے ہیں‘‘ اگرچہ یہ نااہلی عمر بھر کیلئے تھی لیکن جس طرح یہ پانچ سال پورے ہوئے ہیں باقی سال بھی اسی طرح پورے ہو جائیں گے جبکہ وہ اپنی لمبی عمر تو ویسے بھی گزار ہی رہے ہیں جس پر قوم جتنا بھی فخر کرے کم ہے اور اگر کبھی ملک میں الیکشن ہوئے تو وہ لندن سے ہی شمولیت کیا کریں گے کیونکہ اگر وہ باقی سارے کام لندن سے کر رہے ہیں تو یہ ان کیلئے کون سا مشکل ہوگا جبکہ انہیں لندن میں مستقل طور پر رہنے کی عادت بھی پڑ چکی ہے اور عادتیں بقول شخصے ہمیشہ ساتھ رہتی ہیں‘ اس لیے امید ہے کہ وہ اپنی نااہلی کے بقایا سال بھی خوش و خرم رہ کر گزار لیں گے اور اسی طرح قوم کے دلوں میں دھڑکتے رہیں گے کیونکہ انہیں اس کی بھی عادت پڑ چکی ہے۔ آپ اگلے روزاسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
عمر بڑھنے کے ساتھ مجھ پر ہونے
والی تنقید کم ہوئی: امیتابھ بچن
بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ ''عمر بڑھنے کے ساتھ مجھ پر ہونے والی تنقید میں کمی آئی‘‘ جبکہ بزرگی آپ کو بہت سے معاملات میں بچائو کیلئے بہت مدد گار ثابت ہوتی ہے‘ اگرچہ میں نوجوان ہیروئنوں کے ساتھ کام کرنے کا اب بھی کوئی موقع ضائع نہیں کرتا جو میں زیادہ تر اپنی بہو ایشوریا رائے کے ساتھ کرتا ہوں کیونکہ یہ ہمارا گھر کا معاملہ ہے‘ اس میں کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ نیز ایسا کرنے سے ویسے بھی اپنے آپ کو جوان محسوس کرتا ہوں‘ تاہم مجھے خوشی ہے کہ اب جوں جوں عمر کے آخری حصے میں پہنچ رہا ہوں‘ مجھ پر تنقید کم ہو رہی ہے۔ اس لیے میں بوڑھا بھی ہوں اور جوان بھی۔ آپ اگلے روز اپنی ایک تحریر شیئر کر رہے تھے۔
ادب سے خصوصی لگائو ہے‘ شاعری
بھی کرتی ہوں: ریشم
اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ ''مجھے ادب سے خصوصی لگائو ہے‘ شاعری بھی کرتی ہوں‘‘ اس لیے جو جو ہیروئنیں بزرگی اختیار کر چکی ہوں‘ انہیں میرا مشورہ ہے کہ ادب سے خصوصی لگائو پیدا کریں اور شاعری بھی کریں کیونکہ اگر اداکارائیں اداکاری کرنے کے قابل نہ رہیں تو انہیں اسی طرف آنا چاہیے جبکہ شاعری بھی کوئی زیادہ مشکل کام نہیں ہے‘ اگرچہ میری شاعری کو شاعر لوگ شاعری تسلیم نہیں کرتے لیکن وہ حسد کی وجہ سے ایسا کرتے ہیں چنانچہ مجھے کوئی چھوٹا موٹا ایوارڈ بھی دیا جا سکتا ہے جسے میں قبول کر لوں گی جبکہ بہت جلد میرا دیوان بھی شائع ہونے والا ہے اور ادبی دنیا کو خبردار کرنے کیلئے یہی کافی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں ایک انٹرویو دے رہی تھیں۔
اور اب آخر میں اوکاڑہ سے مسعود احمد کی غزل
سفیدی کو سیاہی کھا گئی ہے
ہمیں تو بادشاہی کھا گئی ہے
سڑک راہِ عدم کو جانے والی
ابھی تک کتنے راہی کھا گئی ہے
مسلسل جنگ یہ دونوں طرف سے
بہت سارے سپاہی کھا گئی ہے
صلہ ملنا تو تھا سچ بولنے کا
ہمیں جھوٹی گواہی کھا گئی ہے
گناہ گاروں سے کیا شکوہ شکایت
ہمیں تو بے گنا ہی کھا گئی ہے
تلاطم ہی تلاطم پانیوں کا
کناروں کو تباہی کھا گئی ہے
یہ مسندِ تخت پر بیٹھے بٹھائے
کئی ظلِ الٰہی کھا گئی ہے
ہم ایسے زیر دستوں کا مقدر
تمہاری سر براہی کھا گئی ہے
ہم ایسے سیدھے سادے سادھوؤں کو
تمہاری کج کلاہی کھا گئی ہے
آج کا مطلع
الزام ایک یہ بھی اٹھا لینا چاہیے
اس شہر بے اماں کو بچا لینا چاہیے
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved