تاجر کالی بھیڑوں کا سوشل
بائیکاٹ کریں: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ''تاجر کالی بھیڑوں کا سوشل بائیکاٹ کریں‘‘ تاہم انہیں اس سلسلے میں خاصی احتیاط سے کام لینا ہوگا کیونکہ ان میں سے اکثر ایوانِ اقتدار سے تعلق رکھ سکتی ہیں، اگرچہ ساری کالی بھیڑیں ایک جیسی ہی ہو تی ہیں اور ان کو ایک دوسری سے علیحدہ کرنا خاصا مشکل کام ہے لیکن ایک نشانی یہ بھی ہے کہ کچھ کالی بھیڑیں کچھ زیادہ ہی کالی ہوتی ہیں کیونکہ کچھ تو وہ قدرتی طور پرکالی ہوتی ہیں اور کچھ کالے کارناموں کی وجہ سے، اور انہیں آسانی سے شناخت کیا جا سکتا ہے؛ تاہم بھیڑ چال کی وجہ سے یہ سب ایک ہی جیسی ہوتی ہیں‘ اس لیے اس سلسلے میں خاصی احتیاط روا رکھنے کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ اگلے روز لاہور میں نگران وزیراعظم کے حوالے سے تبادلۂ خیال کر رہے تھے۔
عون چودھری اور نعمان لنگڑیال کابینہ
ہی میں رہیں گے: جہانگیر ترین
استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ''عون چودھری اور نعمان لنگڑیال کابینہ ہی میں رہیں گے‘‘ کیونکہ اس کے بعد کابینہ میں بیٹھنا ممکن نظر نہیں آتا جبکہ مسلم لیگ (ن) نے بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے سے انکار کر دیا ہے اور ا ب اکیلے ہی اپنی جان پر کھیلنا ہوگا؛ تاہم پیپلز پارٹی کی طرف سے اس سلسلے میں امید کی ایک کرن نظر آئی ہے جس سے دو‘ چار سیٹیں تو جیت ہی لیں گے اور اس کے بعد کابینہ میں بیٹھنے کا موقع بھی مل سکتا ہے۔ آپ اگلے روز اسلام آباد سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
باقی صرف باتیں‘کام پیپلز پارٹی
کرتی ہے: بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ''باقی صرف باتیں‘کام پیپلز پارٹی کرتی ہے‘‘ اور چونکہ اسے کام صرف ایک ہی آتا ہے؛ عوامی خدمت‘ اس لیے وہ اپنی توجہ اسی پر مرکوز رکھتی ہے اور سو فیصد نتائج بھی حاصل کرتی ہے جس کے ثبوت اور شواہد ادھر اُدھر پھیلے اور بکھرے ہوئے نظر بھی آتے ہیں اور پارٹی کا ڈنکا بھی اسی ایک کام کی وجہ سے ساری دنیا میں بج رہا ہے اور تجربے میں بھی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے‘ بس اب ہماری حکومت آنے کی دیر ہے۔ اور عوامی خدمت کے اس کام کے حوالے سے ہمیں کچھ نہیں کرنا پڑتا اور سارا کام اپنے آپ ہی شروع ہو جاتا ہے اور جس پر کئی بار خود بھی حیران رہ جاتے ہیں۔ آپ اگلے روز دھابیجی سپیشل اکنامک زون کا افتتاح کر رہے تھے۔
شجاعت‘ پرویز الٰہی ملاقات میں تمام
معاملات طے ہو چکے ہیں: شافع حسین
مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ ''شجاعت‘ پرویز الٰہی ملاقات میں تمام معاملات طے ہو چکے ہیں‘‘ چودھری پرویز الٰہی کی رضامندی کے بعد جس کا اعلان کردیا جائے گا اور امید ہے کہ اس کا اعلان وہ پریس کانفرنس میں کریں گے کیونکہ جس جس کا بھی ضمیر جاگتا ہے وہ فوراً پریس کانفرنس ہی کا رخ کرتا ہے جبکہ انہیں صاف طور پر بتا دیا گیا ہے کہ بصورتِ دیگران کے باہر آنے کے امکانات نہیں ہیں جبکہ سیاسی مستقبل پر بھی بے یقینی کے بادل منڈلاتے رہیں گے اس لیے بہتر یہی ہے کہ پریس کانفرنس کی تیاری کریں ع
ہم نیک و بد حضور کو سمجھائے دیتے ہیں
آپ اگلے روز لاہور سے ایک بیان جاری کر رہے تھے۔
مسلم لیگ (ن) انتخابات سے بالکل
نہیں گھبرا رہی: سیف الملوک
مسلم لیگ (ن) ضلع لاہور کے صدر اور سابق رکن صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ ''مسلم لیگ (ن) انتخابات سے بالکل نہیں گھبرا رہی‘‘ بلکہ صرف اس کے متوقع نتائج سے گھبرا رہی ہے اور انتخابات تو اب تک ہو جانے چاہئیں تھے اور جوں جوں ان میں تاخیر ہوتی جا رہی ہے‘ مخالفین کے ووٹ بینک میں توں توں اضافہ ہی ہو رہا ہے؛ تاہم اب اتنا وقت گزر چکا ہے کہ گھبرانے کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہے، اگرچہ یہ کرشموں کا دور نہیں ہے؛ تاہم کوئی کرشمہ ہی صورتِ حال کو تبدیل کر سکتا ہے ورنہ تو بچت کی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی ۔ آپ اگلے روز نصیر آباد میں ایک پارٹی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اور‘ اب آخر میں اوکاڑہ سے مسعود احمد کی غزل:
رفتہ رفتہ رخ ہے قبرستانوں کا
بستی میں کیا مصرف ہے انسانوں کا
شہر میں بھی اک ساتھ اکٹھے آئے ہیں
کیسا ساتھ ہے وحشت اور ویرانوں کا
فرزانوں نے اس میں ڈیرے ڈال دیے
وہ جنگل جو جنگل تھا دیوانوں کا
رفتہ رفتہ ہم ہی باہر آ گئے ہیں
گھر کے اندر ڈیرہ ہے مہمانوں کا
ایک سے بڑھ کر ایک یہاں پر بیٹھا ہے
چل نکلا ہے دھندہ پاگل خانوں کا
آ نے والی نسلیں گروی رکھی ہیں
ہم پر قرض ہے اب بھی کئی زمانوں کا
ہونا ہی تھا یہ کندھے ا چکانے سے
سر پر آ یا بوجھ ہمارے شانوں کا
کوسوں تک ہے شانت سمندر اندر سے
ساحل پر ہے ڈیرہ کن طوفانوں کا
آج کا مطلع
کوئی کنایہ کہیں اور بات کرتے ہوئے
کوئی اشارہ ذرا دور سے گزرتے ہوئے
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved